۲۳ جولائی ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے مرکز لرباغ میں مقامی نوجوان کی مبینہ طور سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف گذشتہ روز سے شروع ہونے والا احتجاجی مظاہرہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ تیراہ سیاسی اتحاد کے جنرل سیکرٹری شاہین سحر نے بتایاکہ مقامی قبیلے ملک دین خیل سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان حامد خان کوگھر کے قریب پہاڑ میں 20جولائی کو قتل کردیا گیا تاہم گھر والوں کوحامد خان کی ہلاکت کی اطلاع 21 جولائی کی دوپہرکو ملی ۔ گھر والوں نے الزام لگایاکہ وہاں پر قریب سیکورٹی چوکی میں تعینات اہلکاروں نے فائرنگ کرکے حامد خان کو قتل کیا۔اُن کے بقول لواحقین اور علاقے کے نوجوانوں نے انتہائی مشکل سے لاش کو پہاڑی سے نیچے اُتارا۔جس کے بعد برگیڈ کے سامنے احتجاج بھی کیا گیا۔
مظاہرین اور سیکورٹی حکام کے درمیان کل شام سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک مذاکرات جاری رہے تاہم بات چیت میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے لاش کو گھر منتقل کرکے صبح دس بجے باغ بازار میں نماز جنازہ کے ادائیگی کے بعد لاش کی تدفین کر دی گئی لیکن احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا۔ کمیٹی ممبران اور سیکورٹی کے اعلی عہدیداروں کے درمیان بات چیت کا عمل تاحال جاری ہے۔
مطالبات کے حوالے سے حامد کے چچا قاری حسین نے بتایاکہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دلانا اور آئندہ کے لئے اس قسم کے واقعات کے روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنانا شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگ اپنے مال مویشیوں کو قریب پہاڑی چراگاہوں میں لے جاتے ہیں جبکہ گھر کی ضروریات پورا کرنے کے لئے لکڑیاں بھی کاٹ کر وہیں سے لائی جاتی ہیں تاہم اس قسم کے واقعات سے لوگ عدم تحفظ کے شکار ہورہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھاکہ اس سے قبل بھی علاقے کے کئی بے گناہ افراد اسی طرح مارے جا چکے ہیں تاہم ملوث اہلکاروں کے خلاف کچھ نہیں کیا گیا۔
تیس سالہ جمشید بھی آٹھ افراد میں شامل ہیں جنہوں نے کل حامد کی لاش پہاڑ سے نیچے لانے میں مدد کی ۔ جمشید نے بتایا کہ حامد کی لاش ایک برستاتی نالے میں پڑی تھی اس کے ساتھ لکڑی کاٹنے کی کلہاڑی ایک جگہ جبکہ اسکے چپل دوسرے جگہ پر پڑے تھے۔ اُنہوں نے کہاکہ جب ہم لاش اُٹھانے لگے تو قریب سیکورٹی چیک پوسٹ سے شدید فائرنگ شروع ہوئی تاہم سب ساتھی بال بال بچ گئے۔اُنہوں نے کہاکہ انتہائی مشکل سے لاش کو نیچے اُترا گیا۔
تیراہ سیاسی اتحاد کے جنرل سیکرٹری شاہین سحر نے کہاکہ احتجاج میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے، مقامی عمائدین اور مصالحتی کمیٹی ممبران کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ احتجاج اُس وقت تک جاری رہیگا جب تک متاثر خاندان کو مطمئن نہیں کیا جاتا اور مسقتبل میں اس طرح بے گناہ افراد کے قتل کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔
حامد کے چچا قاری حسین نے بتایاکہ گاؤں میں لوگ صبح مویشیوں کو چرانے کے لئے قریب پہاڑ میں لے جاتے ہیں جبکہ واپسی کے لئے سہ پہر کو گھر سے ایک بندہ جاتاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حامد معمول کے مطابق مویشی واپس لانے گیا لیکن شام کو سارے مویشی واپس آئے تاہم وہ نہیں آیا۔ اُنہوں نے کہا کہ گھر والوں نے سمجھا کہ شاید وہ ماموں کے گھر چلا گیا ہو تاہم رابطے پر معلو م ہوا کہ وہاں پر بھی نہیں ہے۔ اُن کے بقول حامد نفیساتی مسائل کا شکار تھا جسکی وجہ سے گھر والے رات بھر انتہائی پریشان رہے تاہم صبح سویرے حامد کے تلاش میں گھر کے افراد نکل اور دوپہر کو والد کو اُن کی لاش جنگل سے ملی۔
واقعے سے متعلق حکومت کا موقف جانے کے لے وائس پی کے کے نمائندے نے ضلعی حکام سے رابطہ کیا تاہم اس حوالے سے انہوں نے بات کرنے سے معذرت کرلی۔