۲۷ آگست ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


لاہور

منگل کے روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ارشد شریف شہید کے قتل کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنانے کی حامد میر کی درخواست پر سماعت کی۔اٹارنی جنرل منصور اعوان، حامد میر اور وکیل شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت کی کارروائی شروع ہونے پر اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ کینیا حکومت کے ساتھ معاہدہ ہونا ہے، کینیا حکومت کی جانب کسی حد تک تو ایکسس دی گئی تھی، جس کے بعد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تیار کی گئی، جب وہ رپورٹ پبلک ہوئی تو کینیا حکومت نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ایکسس ختم کر دی گئی، اس کے بعد کینیا میں الیکشن ہو گئے اس کے بعد رپورٹ مکمل کی گئی۔ معاہدے کا ڈرافٹ تیار ہونے کے بعد کابینہ نے منظور کر لیا ہے اب کینیا بھیجا جائے گا، جبکہ ارشد شریف شہید کے معاملے میں دو پاکستانیوں سے تفتیش کی گئی ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ جوڈیشل کمیشن سے متعلق درخواست ہے، معاہدہ ہوا ہے یا نہیں ہوا جو بھی ہے اس پر پاکستان کا کیا موقف ہے، جے آئی ٹی کا کیا طریقہ کار ہے؟

جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جے آئی ٹی کی سپریم کورٹ میں رپورٹ چیمبر میں جمع کروائی جاتی ہے، سپریم کورٹ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، سپریم کورٹ کا 5 رکنی بنچ تشکیل دیا جا چکا ہے۔کیس گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سنا جائے گا۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارک دیے کہ اگر پاکستان میں جوڈیشل کمیشن بنتا ہے تو کیا کینیا میں انوسٹیگیشن کر سکتے ہیں؟ کینیا کے حکام تو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں۔جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسا نہیں ہو گا کینیا کے ساتھ معاہدہ کے بعد بھی مشکالات ہونگی۔

دخواست گزار کے وکیل شعیب رزاق نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہماری درخواست ہے ارشد شریف کے ساتھ ساتھ دیگر صحافیوں کے قتل سے متعلق بھی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، جبکہ درخوست گزار حامد میر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دیگر 14 صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، کوئی صحافی کسی حادثے میں نہیں مارا گیا، بلکہ بم دھماکہ یا گولی سے مارا گیا ہے۔

وکیل شعیب رزاق نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ارشد شریف کے پاس کسی ملک کا ویزہ نہیں تھا۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو کچھ کل ہوا پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، ابھی بھی نوجوان ملک سے باہر جا رہے ہیں ، ارشد شریف بھی پاکستان کا شہری تھا۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ یہ جو معاہدے کی بات کر رہے ہیں یہ کب تک ہو جائے گا؟

جس پر اٹارنی جنرل نے کہا میوچول لیگل ایسسمنٹ سے متعلق ہم دفتر خارجہ کو کہہ سکتے ہیں وہ کینیا کے سفیر سے ریکوسٹ کر سکتے ہیں ، اگر جوڈیشل کمیشن بن بھی جاتا ہے تو کینیا میں جا کر وہاں لوگوں سے تفتیش نہیں کر پائے گا۔عدالت نے ارشد شریف شہید کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی حامد میر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دنوں میں سنائے جانے کا امکان ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here