رپورٹ:رانا ملہی


اسلام آباد

جماعت اسلامی نے ملک میں مہنگائی، بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے پر حکومت کے خلاف اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کی کال دے رکھی تھی۔
جبکہ انتظامیہ نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے اور اسلام آباد کی طرف آنے والے سارے داخلی راستے کنٹینر لگاکر سیل کردیے ہیں اور ڈی چوک کی طرف جانے والے راستے بھی بند کر رکھے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ محرم الحرام کی سکیورٹی پر پولیس تعینات ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کیا ہے۔

دفعہ 144 نافذ ہونے پر کسی بھی سیاسی جماعت کو بغیر اجازت جلسہ ریلی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینر سے سیل ہونے کے باوجود بھی جماعت اسلامی کے چند کارکنان ڈی چوک پر پہنچنے میں کامیاب ہو پائے، جنہیں پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی چوک پر پہنچنے والے کارکنان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے، حکومت نے مہنگائی کرکے ہمارا جینا مشکل کردیا ہے۔

کارکنان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس لگانے کے بجائے اپنے اخراجات کم کرے۔احتجاج میں شریک ہونے کے لیئے آئے ہوئے کارکنان کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔

کارکنان کی گرفتاری اور کنٹینر لگاکر روڈ بند کرنے کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کیا گیا ہے۔خلاف قانون مجمع کو روکنے کےلیے کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو تھانے منتقل کیا گیا ہے ۔ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here