22 اگست 2026
رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی
اسلام آباد: راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں واقع عسکری اپارٹمنٹس میں 45 سالہ خاتون حنا جاوید کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی فہد جاوید اختر کی تحریری درخواست پر تھانہ سول لائن میں مقدمہ دفعہ 302/34 PPC کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کی تفصیلا ت کے مطابق مقتولہ حنا جاوید کی شادی نومبر 2025ء (تقریباً نو ماہ قبل) میں فیصل اصغر سے ہوئی تھی۔
مدعیِ مقدمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ 20 اگست 2026ء کی صبح تقریباً 5:30 بجے مقتولہ کے سسر ریٹایرڈ کرنل اصغر علی نے فون کر کے اطلاع دی کہ، ”ایمرجنسی ہے تم لوگ جلدی پہنچو“۔
مدعی کے مطابق اطلاع ملتے ہی جب بھائی اور رشتہ دار صبح 7:23 بجے لال کرتی میں واقع اپنے بہن کے گھر پہنچے تو بہن حنا جاوید کی لاش باتھ روم کے فرش پر پڑی ہوئی ملی۔
ایف آئی آر کے مطابق، معائنے کے دوران لاش کے دونوں ہاتھ پیچھے کی جانب کپڑے سے کس کر بندھے ہوئے تھے، منہ پر کپڑا بندھا تھا اور گلے میں برقی تار کا پھندا لگا ہوا تھا۔ مقتولہ کے منہ اور ناک سے خون اور جھاگ نکل رہا تھا۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے مبینہ قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی، اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ تشدد اور گلا گھونٹنے سے قبل مقتولہ کو کوئی زہریلا مادہ کھلایا گیا تھا۔
سول لائن پولیس کے افسر محمد عارف نے وائس پی کے کو بتایا کہ ،”مقدمہ درج ہوتے ہی پولیس اور فارنزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام سائنسی شواہد، اور کپڑے، قبضے میں لے کر مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان کو موقع سے گرفتار کر کے حراست میں لے لیا ہے۔ جن سے تفتیش جاری ہے“۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کروا لیا گیا ہے اور زہر یا دیگر عوامل کی تصدیق کے لیے فارنزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، نامزد ملزم فیصل اصغر کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس کی پہلی بیوی بھی اس کے مبینہ تشدد اور اذیت ناک رویے کے باعث طلاق حاصل کر چکی تھی۔ مقتولہ کے بھائی کے مطابق ملزم شادی کے بعد سے حنا جاوید کو بھی مسلسل جسمانی اور ذہنی اذیتیں دیتا رہا تھا۔
مقتولہ کے خاندان نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقدمے میں نامزد سسر اصغر علی بھی اس واقعے میں برابر کا ملزم ہے، اس کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
سول لائن پولیس افسر محمد عارف نے وائس پی کے کو مزید بتایا کہ ”وہ مفرور ہے اور ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ اسکی گرفتاری کے لیے پولیس کوشش کر رہی ہے“۔