8 اگست 2026

رپورٹ: محمّد دانیال


پشاور: خیبرپختونخوا میں تیزاب اور دیگر خطرناک کیمیکلز کی کھلے عام اور بغیر نگرانی فروخت کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ درخواست گزار وکلاء کا مؤقف ہے کہ صوبے میں تیزاب کی خرید و فروخت کے لیے نہ کوئی مؤثر لائسنسنگ نظام موجود ہے، نہ خریداروں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور نہ ہی اس بات کی نگرانی کی جاتی ہے کہ یہ خطرناک کیمیکلز کس مقصد کے لیے خریدے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول یہی خلا ایسے مادّوں کے غلط استعمال اور سنگین جرائم کا سبب بن سکتا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے ابتدائی سماعت کے بعد وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ’’ایسڈ کنٹرول اینڈ ایسڈ کرائم پریوینشن ایکٹ 2011‘‘ پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خیبرپختونخوا میں تیزاب اور دیگر کوریسو کیمیکلز کی فروخت کو باقاعدہ قانونی ضابطے کے تحت لایا جائے۔

’’مقصد کاروبار بند کرانا نہیں، تحفظ دینا ہے‘‘

درخواست دائر کرنے والی وکیل حبیبہ ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ اس پٹیشن کا مقصد کسی کاروبار کو بند کرانا نہیں بلکہ عوام، خصوصاً خواتین اور بچیوں کو محفوظ بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’اس وقت تیزاب اور دیگر خطرناک کیمیکلز کسی بھی شخص کو آسانی سے فروخت کر دیے جاتے ہیں، حالانکہ ایسے مادّوں کی خرید و فروخت مکمل ریکارڈ کے ساتھ ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر خریدار کا نام، شناخت، مقصدِ خریداری اور فروخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھا جائے تاکہ کسی جرم کی صورت میں ذمہ دار افراد تک فوری رسائی ممکن ہو اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

پنجاب و سندھ میں ریگولیشن، خیبرپختونخوا پیچھے

قانونی ماہر عمر خان ایڈووکیٹ کے مطابق پاکستان میں تیزاب گردی کی روک تھام کے لیے وفاقی سطح پر قانون تو موجود ہے، تاہم خیبرپختونخوا میں اس پر مؤثر عمل درآمد اور ریگولیٹری نظام تاحال قائم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے بتایا: ’’پنجاب اور سندھ میں تیزاب کی فروخت کو مختلف طریقوں سے ریگولیٹ کیا گیا ہے، لیکن خیبرپختونخوا میں یہ خطرناک مادّے اب بھی کئی مقامات پر باآسانی دستیاب ہیں۔‘‘ ان کے مطابق صوبے میں بھی واضح قانون، لائسنسنگ سسٹم، خریدار کی شناخت اور فروخت کی مانیٹرنگ کو لازمی قرار دیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ ایسے جرائم کا سدباب ممکن ہو سکے۔

2024 کے بعد کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا: پولیس

دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز پشاور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 2024 کے بعد تیزاب گردی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، تاہم پولیس اس معاملے پر مسلسل متحرک ہے۔ ان کے مطابق: ’’مختلف علاقوں میں چیکنگ اور نگرانی کی جاتی ہے تاکہ خطرناک کیمیکلز کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ مؤثر عمل درآمد، مسلسل نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعالیت ہی ایسے جرائم کی روک تھام کو یقینی بنا سکتی ہے۔

کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نے مسودہ قانون تیار کر لیا

خیبرپختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کے مطابق صوبے میں تیزاب اور دیگر کاسٹک مادّوں کے استعمال سے ہونے والے جرائم کی روک تھام، تیزاب کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لیے مجوزہ قانون کا مسودہ تیار کر کے محکمہ سماجی بہبود کو بھجوایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’مجوزہ قانون کا مقصد نہ صرف تیزاب کی فروخت کو ضابطے میں لانا ہے بلکہ متاثرین کو قانونی اور سماجی تحفظ فراہم کرنا بھی ہے۔‘‘

نگرانی کے فقدان پر تشویش

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ موجودہ نظام میں نہ تو دکانوں کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے اور نہ ہی خطرناک کیمیکلز فروخت کرنے والوں کے لیے کوئی واضح ضابطہ کار موجود ہے، جس سے ان کے غلط استعمال کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔

اب نظریں پشاور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت اس مقدمے پر ہیں، جہاں عدالت کے آئندہ فیصلے سے یہ واضح ہوگا کہ خیبرپختونخوا میں خطرناک کیمیکلز کی فروخت کے لیے نیا ریگولیٹری نظام متعارف کرایا جاتا ہے یا نہیں۔ قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر لائسنسنگ، خریدار کی شناخت، فروخت کا ریکارڈ اور باقاعدہ نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا تو نہ صرف تیزاب گردی بلکہ دیگر سنگین جرائم کی روک تھام میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here