10 ستمبر 2026

رپورٹ: ریحان پراچہ


لاہور : پشاور پولیس نے تھانہ رحمان بابا کی حدود میں ایک کرائے دار خاندان کے گھر میں گھس کر شوہر اور بچوں کو بندوق کی نوک پر ایک کمرے میں بند کرنے اور دو خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے میں ملوث چاروں مسلح ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ پشاور میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں بندوق کی نوک پر ایک ہی گھر کی دو خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعہ کیسے پیش آیا

ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ دل خراش واقعہ تھانہ رحمان بابا کی حدود میں اتوار کی رات تقریباً دو بجے پیش آیا، جب چار مسلح افراد کرائے کے مکان میں مقیم ایک خاندان کے گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے۔ گھر میں شوہر، اس کی دو بیویاں (عمریں 22 اور 27 برس) اور دو بچے (ایک بیٹا، ایک بیٹی) موجود تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق، “چاروں ملزمان مسلح تھے، ان کے پاس کلاشنکوف اور پسٹل موجود تھے۔ انہوں نے گھر کے مکین شوہر کو باندھ کر ایک کمرے میں بند کیا، اسکول جانے والے بیٹے کو بھی اسی کمرے میں بند کیا، جبکہ ساتویں جماعت کی طالبہ کم سن بچی کو نامناسب طریقے سے چھونے کی کوشش کی گئی، تاہم بعد ازاں اسے بھی والد کے ساتھ اسی کمرے میں بند کر دیا گیا۔”

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ملزمان نے دونوں خواتین کو بندوق کی نوک پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ “بڑی بیوی کے ساتھ تین ملزمان نے، جبکہ چھوٹی بیوی کے ساتھ ایک ملزم نے زیادتی کی۔ متاثرہ خواتین نے ملزمان کے سامنے ہاتھ جوڑے، منتیں کیں، مگر ملزمان نے کوئی رحم نہ کھایا،” ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں اس نوعیت کا واقعہ شاید ہی کبھی سامنے آیا ہو۔

متاثرین کی جرات

ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے یہ فعل اس گمان پر انجام دیا کہ متاثرہ خاندان معاشی طور پر کمزور کرائے دار ہے اور اتنا مضبوط نہیں ہوگا کہ پولیس کے پاس جائے۔ “ملزمان کو یہ لگا کہ چونکہ یہ خاندان کرائے دار اور غریب ہے، اس لیے وہ خاموش رہیں گے، اور ہمارے معاشرے میں اکثر ایسے واقعات کو چھپا لیا جاتا ہے، شاید ملزمان نے یہی سوچ کر یہ گھناؤنا فعل کیا،” انہوں نے کہا۔

ملزمان نے خاندان سے موبائل فونز اور نقدی بھی لوٹ لی۔ واقعے کے فوراً بعد متاثرہ شوہر اور خواتین پیدل چل کر تقریباً رات چار بجے تھانہ رحمان بابا پہنچے اور واقعے کی رپورٹ درج کرائی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے متاثرہ خاندان کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا، “یہ خاندان کی بہادری ہے کہ وہ اسی رات ہمارے پاس آئے اور ہمیں پوری صورتحال سے آگاہ کیا۔”

پولیس کارروائی، گرفتاریاں اور اسلحہ کی برآمدگی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کر کے متعلقہ دفعات شامل کی گئیں اور معاملے کی تفتیش کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں: ایڈیشنل ایس ایچ او، ایس ایچ او رحمان بابا، ڈی ایس پی رحمان بابا اور ایس پی صدر کی سربراہی میں الگ الگ ٹیمیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق، “الحمدللہ، ہم نے تمام چاروں ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے کلاشنکوف اور پسٹل کے ساتھ ساتھ لوٹے گئے موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ عدالت سے چاروں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ “ان حیوان صفت مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانا ہمارا عزم ہے،” ایس ایس پی آپریشنز نے کہا۔

متاثرہ خواتین کی شناخت کا تحفظ

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر محمد سمیع ملک نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے درخواست کی کہ اینٹی ریپ (تحقیقات و ٹرائل) ایکٹ کے تحت متاثرہ خواتین کی شناخت، علاقے یا کسی بھی ایسی تفصیل کو ظاہر نہ کیا جائے جس سے ان کی نشاندہی ہو سکے۔ “قانون کے مطابق ہم متاثرہ خواتین کی شناخت کسی بھی مرحلے پر ظاہر نہیں کریں گے، ان کا نام کہیں بھی استعمال نہیں کیا جائے گا اور انہیں صرف رمزی کوڈ کے ذریعے ریکارڈ میں رکھا جائے گا،” ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی جنسی جرائم سے متعلق دفعات کے تحت ایک علیحدہ تفتیشی ٹیم قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی رینک کی خاتون افسر کر رہی ہیں۔

صرف خاتون افسران کا رابطہ، نفسیاتی معاونت

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق پولیس نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ متاثرہ خواتین کا رابطہ تفتیش کے کسی بھی مرحلے پر کسی مرد افسر سے نہ ہو۔ “ہم نے انتہائی کوشش کی ہے کہ کسی بھی سٹیج پر ان کا کسی مرد افسر سے براہ راست رابطہ نہ ہو، اس کے لیے ایک وکٹم سپورٹ آفیسر متعین کی گئی ہیں جو واقعے کے فوراً بعد سے اب تک مسلسل ان کے ساتھ ہیں اور ان کی کاؤنسلنگ کر رہی ہیں،” انہوں نے بتایا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خواتین کے لیے سائیکاٹرسٹ اور سائیکولوجسٹ کے سیشن بھی ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ وہ اس صدمے سے نکلنے میں مدد حاصل کر سکیں۔ “یہ خواتین جس اذیت سے گزری ہیں اس کا نفسیاتی اثر اتنے مختصر وقت میں ختم نہیں ہو سکتا، لیکن پولیس ہر ممکن طریقے سے ان کی مدد کے لیے کوشاں رہے گی،” ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا۔

بیان اور فرانزک شواہد

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ متاثرہ خواتین کا بیان عدالت میں مجسٹریٹ کے روبرو قلم بند کرایا جا چکا ہے اور کیس کا عدالتی مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ “عدالتی کارروائی میں بھی ہماری کوشش یہی رہی ہے کہ متاثرہ خواتین کی شناخت صیغہ راز میں رہے اور صرف معزز جج صاحب کو ہی معلوم ہو کہ یہ خواتین کون ہیں،” انہوں نے وضاحت کی۔

انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے تمام فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور معاملے کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری ہے۔ “اس سلسلے میں ہم پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی معاونت بھی حاصل کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس جو نمونے دستیاب تھے وہ فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ سائنسی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے،” ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ اسلحے پر موجود فنگر پرنٹس کا بھی میچ کروایا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے واقعے کا پیش آنا انتہائی افسوسناک امر ہے، تاہم متاثرہ خاندان کا سامنے آ کر رپورٹ درج کرانا اور اتنے کم وقت میں تمام ملزمان کی گرفتاری پولیس پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ “ہماری کوشش رہے گی کہ متاثرہ خواتین کی شناخت کو ہر مرحلے پر چھپاتے ہوئے انہیں انصاف دلایا جائے،” انہوں نے کہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here