۲۷ آگست ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں اٹارنی جنرل منصور اعوان اور درخواست گزار کے وکیل بابر اعون پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہونے پر درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا شکریہ ایک مغوی گھر پہنچ گیا ہے، اسکے علاوہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے کچھ ملازمین بھی گھر پہنچ گئے ہیں۔ آج امید ہے اٹارنی جنرل کوئی خوشخبری سنائیں گے ۔لاپتہ فیضان واپس آگیا لیکن اسکی حالت بہتر نہیں ہے ، وہ گھر ہی ہے۔

جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پہلے کیس دوسرے بینچ میں تھا ہم نے یقین دہانی کروائی تھی ، ہم پوری کوشش کر رہےہیں اور تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں ، ایک لاپتہ کارکن واپس آگیا ہے ، تھوڑا وقت ملے تو باقی بھی آ جائیں گے، مجھے دو سے تین دن مزید دے دیں۔ حکومت اپنا کام کر رہی ہے ، امید ہے کہ مثبت خبر آئے گی۔

اس پر بابر اعوان نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کروائی تھی اور اٹارنی جنرل جیسا آج کہہ رہے ہیں ویسا پہلے بھی کہہ چکے ہیں۔

جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیر اعظم کے علم میں بھی معاملہ لایا گیا ہے ، اس کے بعد ایک لاپتہ کارکن واپس آیا ہے ، میں اسی لیے کوئی زور نہیں دے رہا نہ کوئی ججمنٹ لے رہے ہیں، اس عدالت کی اسپرٹ ہے اور اسکے مطابق ہی سب کام ہورہا ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت کو بتایا گیا ہے کہ لاپتہ فیضان واپس آگیا ہے، اٹارنی جنرل نے مزید وقت مانگا ہے، اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ لاپتہ شہریوں سے متعلق معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھا گیا ہے ،اٹارنی جنرل کی مزید وقت مانگنے کی استدعا منظور کی جاتی ہے، ہم اسکو جمعے کے لیے رکھ لیتے ہیں ،اور جو کارکن واپس آگیا ہے اسکی درخواست نمٹا دیتے ہیں۔

اس کے بعد عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے وقت مانگنے کی استدعا پر سماعت جمعے تک ملتوی کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here