۲۷ اگست ۲۰۲۴
تحریر : دوران بلوچ
کوہلو
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 25 اگست کی شب گیارہ بجے کے قریب راڑہ شم کے مقام پر دہشت گردی کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جسمیں نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ لگا کر بسوں اور مسافر گاڑیوں کو روک لیا۔مسلح افراد نے شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد گاڑیوں سے مسافروں کو اتارا اور اُنھیں قریبی پہاڑی پر لے جا کر بے دردی سے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق افسوسناک واقعے میں 23 افراد قتل کئے گئے جن میں زیادہ تر کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔پاکپتن کے رہائشی عبدالغفور کو بھی اس واقعے میں قتل کیا گیا۔عبدالغفورکی اہلیہ واقعے کے وقت اُن کے ہمراہ تھیں اور وہ کوئٹہ سے پاکپتن آرہے تھے۔ وہ اُس منظر کی عینی شاہد ہیں کہ جب اُنکے شوہر کو انکی آنکھوں کے سامنے گولیاں ماری گئیں ۔
’’جب ہمیں بس سے اتارا گیا تو میرے شوہر نے مجھے بچانے کی کوشش کی، مگر مسلح افراد نے انہیں بے دردی سے گولی مار دی۔ میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے شوہر کو مرتے دیکھا۔‘‘
اس واقعے میں نہ صرف معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ 33 گاڑیوں کو بھی آگ لگا کر خاکستر کر دیا گیا۔ ان گاڑیوں میں کوئلہ، سبزیاں، اور پھل لادے ٹرک اور مزدا گاڑیاں بھی شامل تھیں۔اس واقعے میں زیارت کے حبیب الرحمن کا سبزی سے لوڈ ٹرک بھی جلایا گیا۔ وہ بھی اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔
’’میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا ٹرک جلتا دیکھا۔ ہم کچھ بھی نہیں کر سکے، بس بے بسی سے اپنی گاڑیوں کو جلتے ہوئے دیکھتے رہے۔‘‘
واقعے کا ایک اور عینی شاہد صدام جو موقع پر موجود تھا، بتاتا ہے کہ کس طرح مسافروں پر فائرنگ کی گئی اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔
’’جب ہمیں بسوں سے اتارا گیا تو ہم سب خوف کے عالم میں تھے۔ انہوں نے مسافروں پر گولیاں برسا دیں اور ہماری آنکھوں کے سامنے گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ وہ لمحہ میری زندگی کا سب سے بھیانک لمحہ تھا۔‘‘
واقعے میں قتل ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کو راڑہ شم کے بنیادی صحت مرکز میں ابتدائی کارروائی کے بعد اُن کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیا گیا۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ایچ آر سی پی، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی بلوچستان نے واقعے کی مذمت کی۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا اعلان بھی کیا۔