24 ستمبر 2026

رپورٹ: محمّد دانیال


پشاور: افغانستان واپسی اور جان کو لاحق خطرات کے خدشے کے پیش نظر افغان خواجہ سرا عارضو نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ اسے زبردستی افغانستان واپس نہ بھیجا جائے۔

عارضو کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خواجہ سراؤں کے لیے حالات انتہائی مشکل ہیں، جہاں انہیں سماجی مشکلات کے ساتھ ساتھ جان کے خطرات کا بھی سامنا رہتا ہے۔ “اگر مجھے افغانستان واپس بھیجا گیا تو وہاں میرے لیے محفوظ زندگی گزارنے کے امکانات نہیں، روزگار کے مواقع بھی نہیں، اور مجھے اپنی جان کا بھی خدشہ ہے۔ میرے لیے افغانستان واپسی محض ایک ملک سے دوسرے ملک منتقلی نہیں بلکہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔”

عارضو کے مطابق افغانستان میں خواجہ سرا برادری کو تشدد اور قتل جیسے خطرات کا سامنا رہتا ہے، جبکہ ان کے لیے نہ مناسب تحفظ موجود ہے اور نہ باعزت روزگار کے مواقع۔ وہ واپس افغانستان جانے کے بجائے پاکستان میں قانونی تحفظ کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں، اور اسی خوف کے باعث عدالت پہنچی ہیں تاکہ ان کے کیس کو انسانی اور قانونی بنیادوں پر دیکھا جائے۔

واپسی سے قبل جان کو لاحق خطرات کا جائزہ ضروری: وکیل

درخواست گزار کے وکیل ممتاز ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ افغان خواجہ سرا برادری سے متعلق اس نوعیت کے مقدمات پہلے بھی پشاور ہائیکورٹ میں آچکے ہیں۔ “کسی ایسے شخص کو واپس بھیجنے سے پہلے اس کے جان و مال کو لاحق خطرات، اس کے مخصوص حالات اور افغانستان میں موجود صورتحال کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ عدالت کے سامنے بنیادی سوال یہی ہے کہ آیا درخواست گزار کو ایسے حالات میں واپس بھیجا جاسکتا ہے جہاں اسے اپنی جان کو خطرہ لاحق ہے۔”

وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عارضو کے کیس کو ان کے مخصوص حالات اور انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے اور انہیں جبری واپسی سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

’عدالتی ریلیف پر اداروں کو من و عن عمل کرنا چاہیے‘

خیبرپختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین احمد فاروق خٹک کہتے ہیں: “جب ہائیکورٹ کسی درخواست گزار کو ریلیف دیتی ہے تو متعلقہ اداروں پر لازم ہے کہ عدالتی حکم پر من و عن عمل کریں۔ بعض مقدمات میں عدالت کا حکم کسی شخص کے لیے محض قانونی ریلیف نہیں بلکہ زندگی اور موت کا معاملہ بن جاتا ہے، چاہے معاملہ افغان طلبہ کا ہو یا خواجہ سرا برادری کے کسی فرد کا۔”

پشاور ہائیکورٹ پہلے بھی افغان خواجہ سراؤں کو ریلیف دے چکی ہے

افغان خواجہ سراؤں کی ملک بدری کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں اس نوعیت کا مقدمہ پہلے بھی سامنے آچکا ہے۔ جون 2024 میں پشاور ہائیکورٹ نے افغان فنکاروں اور خواجہ سراؤں کی ملک بدری کے خلاف دائر درخواستوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے حکام کو انہیں ڈیپورٹ کرنے سے روک دیا تھا۔ ان درخواستوں میں احمد انواری عرف حوریہ اور 16 دیگر خواجہ سرا بھی شامل تھے، اور عدالت نے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درخواست گزاروں کے خلاف کوئی سخت کارروائی کرنے سے روکا تھا۔

اس مقدمے میں درخواست گزاروں کے وکیل ممتاز احمد کا مؤقف تھا کہ طالبان کے زیرِ اقتدار افغانستان واپسی کی صورت میں فنکاروں اور خواجہ سراؤں کو ظلم و ستم کا خدشہ ہے اور انہیں جبری واپسی سے تحفظ ملنا چاہیے۔ عدالت نے اس معاملے میں ایک سینئر وکیل کو amicus curiae بھی مقرر کیا تھا تاکہ قومی و بین الاقوامی قوانین سے متعلق قانونی نکات پر عدالت کی معاونت کی جاسکے۔

بعدازاں جنوری 2025 میں پشاور ہائیکورٹ نے افغان فنکاروں اور خواجہ سراؤں کے کیسز پر حکومت کو non-refoulement کے اصول کے تحت فیصلہ کرنے کی ہدایت کی، اور قرار دیا کہ جب تک حکومت ان کے پناہ سے متعلق کیسز کا فیصلہ نہیں کرتی، درخواست گزاروں کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ عدالت نے انہیں یو این ایچ سی آر سے اپنے کیسز حکومت کو سفارش کے لیے پیش کرنے کی اجازت دینے کی بھی ہدایت کی تھی۔

یہ سابقہ عدالتی کارروائیاں موجودہ کیس کے لیے اہم قانونی پس منظر فراہم کرتی ہیں، تاہم عارضو کے مقدمے میں حتمی فیصلہ عدالت کی آئندہ کارروائی سے ہی سامنے آئے گا۔

عارضو کی نظریں عدالت پر

افغانستان واپسی کے خدشے کے ساتھ پشاور ہائیکورٹ پہنچنے والی عارضو کہتی ہیں کہ وہ صرف پاکستان میں قیام کی اجازت نہیں بلکہ محفوظ زندگی گزارنے کا موقع چاہتی ہیں۔ ان کے اور ان کے وکیل کے مطابق، بنیادی مؤقف یہی ہے کہ ایسے شخص کو واپس بھیجنے سے پہلے اس کی جان کو لاحق خطرات اور افغانستان میں اس جیسے افراد کے لیے موجود حالات کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ اب اس کیس کا فیصلہ اس بات کا تعین کرے گا کہ عارضو کو افغانستان واپس جانا ہوگا یا انہیں پاکستان میں قانونی تحفظ کے ساتھ رہنے کا موقع مل سکے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here