۲۸ آگست ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
سپریم کورٹ آف پاکستان نے سزائے موت کے قیدی کی نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے یہ قرار دیا ہے کہ کسی شخص کو جیل میں عمر قید یا اس سے زیادہ عرصے تک قید میں رکھنا ایک مکمل اور الگ سزا ہوتی ہے۔یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سنایا جس میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل تھے۔
عدالت نے فیصلہ میں یہ بھی کہا کہ کسی مجرم کو موت کی سزا سنانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ قیدی کو غیر معینہ مدت کے لیے موت کی کوٹھری میں بند کر کے اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جائے۔
عدالت عظمیٰ نے فیصلہ قتل کے الزام میں قید غلام شبیر کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست پر سنایا۔ غلام شبیر کو 1990 میں دو افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 1994 میں ٹرائل کورٹ نے ملزم کو دو دفعہ سزاۓ موت سنائی جس کو ہائی کورٹ نے برقرار رکھا۔
اپنی سزا کے خلاف غلام شبیر نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس کو کورٹ نے 2015 میں خارج کر دیا تھا۔ تاہم ملزم نے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ کیوں کہ اس نے گرفتاری کے وقت سے لے کر اب تک جو وقت قید میں گزارا ہے وہ عمر قید سے بھی زیادہ بنتا ہے لہذا اس کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دینا چاہئے۔
عدالت نے ملزم کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اس کی موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سزائے موت کی توثیق پر مجرم کو اس کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ لیکن قانونی کارروائی کے اختتام میں تاخیر اور اس کے بعد کی سزائے موت پر عمل درآمد میں تاخیر، کسی مجرم کو ایک ہی جرم میں دو دفعہ سزا دینے کے مترادف ہوگا جو نہ تو قانون اور نہ ہی اسلام کے احکام کے تحت جائز ہے۔‘‘
حکومت سزائے موت کے قیدیوں کا قید کا دورانیہ کم کرے:
عدالت نے مزید کہا کہ ایک بار جب فیصلہ حتمی ہو جاتا ہے تو یہ ضروری ہے کہ اس پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ ’’تمام متعلقہ حکومتوں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق پالیسی بنانے، قوانین بنانے اور/یا موجودہ قوانین میں ترمیم کرنے پر غور کرنا چاہیے، تاکہ سزاۓ موت کے قیدیوں کی موت کے سیلوں میں قید کی مدت کو ممکنہ حد تک کم کیا جا سکے۔‘‘
عدالت نے جیل میں ڈیتھ سیل میں قید افراد کی حالت زار پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیتھ سیل کے قیدی کے حالات دیگر قیدیوں کی نسبت بدترین ہوتے ہیں۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ’’ڈیتھ سیل میں رہنے والے تمام قیدی نہ صرف آئینی حقوق سے محروم ہیں بلکہ وہ ذہنی دباؤ میں بھی رہتے ہیں۔‘‘
عدالت نے نوٹ کیا کہ وفاقی شرعی عدالت نے ایک فیصلے میں ڈیتھ سیل کے قیدیوں کی حالت سے متعلق کچھ ہدایات وفاقی حکومت کو جاری کی تھیں مگر لگتا ہے کہ مذکورہ فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔
ڈیتھ سیلز کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہوتی ہے:
جیل میں ڈیتھ سیلز کی حالت زار سے متعلق لکھتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ’’ ڈیتھ سیلز میں رہنے کی حالت نہایت ناگفتہ بہ ہوتی ہے اور دیگر قیدیوں، بشمول عمر قید کی سزا پانے والوں کی حالت سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔ ڈیتھ سیل میں قیدی کو سخت نگرانی، پہرے اور تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔ ہر قیدی کے لیے جو کوٹھری فراہم کی جاتی ہے، وہ تقریباً نو ضرب بارہ فٹ کی ہوتی ہے، جس میں ایک ہی بیت الخلا ہوتا ہے جسے کوٹھری میں قید تمام قیدی مشترکہ طور پر استعمال کرتے ہیں، جو ان کی پرائیویسی کو متاثر کرتا ہے۔ قیدی کو دن میں دو بار صرف آدھے گھنٹے کے لئے کوٹھری سے باہر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ سزائے موت کے قیدی کو کسی بھی غیر نصابی سرگرمی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ دیگر قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں اور حقوق کا مستحق ہوتا ہے۔ مجرم کو ایسی غیر انسانی حالت میں رہنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ سزا کے نفاذ کی تاریخ اور وقت غیر یقینی ہوتا ہے، جو کہ قیدی کے لیے ہولناک احساسات پیدا کرتا ہے اور اضطراب کا باعث بنتا ہے۔ یہ صرف قیدی ہی نہیں جو مصیبت اٹھاتا ہے بلکہ اس کا خاندان بھی ذہنی اذیت کا سامنا کرتا ہے.‘‘
جیل قوانین بنیادی حقوق سے متصادم نہیں ہو سکتے:
عدالت نے واضح کیا کہ تمام قیدی جیل کے قانون کے تابع ہیں، لیکن قوانین بنیادی حقوق سے متصادم نہیں ہونے چاہئیں۔
جسٹس مندوخیل نے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت سزائے موت پانے والے قیدی کو معاف کرنے کے صدر کے اختیار کے معاملے کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈیتھ سیلز میں قید اکثر قیدی جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے صدر کو رحم کی درخواستیں جمع کراتے ہیں جس میں تاخیر ہوتی ہے۔
جسٹس مندوخیل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طریقہ کار یا طریقہ کار کی کمی کی وجہ سے رحم کی درخواستوں کا فیصلہ کرنے میں برسوں لگ جاتے ہیں اور سزائے موت پر عملدرآمد میں تاخیر کا یہ ایک بڑا سبب ہے۔عدالت نے نیلسن منڈیلا رولز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قید کے دوران قیدیوں کی حالت کو اضافی سزا دینے یا ان کی مشکلات میں اضافہ کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ حکومت پرانے جیلوں کے قوانین کو اپ ڈیٹ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ان پر عمل درآمد ہو اور تمام قیدیوں، خاص طور پر سزائے موت کے قیدیوں کے بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے.