14 ستمبر 2026
شوکت کورائ
کراچی:
پاکستان میں عورت کی آزادی کا سوال اکیسویں صدی میں بھی پوری طرح حل نہیں ہو سکا۔ عورت کیا پہنے، کیا کھائے، کہاں جائے، کس سے بات کرے اور اپنی زندگی کے فیصلے کس حد تک خود کرے، یہ سوال آج بھی اس کی ذاتی آزادی سے زیادہ معاشرتی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ایک عورت کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کا وہی حق حاصل ہے جو ایک مرد کو حاصل ہے؟
پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، لیکن عملی زندگی میں آزادی، خودمختاری اور اظہارِ رائے کا حق آج بھی ان کے لیے ایک مسلسل جدوجہد ہے۔ گھر سے لے کر معاشرے تک اور معاشرے سے پارلیمنٹ تک، خواتین کو اپنی صلاحیتوں اور کردار کے بجائے لباس، ظاہری شکل، طرزِ زندگی اور ذاتی فیصلوں پر تنقید اور طنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
2002 کے بعد خواتین کو مخصوص نشستوں کے ذریعے پارلیمنٹ میں نمائندگی کا زیادہ مؤثر موقع ملا، لیکن ایوانوں میں خواتین کی موجودگی کے باوجود انہیں کمتر سمجھنے والا رویہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکا۔ اس کی ایک تازہ مثال سندھ اسمبلی میں سامنے آئی، جہاں ایوان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے معاملے پر ہونے والی بحث میں خواتین ارکان بھی تنقید کی زد میں آئیں۔
خواتین ارکان کے ویڈیوز بنانے پر اعتراض کے ساتھ یہ کہا گیا کہ جب خواتین ویڈیوز بناتی ہیں تو انہیں کوئی نہیں روکتا۔ معاملہ صرف ویڈیوز تک محدود نہیں رہا بلکہ خواتین ارکان کے لباس اور میک اپ پر بھی طنزیہ تبصرے کیے گئے۔ اس طرزِ گفتگو پر سندھ اسمبلی کی خواتین ارکان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے خواتین کو نشانہ بنانے والی سوچ قرار دیا۔
رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید کہتی ہیں کہ انہوں نے اسی روز اسمبلی میں کھڑے ہو کر خواتین پر تنقید کرنے والوں کی مذمت کی تھی۔
ان کے مطابق آئینی منصب پر بیٹھے کسی شخص کو ایسا موقف اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک مخصوص مائنڈ سیٹ ہے جس کے خاتمے میں وقت لگے گا، تاہم خواتین نے اس سوچ کے خلاف طویل جدوجہد میں کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں اور معاشرے میں تبدیلی بھی آئی ہے۔
سعدیہ جاوید کے مطابق آج خواتین تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور ملازمتیں بھی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید نے خواتین پر عائد پابندیوں اور اس مائنڈ سیٹ کی بڑی رکاوٹیں توڑیں، لیکن انہیں بھی اسی نوعیت کے الزامات اور فتووں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے بقول، ’’میں نے اس وقت بھی اس کی مذمت کی تھی اور آج بھی کر رہی ہوں۔‘‘
صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کا کہنا ہے کہ خواتین کا لباس، میک اپ اور طرزِ زندگی ان کا ذاتی حق ہے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ میں خواتین کا لباس ایسا نہیں کہ جس پر اعتراض کیا جائے۔
وہ کہتی ہیں کہ بعض اوقات جب کسی کے پاس بات کرنے کے لیے کوئی موضوع نہیں ہوتا تو ایسی باتیں کی جاتی ہیں۔ ان کے بقول یہ منفی سوچ ہے جسے پروان نہیں چڑھنا چاہیے اور خواتین کو اپنی مرضی کا لباس پہن کر اسمبلی میں آنے کا حق حاصل ہے۔
رکن سندھ اسمبلی ہیر سوہو بھی خواتین کے لباس اور میک اپ پر ہونے والی تنقید کو نامناسب قرار دیتی ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کے لباس اور میک اپ پر بات کرنا کمزور شخص کی نشانی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بڑے فورم پر بیٹھ کر اس طرح کے ریمارکس دینا نامناسب ہے، اور اگر پارلیمنٹ میں خواتین کو اس قسم کی تنقید کا سامنا ہے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں خواتین کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ ہوتا ہوگا۔
سینئر صحافی سہیل سانگی کے مطابق خواتین کو نشانہ بنانے کا یہ سلسلہ نیا نہیں بلکہ پرانے معاشرتی رویوں کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی پر غصہ ہو یا کسی کو غصہ دلانا ہو تو گالی عورت کے نام پر دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق جب اس رویے میں کچھ کمی آئی تو لباس اور میک اپ پر بات شروع ہوگئی۔
سہیل سانگی کہتے ہیں کہ یہ پابندیاں بنیادی طور پر خواتین کے لیے مخصوص ہوتی ہیں جبکہ مردوں کے لیے اسی نوعیت کی پابندیاں نظر نہیں آتیں۔ ان کے بقول یہ ایک امتیازی رویہ ہے جس کے پیچھے وہی پرانا نظام اور سوچ موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب کسی کا کسی سے مقابلہ نہیں ہو پاتا تو ایسی باتیں اور کردار کشی شروع ہو جاتی ہے۔ خواتین کے لباس اور چال ڈھال تک کو موضوع بنا لیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ رویہ کسی کو ہراساں کرنے، اپنی بات منوانے اور اسے زیر کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جو نہیں ہونا چاہیے۔
عورت فاؤنڈیشن کی رہنما مہناز رحمان کے مطابق اسمبلی میں ہونے والی بحث کو ایوان کی کارروائی اور عوامی مسائل تک محدود رہنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کے لباس، میک اپ اور ظاہری شکل و صورت پر بات کرنے کی کوئی منطق نہیں۔
مہناز رحمان کے مطابق عورت کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی کا لباس پہنے اور میک اپ کرے۔ ان کے بقول خواتین کے سامنے پہلے ہی بے شمار حقیقی مسائل موجود ہیں جن پر سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔ ان میں تعلیم سے محرومی، کم عمری کی شادی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل انتہائی اہم ہیں۔
رائٹس ایکٹیوسٹ شازیہ نظامانی بھی اسے مردانہ بالادستی کی سوچ قرار دیتی ہیں۔ ان کا سوال ہے کہ کیا ایک اپوزیشن لیڈر کو باقی تمام مسائل چھوڑ کر خواتین کے لباس اور میک اپ پر بات کرنی چاہیے؟ ان کے مطابق یہ وہی سوچ ہے جسے مردانہ بالادستی کی سوچ کہا جاتا ہے، اور اس کا تعلق کسی شخص کے تعلیم یافتہ یا غیر تعلیم یافتہ ہونے سے نہیں بلکہ ایک مخصوص مائنڈ سیٹ سے ہے۔
شازیہ نظامانی کے مطابق چاہے کوئی گاؤں سے تعلق رکھتا ہو یا شہر سے، خواتین کو نشانہ بنانے والی یہ سوچ معاشرے میں مختلف شکلوں میں موجود ہے۔
سندھ اسمبلی میں ہونے والی اس بحث نے ایک انتہائی اہم سوال اٹھا دیا ہے کہ اگر ایک عورت پارلیمنٹ تک پہنچنے کے بعد بھی اپنے لباس اور ذاتی انتخاب کے حوالے سے جواب دہ سمجھی جاتی ہے تو ان خواتین کی صورتحال کیا ہوگی جو سیاسی اور معاشی طاقت کے مراکز سے دور، دیہی اور پسماندہ علاقوں میں زندگی گزار رہی ہیں؟
پاکستان میں خواتین نے کئی دہائیوں میں بہت سی رکاوٹیں عبور کی ہیں، لیکن سندھ اسمبلی کا حالیہ واقعہ یاد دلاتا ہے کہ منزل ابھی دور ہے۔ پارلیمنٹ میں خواتین کی تعداد بڑھ جانا ایک پیش رفت ضرور ہے، مگر اصل تبدیلی اس وقت سمجھی جائے گی جب ایوان کے اندر اور باہر بھی عورت کو ایک مکمل، خودمختار شہری کی حیثیت سے دیکھا جائے، ایسی شہری جس کے لباس، میک اپ اور ذاتی زندگی سے زیادہ اہم اس کی آواز، اس کی رائے اور اس کے حقوق ہوں۔