12 اگست 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی
کراچی میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے لیے منارٹی مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس کی اس سال کی تھیم “یاد رکھا جائے گا” رکھی گئی۔ منتظمین کے مطابق اس تھیم کا مقصد یہ یاد دلانا تھا کہ پاکستان کے بانی قائدِاعظم محمد علی جناح نے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں کیا مؤقف اختیار کیا تھا، ملک میں اقلیتوں کے ساتھ اب تک کیا سلوک ہوتا رہا ہے، اور آج انہیں کن مسائل کا سامنا ہے۔
مارچ میں مذہبی اقلیتی برادریوں کے افراد کے ساتھ مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکا میں معروف آرٹسٹ اور سماجی کارکن شیما کرمانی، سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی، مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندے، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔
مارچ کے دوران تقاریر کے علاوہ کتھک رقص بھی پیش کیا گیا، جبکہ حبیب جالب اور فیض احمد فیض جیسے انقلابی شعرا کا کلام بھی سنایا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 مطالبات پیش کیے۔
پیش کیے گئے مطالبات
– سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے تعلیمی نصاب اور نصابی کتب میں اصلاحات کی جائیں تاکہ امتیازی اور نفرت انگیز مواد کا خاتمہ ہو
– آئین اور دیگر متعلقہ قوانین میں ترمیم کر کے “غیر مسلم” کی اصطلاح حذف کی جائے اور اس کی جگہ متعلقہ مذہبی شناخت کو تسلیم کرنے والی زبان اختیار کی جائے
– جبری تبدیلیِ مذہب کو جرم قرار دیا جائے
– اقلیتی برادریوں کی مشترکہ املاک اور عبادت گاہوں کو غیر قانونی قبضے سے تحفظ دیا جائے، اور جن جائیدادوں پر قبضہ یا بے حرمتی ہو چکی ہے انہیں واپس اور بحال کیا جائے
– سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2014 کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے آزاد، خودمختار اور بااختیار قومی و صوبائی اقلیتی حقوق کمیشن قائم کیے جائیں
– مذہبی اقلیتوں کو مساوی و بااختیار نمائندگی سمیت برابر کے شہری حقوق دیے جائیں
“قائدِاعظم کے اصولوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے”
مارچ کی آرگنائزر شیما کرمانی نے کہا کہ قائدِاعظم نے پاکستان کے لیے جو اصول اور پیغام دیا تھا، اس پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ ان کے بقول 11 اگست کا دن اس لیے بھی اہم ہے کہ اسی روز قائدِاعظم نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اپنا تاریخی خطاب کیا تھا، مگر افسوس کہ 79 برس گزرنے کے باوجود مذہبی اقلیتیں آج بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
شیما کرمانی کے مطابق قائدِاعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں ہر شہری کو برابری کے حقوق حاصل ہوں گے اور نسل، مذہب یا ذات کی بنیاد پر کوئی امتیاز روا نہیں رکھا جائے گا، لیکن اس اصول پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے بتایا کہ مذہبی اقلیتوں کے افراد پر جھوٹے الزامات لگا کر انہیں قتل کیا جاتا ہے، جبکہ نابالغ بچیوں کی جبری تبدیلیِ مذہب کے واقعات بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی نصاب میں اصلاحات کی جائیں اور ایسا مواد ختم کیا جائے جو معاشرے میں مذہبی منافرت کو فروغ دیتا ہے۔
“ہر مشکل میں اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں”
مارچ میں مسلم کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکٹیوسٹ انوار شیخ نے کہا کہ وہ مذہبی اقلیتوں کو یہ یقین دلانے کے لیے شریک ہوئے کہ وہ بھی برابر کے شہری ہیں اور مسلم کمیونٹی ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ برسوں کے احتجاج اور مطالبات کے باوجود اقلیتوں کے مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔
“ہمارے بچے غیر محفوظ ہیں”
پاکستان دراوڑ اتحاد کے چیئرمین شیوا کچھی نے کہا کہ محض قانون سازی یا ایک دن منانے سے مذہبی اقلیتوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے، اور ملک میں ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا خاتمہ ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا۔ ان کے الفاظ میں: “ہمارے بچے غیر محفوظ ہیں، نابالغ بچیوں کو اٹھا کر ان کا مذہب تبدیل کرایا جاتا ہے، اور جب ہم اس کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ہمیں جھوٹے الزامات لگا کر خوف زدہ کیا جاتا ہے۔”
“برابری کے حقوق کے بغیر ترقی ممکن نہیں”
شرکا کا کہنا تھا کہ ان کا یوں اکٹھا ہونا دراصل ریاست کو یہ یاد دلانے کی ایک کوشش ہے کہ پاکستان کے بانی نے مذہبی اقلیتوں کے لیے کیا پیغام چھوڑا تھا، اور انسانی حقوق کے کارکنان کے بقول، مذہبی اقلیتوں کو برابری کے حقوق دیے بغیر پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ریاست یہ یقینی بنائے کہ مذہبی اقلیتیں بھی پاکستان کی برابر کی شہری ہیں، اور انہیں مساوی حقوق، تحفظ اور ہر سطح پر بااختیار نمائندگی حاصل ہو۔