19 اگست 2026

رپورٹ: محمد دانیال

پشاور


عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر دنیا بھر میں بحرانوں سے متاثرہ افراد کے تحفظ، وقار اور بنیادی حقوق کی بات کی جا رہی ہے، لیکن پشاور میں افغان خاندانوں کے لیے انسانی بحران کی ایک شکل قانونی شناخت اور خاندان کے تحفظ کی جنگ بھی ہے۔

ایسی ہی ایک کہانی مراد کی ہے، جو افغان شہری ہیں اور پشاور میں اپنی پاکستانی اہلیہ اور پانچ بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد ان کا خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہے، جبکہ ان کی رہائی اور پاکستان میں قانونی حیثیت کے لیے اہلخانہ نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

مراد کے بھانجے ساجد علی کے مطابق ان کے ماموں گھر کے واحد کفیل تھے اور ان کی گرفتاری کے بعد پورا خاندان پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔ ساجد علی بتاتے ہیں:

“ہمارے ماموں اس گھر کے واحد کفیل تھے۔ ان کی گرفتاری کے بعد پانچ بچوں سمیت پورا خاندان مشکل میں پڑ گیا ہے۔ ہم نے نادرا میں پاکستان اوریجن کارڈ کے لیے تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرا دی تھیں، لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود کارڈ جاری نہیں ہوا۔”

دستاویزات مکمل، پھر بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا

مراد کے وکیل جواد خان ایڈووکیٹ کے مطابق پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کے لیے مطلوبہ تمام کوائف اور دستاویزات نادرا میں پہلے ہی جمع کرائے جا چکے ہیں، اس کے باوجود شناختی دستاویز جاری نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے: “درخواست گزار کی جانب سے POC کے لیے مطلوبہ تمام کوائف اور دستاویزات نادرا میں جمع کرا دیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود شناختی دستاویز کا اجرا نہیں کیا گیا۔ مراد کی اہلیہ پاکستانی شہری ہیں اور پانچ بچے بھی اسی خاندان کا حصہ ہیں، اس لیے دستاویزات میں تاخیر کا براہِ راست اثر پورے خاندان کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔ جب متعلقہ ادارے کی سطح پر معاملہ حل نہیں ہوتا تو خاندان کو بالآخر عدالت کا رخ کرنا پڑتا ہے۔”

جعلی دستاویزات نے حقیقی درخواست گزاروں کے لیے بھی مشکلات بڑھا دیں

قانونی ماہر شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ کے مطابق نادرا کی جانب سے افغان شہریوں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال سخت کرنے کی ایک بڑی وجہ ماضی میں سامنے آنے والے جعلی کیسز ہیں۔ وہ کہتے ہیں: “ماضی میں ایسے مقدمات سامنے آ چکے ہیں جن میں جعلی نکاح نامے، پیپر میرجز، جعلی دستاویزات اور حتیٰ کہ پشاور ہائیکورٹ کے جعلی عدالتی احکامات تک استعمال کیے گئے۔ بعض معاملات میں وکلا کے ملوث ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جس کے بعد نادرا نے تصدیقی عمل مزید سخت کر دیا۔ لیکن اس کا ایک نتیجہ یہ بھی نکلتا ہے کہ حقیقی اور قانونی تقاضے پورے کرنے والے خاندانوں کو بھی اضافی تاخیر اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض معاملات میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہی متعلقہ ادارے کارروائی آگے بڑھاتے ہیں۔”

2023 سے افغان واپسی کا بڑا سلسلہ

مراد کا مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں افغان شہریوں کی واپسی کا عمل بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

پاکستان نے ستمبر 2023 میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق 15 ستمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک پاکستان سے تقریباً 9 لاکھ 10 ہزار افغان شہری واپس افغانستان گئے، جن میں جبری واپسی اور دیگر طریقوں سے ہونے والی واپسی شامل تھی۔

یہ عمل 2025 میں مزید تیز ہوا۔ پاکستانی وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ صرف 2025 میں 11 لاکھ 55 ہزار 221 افغان شہری پاکستان سے واپس گئے، جن میں غیر دستاویزی افراد کے ساتھ ساتھ PoR اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔

2026 میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ UNHCR اور IOM کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی 2026 تک پاکستان سے تقریباً 6 لاکھ 16 ہزار افغان شہری افغانستان واپس جا چکے تھے — یہ تعداد رضاکارانہ واپسی، ملک بدری اور دیگر اقسام کی واپسی کو مجموعی طور پر ظاہر کرتی ہے۔

پاکستان نے 10 جولائی 2026 سے مؤثر ویزا کے بغیر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری اور ملک بدری تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کارروائی کی روزانہ رپورٹ وزارتِ داخلہ کو بھیجنے کا کہا گیا۔

صرف بے گھر افراد نہیں، کاروبار بھی داؤ پر

واپسی کا یہ عمل صرف رہائش اور شناخت کے مسائل تک محدود نہیں۔ پشاور میں برسوں سے کاروبار کرنے والے افغان شہری بھی اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں۔ کئی خاندانوں نے پاکستان میں دکانیں، گودام اور دیگر کاروبار قائم کر رکھے ہیں، مگر واپسی کی صورت میں انہیں کاروبار، جائیداد اور روزگار کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

UNHCR کے مطابق پاکستان میں کئی دہائیوں سے آباد افغان خاندانوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی یہاں مقیم ہے، جبکہ 2025 کے اختتام پر پاکستان میں تقریباً 14 لاکھ 18 ہزار افغان پناہ گزین اور دیگر تحفظ کے محتاج افغان شہری موجود تھے۔

انسانی ہمدردی کا مطلب صرف امداد نہیں

اقوام متحدہ ہر سال 19 اگست کو عالمی یومِ انسانی ہمدردی مناتا ہے — یہ دن بحرانوں سے متاثرہ لوگوں کی بقا، بہبود اور وقار کے ساتھ ساتھ ان کی مدد کرنے والے انسانی کارکنوں کے تحفظ کے لیے منایا جاتا ہے۔

مراد کا خاندان اسی وسیع تر انسانی صورتحال کی ایک مثال ہے: ایک گرفتار شخص، اس کے پانچ بچے، ایک پاکستانی اہلیہ، اور ایک ایسی قانونی شناخت جس کے حصول کے لیے خاندان کو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا۔

افغان شہریوں کی واپسی اور دستاویزات کی جانچ کے درمیان اصل سوال یہی رہ جاتا ہے: جعلی دستاویزات اور جعلی کیسز کی روک تھام کے ساتھ ساتھ، حقیقی اور قانونی حیثیت رکھنے والے خاندانوں کے بنیادی حقوق اور انسانی وقار کا تحفظ کیسے یقینی بنایا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here