5 ستمبر 2026

تحریر: فرزانہ علی


ہری پور کے یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک خشک کنویں کی گہرائی دیکھنے کے لیے جیسے ہی میں جھکی تو اندر سے کئی گونجتی آوازیں میرے کانوں سے ٹکرائیں۔۔۔

سوچئیے، 200 فٹ گہرے کنویں میں ایک ساڑھے چار سے پانچ سال کا وجود پھینکا جائے تو کیا ہو گا؟ یہی ہوا پٹھان کالونی کی آیت نور کے ساتھ۔

یہ کہتے ہیں ملزم چھوٹے ہیں، میری بچی بھی تو بہت چھوٹی تھی۔۔۔

جنہوں نے میری بچی کے ساتھ یہ ظلم کیا، انہیں سرعام سزا دیں تاکہ کل کسی اور کی آیت نور کے ساتھ یہ نہ ہو۔۔۔

بچی کے جسم کے کئی حصے گل چکے تھے، چہرہ بری طرح مسخ تھا۔ بے تحاشا خون بہنے، شاک اور درد کی وجہ سے دل بند ہوا اور موت واقع ہو گئی۔۔۔

گہرے کنویں سے آنے والی اس بازگشت نے میرے بولنے کی سکت ختم کر دی۔۔۔ میں، جو کیمرے کے سامنے پٹر پٹر بولتی تھی، سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کیا بولوں۔ لفظ کہیں کھو سے گئے۔۔۔ جملوں کا تسلسل ٹوٹنے لگا اور میں بار بار اپنے ماتھے پر آنے والے پسینے کو ٹشو پیپر سے صاف کرتی۔

میں نے آنکھیں بند کر کے گہری سانس لی اور بولنا شروع کیا تو اس ویرانے میں میری آواز کی گونج دور تک محسوس ہوئی۔ جب وہ ظالم ظلم کر رہے تھے تو کیا آیت نور چلائی نہیں ہو گی؟ کیا اس نے کسی کو مدد کے لیے نہیں پکارا ہو گا؟ اس کی آواز بھی تو گونجی ہو گی۔ یہ پاس کے گھر، اور پھر قریب موجود سڑک۔۔۔ کیا اس وقت کوئی وہاں نہیں تھا؟ یا پھر ریپ کہیں اور ہوا اور لاش یہاں لا کر پھینک دی گئی؟

سوال در سوال۔۔۔

لگ بھگ گیارہ سے اٹھارہ سال کے چار ملزم۔ بچے یا ٹین ایجرز۔۔۔ چار یا پھر پانچ؟ پانچواں، یوسف۔۔۔ یوسف کون ہے؟ گہرا کنواں اور گونجتی آوازیں۔۔۔

پندرہ روز کی گمشدگی، ایک فوٹیج اور خبر میں موجود جھول

ہری پور کی آیت نور کی ماں کے مطابق بچی ساڑھے چار سال کی تھی۔ زیادتی اور قتل کی یہ خبر وائس پی کے سمیت کئی میڈیا آؤٹ لیٹس پر آپ نے دیکھی ہو گی۔ 15 روز تک لاپتہ رہنے والی بچی کو گھر کے سامنے سے لے جاتے ہوئے ایک 11 سالہ لڑکے کی سی سی ٹی وی وڈیو سامنے آنے سے لے کر بالآخر کنویں سے ملنے والی لاش تک، اس خبر میں کئی موڑ آئے۔

والدین کی اپنی اکلوتی اولاد کے لیے سسکیاں اور اہل علاقہ کے مظاہرے پولیس کو تفتیش کا دائرہ پھیلانے پر مجبور کرتے رہے، اور بالآخر گیارہ سالہ لڑکے کی نشان دہی پر کنویں سے لاش نکال لی گئی۔ لیکن خبر میں موجود جھول باقی رہا۔ یہی وہ معاملہ تھا جس نے فرنٹ لائن پاکستان کی ٹیم کو ہری پور جانے پر مجبور کر دیا۔

صبح سویرے ہری پور ڈی پی او کے دفتر میں، ڈی پی او کے سامنے رکھے سوالوں اور ان کے ادھورے جوابوں نے بتا دیا کہ لاش ملنے میں تاخیر کے پیچھے، ہمیشہ کی طرح، ہماری مجرمانہ غفلت اور کسی نامعلوم کا ایک نہ دکھائی دینے والا سایہ موجود ہے۔

”یہ کہتے ہیں بچے چھوٹے ہیں، میں کہتی ہوں میری بچی سے زیادہ چھوٹے تو نہیں“

آیت نور کی والدہ شکیلہ بی بی نے بتایا کہ وہ ہر روز کھیلنے باہر جاتی تھی۔ 10 اگست کو بھی اسی طرح کھیلنے نکلی۔ ”میں نماز پڑھ کر اس کے پیچھے دیکھنے نکلی تو وہ غائب تھی۔ محلے کے لوگ بھی میرے ساتھ ڈھونڈنے نکلے، لیکن وہ کہیں نہیں تھی۔ پھر جب میرے شوہر آئے تو انہوں نے محلے والوں کے ساتھ ڈھونڈنا شروع کیا۔ قریبی گھر کے کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ محلے کے ہی ایک 11 سالہ بچے کے ساتھ جاتی دکھائی دی۔ پولیس نے وہ فوٹیج قبضے میں لے لی۔“

شکیلہ بی بی نے بتایا کہ 15 روز تک پولیس محلے اور ان کے گھر کا چکر لگاتی رہی۔ دوسری وڈیوز دکھاتے، لیکن اس بچے کو سامنے نہیں لائے۔ ”جس روز اس بچے کو سامنے لائے، اسی روز آیت نور کی لاش مل گئی۔“

انہوں نے گلہ کیا کہ پولیس الٹے سیدھے سوالات ہم سے کرتی رہی کہ ”کس کو بیچی ہے بچی، کس کو دی ہے؟“ میں بولتی کہ کون ماں باپ اپنی بچی بیچتے ہیں؟

شکیلہ بی بی نے کہا، ”میری اکلوتی بیٹی تھی۔ ہمیں انصاف چاہیے۔ یہ سب کہتے ہیں کہ بچے چھوٹے ہیں، میں کہتی ہوں کہ میری بچی سے زیادہ چھوٹے تو نہیں۔ میری بچی تو بہت چھوٹی تھی۔“

انہیں خدشہ ہے کہ ملزم چھوٹ جائیں گے، لیکن وہ نہیں چاہتیں کہ ایسا ہو۔

بار بار 11 سالہ پڑوسی لڑکے کی نشان دہی کرتا رہا، لیکن پولیس نے اہمیت نہیں دی

آیت نور کے والد محمد شفیق بیکری میں کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا، ”مغرب کی نماز کے بعد میں گھر آیا تو مجھے بچی کی گمشدگی کا پتا چلا۔ ہم اس رات ڈھائی تین بجے تک بچی کو ڈھونڈتے رہے، لیکن بچی نہ ملی۔“

محمد شفیق کے مطابق پولیس کئی روز تک گھر کے آس پاس ہی ڈھونڈتی رہی، لیکن وہ بار بار 11 سالہ پڑوسی بچے کی نشان دہی کرتے رہے۔ “پولیس نے لائٹ لیا۔ پھر ہم نے محلے میں میٹنگ کی کہ کیا کریں، تب پولیس تھوڑی ایکٹو ہوئی۔

ہمارے پاس صرف ایک منٹ سولہ سیکنڈ کا کلپ تھا، جس میں وہ آیت کو لے کر جا رہا تھا۔ 12، 14 روز گزرنے کے بعد اہل علاقہ نے بازار بند کر کے صدیق اکبر چوک پر احتجاج کیا تو پھر پولیس نے رات کو مجھے بلایا اور وہی فوٹیج دکھائی۔ دوسرے روز ایک اور فوٹیج دکھائی۔ پھر عصر کے وقت گھر آ کر میری اہلیہ کو بھی فوٹیج دکھائی، سوال کیے، اور شام کو فون کر کے بتایا کہ لاش مل گئی۔

شفیق نے مطالبہ کیا: ”میری ساڑھے چار سال کی اکلوتی بیٹی تھی۔ میں تو کہتا ہوں کہ مرتکب افراد کو ایسی عبرتناک سزا دیں کہ پھر کوئی اور آیت نور نہ بنے۔“

گینگ ریپ، بے تحاشا خون، شاک اور درد۔۔۔ دل کا بند ہونا موت کی وجہ بن گیا

ہری پور ٹراما سینٹر کے ڈاکٹر شہزاد خان نے وائس پی کے کی ٹیم کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق آیت نور کے جسم کا کافی حصہ گل چکا تھا۔ چہرہ پہچانا نہیں جا رہا تھا، جبکہ سر کے اوپر گومڑ پڑ چکا تھا، جو شاید کنویں میں گرنے یا تشدد کے باعث ہوا۔ بچی کی رانوں کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں۔

ڈاکٹر کے مطابق بے تحاشا خون بہنا، شاک اور درد کی وجہ سے دل کا بند ہونا بچی کی موت کا سبب بن گیا۔

12 سی سی ٹی وی فوٹیج نے ملزمان کا بھانڈا پھوڑ دیا

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور، شفیع اللہ نے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک انتہائی حساس نوعیت کا کیس تھا۔ معاملے کی سنگینی اور حساسیت کو دیکھتے ہوئے ہم نے ایک اہم ٹیم تشکیل دی جس میں خواتین اور آئی ٹی ٹیم کے اہلکار بھی شامل تھے۔ تقریباً 200 کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج چھانی گئی، کہ 12 ایسی فوٹیجز تھیں کہ جس میں ملزمان آیت نور کو پیدل لے جا رہے ہیں اور پھر موٹر سائیکل پر اس سے تفتیش آگے بڑھی جبکہ 20 ایسے نمبرات کو بھی دیکھا گیا جو شک کے دائرے میں تھے اور اسکی روشنی میں تین اہم ملزمان میں سے ایک ملزم عثمان کو گرفتار کیا جس نےمجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اپنے شریک جرم ملزمان کے بارے میں بھی بتایا جس کے بعد انکو گرفتار کیا گیا ۔باقی دو ملزمان چونکہ انڈر ایج تھے اس لئے کچھ مشکلات ہوئیں ۔

ڈی پی او کے مطابق کباڑبیچنے والے جس بچے نے آیت نور کو ان تک پہنچانے میں مدد کی اسی نے ہی انھیں کنویں تک بچی کی لاش پھینکنے میں بھی مدد کی کیونکہ وہ جانتا تھا کہ کہاں کونسی جگہ ہے ۔ایسی جگہ میں جب ریپ کیا اور اسکی بلیڈنگ ہوئی اور حالت غیر ہوئی تو اسے چھپانے کے لے پھر انھوں نے دوسری جگہ تلاشنے کی کوشش کی ۔کرائم سین میں دو جگہیں استعمال ہوئی ۔لیکن چونکہ انھیں جگہ نہیں ملی تو پھر انھوں نے اس کنویں کا انتخاب کیا

جوڈیشل کمیشن بنا کر حقائق سامنے لائے جائیں

اہل علاقہ نے پولیس کی تحقیقات پر اعتبار کرنے سے انکار کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ اصل حقائق اور ان کے بقول پانچویں نا معلوم شخص کو سامنے لایا جائے۔ تاہم اس کے مبینہ کردار کے بارے میں پولیس کی جانب سے واضح مؤقف سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اس دعوے کی آزادانہ تصدیق ہو سکی ہے۔

ایک ہی سال میں دو کروڑ بچے آن لائن جنسی زیادتی کا شکار۔۔۔

یونیسیف کی طرف سے جاری ہونے والی ایک نئی رپورٹ کے مطابق 21 ممالک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے تقریباً دو کروڑ بچے ایک ہی سال کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جنسی استحصال یا بدسلوکی کا شکار ہوئے۔ ان میں سے زیادہ تر واقعات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پیش آئے۔

یونیسیف کی رپورٹ کے تخمینے کے مطابق سروے سے قبل کے ایک سال کے دوران افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور مشرقی یورپ میں 12 سے 17 سال کی عمر کے ہر پانچ میں سے ایک سے زائد بچے نے آن لائن پلیٹ فارمز پر کسی نہ کسی قسم کی جنسی بدسلوکی یا استحصال کا تجربہ کیا۔

سروے میں شامل ممالک میں تقریباً ایک کروڑ 50 لاکھ بچے ناپسندیدہ جنسی مواد کے سامنے آئے، 90 لاکھ بچوں پر جنسی نوعیت کی گفتگو کرنے یا جنسی تصاویر شیئر کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، اور 40 لاکھ بچوں کی جنسی تصاویر ان کی رضامندی کے بغیر شیئر کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر متاثرہ بچوں کی تعداد یقیناً کروڑوں میں ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ٹیکنالوجی کے ذریعے جنسی استحصال کا شکار ہونے والے بچوں میں خودکشی کے خیالات یا خود کو نقصان پہنچانے کے رجحانات کا اظہار کرنے کا امکان تقریباً چار گنا زیادہ تھا، اور ان میں اضطراب کی سطح نمایاں طور پر بلند تھی۔

یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے کہا،”یہ تجربات گہری جذباتی اور ذہنی تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔ بہت سے بچے خاموشی سے اس اذیت کو برداشت کرتے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آتا کہ مدد کے لیے کس سے رجوع کریں۔“

یونیسیف کی جانب سے اپنی نوعیت کے سب سے بڑے مطالعاتی جائزوں میں سے ایک قرار دی جانے والی یہ تحقیق 2020 اور 2025 کے درمیان پاکستان، کینیا، برازیل اور سربیا سمیت مختلف ممالک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے تقریباً 21 ہزار بچوں کے قومی سطح پر نمائندہ سروے پر مبنی تھی۔ رپورٹ ہونے والی بدسلوکی کے تقریباً 60 فیصد واقعات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، جن میں فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور ٹک ٹاک سرفہرست ہیں، پر پیش آئے، جبکہ 14 فیصد واقعات آن لائن گیمنگ کے دوران ہوئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here