14 اکتوبر 2026

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور میں اسکول کی تفریح کے دوران پانی پینے کے لیے قریبی گھر جانے والے آٹھ سالہ بچے کو مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ قتل کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹبہ سلطان پور میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمے میں قتل اور غیر فطری جنسی فعل سے متعلق تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 اور 377 شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی ڈرائیوری کے شعبہ سے وابستہ ہے۔ اس کے آٹھ سالہ بیٹے کو روزمرہ کے معمول کے مطابق اسکول بھیجا گیا تھا۔ 12 اکتوبر کو اسکول میں تفریح کے وقت پیاس لگنے پر بچہ پانی پینے کے لیے اسکول کے بالکل ساتھ واقع ایک گھر میں گیا، جہاں موجود ملزم علی رضا نے مبینہ طور پر اسے اکیلا پا کر پکڑ لیا اور اس کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بچے نے اپنی جان بچانے کے لیے مزاحمت کی اور وہاں سے بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے شور مچایا۔ بچے کی آواز سن کر محلے کے افراد موقع پر پہنچ گئے۔ مقدمے کے مطابق ملزم نے گواہوں کو اپنی طرف آتے دیکھا تو اس نے اپنے پاس موجود اسلحے سے بچے پر سیدھا فائر کر دیا۔ گولی بچے کے سر کے دائیں جانب لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

وہاڑی پولیس کے ترجمان عدنان طارق نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ ان کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچے کا پوسٹ مارٹم بھی کروا لیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے مطابق بچے کی موت سر میں گولی لگنے کے نتیجے میں ہوئی۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

بچوں کے خلاف تشدد اور جنسی جرائم سے متعلق ملک گیر اعداد و شمار بھی اس مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں جنوری سے جون 2026 کے دوران بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے مجموعی طور پر 1,914 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 1,015 واقعات، اغوا کے 558 واقعات، لاپتا بچوں کے 101 واقعات اور کم عمری کی شادیوں کے 35 واقعات شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں 98 واقعات میں جنسی زیادتی کے بعد فحش مواد سے متعلق معاملات بھی ریکارڈ کیے گئے۔ یہ اعداد و شمار ملک کے چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اخبارات سے جمع کیے گئے تھے۔

ساحل کے مطابق رپورٹ کیے گئے ان واقعات میں 58 فیصد متاثرین لڑکیاں جبکہ 42 فیصد لڑکے تھے۔ گیارہ سے پندرہ سال کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ متاثرہ گروہ قرار دیا گیا، جس میں 598 واقعات رپورٹ ہوئے۔ تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق رپورٹ شدہ واقعات میں پنجاب کا حصہ 80 فیصد تھا، جبکہ سندھ میں 15 فیصد واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 89 فیصد رپورٹ شدہ واقعات میں پولیس کے پاس مقدمات درج ہونے کی اطلاع موجود تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here