9 ستمبر 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی: پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والے شہری نسل در نسل آباد ہیں اور ملکی زندگی کا حصہ ہیں۔ لیکن ان میں سے بہت سے لوگوں کے لیے برابری کا حق آج بھی ایک سوال بنا ہوا ہے۔ جبری مذہب تبدیلی، سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی کوٹے پر عمل درآمد، یا روزمرہ زندگی میں درپیش دیگر مشکلات — یہ تمام شکایات برسوں سے مختلف فورمز پر زیرِ بحث آتی رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر بار ان مسائل کے حل کی یقین دہانی تو کرائی جاتی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ ان یقین دہانیوں کا اثر اقلیتی برادریوں کی عملی زندگی میں کس حد تک دکھائی دیتا ہے۔

حال ہی میں سندھ اسمبلی کے اراکین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ کے دس اضلاع میں “منارٹی فسیلیٹیشن ڈیسک” (اقلیتی سہولتی مراکز) قائم کیے گئے ہیں۔ ان ڈیسکوں کا مقصد اقلیتی برادریوں کی شکایات درج کرنا، انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچانا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

رکنِ سندھ اسمبلی اور اقلیتی پارلیمنٹیرین کاکس کے رکن مکیش کمار ہاسیجا نے وائس آف پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کے دوران انہیں بریفنگ دی گئی کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں قائم فسیلیٹیشن ڈیسکوں پر گزشتہ ایک برس کے دوران تین ہزار سے زائد شکایات درج کی گئیں، جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے۔

ان کے بقول ان ڈیسکوں کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ کسی بھی متاثرہ شخص یا خاندان کا معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچایا جا سکے، اور اس حوالے سے فسیلیٹیشن ڈیسکوں کے ذریعے اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اراکینِ پارلیمنٹ پر مشتمل ورکنگ گروپ نے متعلقہ اداروں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے اراکین کے ساتھ رابطہ اور کوآرڈی نیشن بہتر بنائیں اور ڈیسکوں کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ ارسال کریں۔

مکیش کمار ہاسیجا کے مطابق: ’’بہت سارے ایسے معاملات ہیں جن پر عمل درآمد کا مسئلہ ہے۔ قانون موجود ہے اور متعلقہ محکمے ہدایات بھی دیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود مسئلے کا حل سامنے نہیں آتا۔‘‘

انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ تھر کے علاقے میں مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ پولیس میں بھرتی کے دوران وہاں کے بعض امیدوار میرٹ پر بھی پورا اترے اور اقلیتی کوٹے کے تحت بھی ان کی سلیکشن ہونی تھی، لیکن ان کے بقول میرٹ پر آنے والے بعض افراد کے نام ہٹا کر انہیں اقلیتی کوٹے پر ملازمت دے دی گئی۔

مکیش کمار ہاسیجا نے بتایا کہ وزیرِ داخلہ اور متعلقہ پولیس حکام نے اس غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے ازالے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم تاحال اس معاملے کی درستگی نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق: ’’اصل مسئلہ عمل درآمد کا ہے۔ اگر قانون پر من و عن عمل درآمد ہو تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔‘‘

کیا شکایات کا اندراج کافی ہے؟

انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کے لیے کام کرنے والے کارکنان سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا صرف شکایات درج ہونے سے مسائل حل ہو جائیں گے؟ یہ سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف شکایت درج کرنے یا ایک نیا انتظامی ڈیسک قائم کرنے تک محدود نہیں۔ دیرپا حل کے لیے آئینی اصلاحات، مؤثر قانون سازی اور موجودہ قوانین پر بلاامتیاز عمل درآمد ضروری ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد کے مطابق اقلیتوں کو درپیش مسائل کی جڑ آئینی اور قانونی نقائص میں ہے۔ ان کا کہنا ہے: ’’جڑ آئینی اور قانونی نقائص کی ہے۔ جب آئین میں تقسیم و تفریق ہوگی تو پورا ڈھانچہ بھی اسی بنیاد پر کھڑا ہوگا، کیونکہ آئین بنیاد ہے۔‘‘

ان کے مطابق پاکستان کے آئین میں بعض ایسی شقیں موجود ہیں جو شہریوں کے درمیان تفریق پیدا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کا کسی مذہبی اقلیتی گروہ سے تعلق نہ رکھ سکنا بھی ایک بڑی تفریق ہے۔

ڈاکٹر توصیف احمد کے مطابق مذہبی انتہا پسندی بھی اقلیتوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذہبی جنونیت کے نتیجے میں عبادت گاہوں کو جلایا اور تباہ کیا جاتا ہے، جبکہ نوجوان لڑکیوں کے اغوا کے بعد ان کا مذہب تبدیل کیے جانے کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔

ان کے بقول مذہبی اقلیتوں کے مسائل کو محض انتظامی سطح پر نہیں بلکہ آئینی اور قانونی تناظر میں بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ قوانین پر مؤثر عمل درآمد بھی ضروری ہے، ورنہ شکایات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

تفریق کا احساس کیوں بڑھ رہا ہے؟

رکنِ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن سیما مہیشوری کہتی ہیں کہ دنیا بھر کی قومیں ترقی کر رہی ہیں، لیکن پاکستان کا معاشرہ آج بھی اقلیت اور اکثریت کی تقسیم کا شکار ہے۔ ان کے بقول: ’’ہم اکیسویں صدی میں سفر کر رہے ہیں، دنیا کی قومیں ترقی کر رہی ہیں، لیکن آج بھی ہم تفریق سمیت اقلیت اور اکثریت میں بٹے ہوئے ہیں۔ یہ سوچنے کی بات ہے کہ آخر وجہ کیا ہے کہ ہمیں اس طرح کی صورتِ حال کا سامنا ہے۔‘‘

سیما مہیشوری کے مطابق اقلیتی برادریاں بھی اسی ملک کی باسی ہیں، یہیں پیدا ہوئیں اور یہیں زندگی گزاری ہے، لیکن بعض شرپسند عناصر معاشرے میں تفریق کو بڑھا رہے ہیں اور لوگوں کو ایک دوسرے سے دور کر رہے ہیں۔ ان کے بقول یہاں کی اقلیتوں کو کبھی مذہب، کبھی کنورژن اور کبھی اقلیت کے نام پر تفریق کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اور عبادت گاہوں پر حملے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے ایک حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں ایک مندر کے باہر عربی تحریر اور آیات پر مشتمل پوسٹر لگائے گئے، جس سے یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ جگہ کسی ایک مخصوص گروہ کی ملکیت ہے۔ ان کے مطابق عبادت گاہیں سب کی مشترکہ میراث ہیں اور سب کو پیدا کرنے والا خدا ایک ہی ہے، لیکن اس نوعیت کے اقدامات سے صرف جذبات مجروح ہوتے ہیں اور لوگوں میں یہ احساس پیدا کیا جاتا ہے کہ وہ اس معاشرے کا برابر حصہ نہیں ہیں۔

سیما مہیشوری کا کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں مذہب کی جبری تبدیلی کے واقعات عام ہیں اور اس حوالے سے معاشرے میں ایک مخصوص ’’مائنڈ سیٹ‘‘ پروان چڑھ چکا ہے۔

یقین دہانیوں سے آگے

مسائل کی فہرست طویل ہے اور مطالبات بھی نئے نہیں۔ اقلیتی برادریاں صرف یقین دہانیاں نہیں بلکہ اپنے آئینی حقوق کا عملی تحفظ چاہتی ہیں۔ منارٹی فسیلیٹیشن ڈیسک شکایات کو متعلقہ اداروں تک پہنچانے کا ایک ذریعہ ضرور بن سکتے ہیں، لیکن ان کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہوگا کہ درج ہونے والی شکایات میں سے کتنے معاملات واقعی حل ہوتے ہیں۔

بالآخر سوال یہی ہے کہ کیا ریاستی ادارے موجودہ قوانین اور آئینی ضمانتوں پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنا پاتے ہیں؟ کیونکہ اقلیتوں کے لیے برابری صرف قانون کی کتاب میں درج ایک حق نہیں، بلکہ روزمرہ زندگی میں محسوس ہونے والی حقیقت ہونی چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here