۲۸ آگست ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے نواحی علاقے رونتی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مقامی صحافی بچل گھنیو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مبنیہ طور پر بچل گھنیو پر الزام تھا کہ انہوں نے حکومتی انعام کے لئے اپنی برادری کے شخص بشیر گھنیو کا نام انتہائی مطلوب ڈاکوؤں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے پولیس سے ساز باز کی تھی۔ بشیر گھنیو نے اپنی ایک ویڈیو میں یہ الزام مقتول صحافی پر عائد کیا تھا اور ویڈیو ریکارڈ کرانے کے بعد اس نے خود کشی کر لی تھی۔

رونتی کے مقامی صحافی مظہر حسین چاچڑ نے واقعہ کے حوالے سے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ

مقتول صحافی بچل گھنیو
مقتول صحافی بچل گھنیو

’’بچل گھنیو رونتی کچے کے علاقے بھیا وال میں رہتا تھا انکی اپنی ہی برادری کے لوگوں کا یہ الزام تھا کہ بچل گھنیو نے انعام کی لالچ میں ان کے ایک بندے بشیر گھنیو کا نام جرائم پیشہ فرد کے طور پر پولیس کو دیا اور پولیس نے اس کے سر کی قیمت مقرر کر دی۔ بشیر گھنیو نے کچھ عرصہ قبل فیس بک پر لائیو آکر خودکشی کی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ میں بے گناہ ہوں مجھے پولیس بے جا تنگ کر رہی ہے ۔ اس خود کشی کا الزام بچل گھنیو کے سر پر تھا کہ اس نے پولیس کو بشیر کا نام دیا۔‘‘

مظہر حسین کا مزید کہنا تھا کہ ’’بچل گھنیو نے برداری کے جرگے کے ذریعے قرآن پر ہاتھ رکھ کر یہ الزام کلیئر بھی کراولیا تھا کہ اس نے پولیس کو بشیر گھنیو کا نام نہیں دیا لیکن پھر بھی اسے کل اپنے ہی گاوں میں جب وہ گنے کی فصل کے باہر کھڑا تھا، فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ۔‘‘

واقعہ کی ایف آئی آر بشیر گھنیو کی فیملی کے سات معلوم اور ایک نامعلوم فرد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلی گئی ہے ۔

نصرالل گڈانی

یاد رہے سندھ میں رواں سال اب تک یہ قتل ہونے والے دوسرے صحافی ہیں۔ اس سے قبل گھوٹکی ضلع میں روزنامہ ‘عوامی آواز’ سے منسلک صحافی نصر اللہ گڈانی کو بھی میرپور ماتھیلو میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جو کئی روز زیرِ علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔

پاکستان میں آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے سرگرم غیر سرکاری تنظیم فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اقبال خٹک نے صحافی بچل گھنیو کے قتل پر وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’گھوٹکی میں یہ دوسرا قتل کا واقعہ ہے اسی سال صحافی نصراللہ گڈانی کا بھی قتل ہوا تھا ۔ سندھ کی صورتحال تھوڑی مختلف اس لئے بن جاتی ہے کہ وہاں صحافیوں کے تخفظ کے لئے حکومت نے باقاعدہ قانون بنایا ہے اس قانون کے تحت ایک کمیشن بھی بنایا گیا ہے لہٰذا سندھ میں اگر یہ واقعات ہو رہے ہیں تو یہ زیادہ تشویشناک ہے کہ اس قانون اور کمیشن کے ہوتے ہوئے وہ لوگ جو آزاد صحافت میں یقین نہیں رکھتے، وہ لوگ جو میڈیا کی آزادی برداشت نہیں کر سکتے ہیں، وہ بلا خوف صحافیوں پر حملے کر رہے ہیں۔‘‘

رواں سال پاکستان میں صحافیوں کی ہلاکتوں کی پریشان کن صورتحال پر فریڈم نیٹ ورک کی طرف سے جمع کردہ اعدادو شمار بیان کرتے ہوئے اقبال خٹک نے بتایا کہ جنوری 2024 سے اب تک دس صحافی اور ایک یوٹیوبر پاکستان میں قتل ہوچکے ہیں۔

’’رواں سال پاکستان میں دس صحافی اور ایک یوٹیوبر قتل ہوئے ہیں۔ ابھی سال مکمل بھی نہیں ہوا آٹھواں مہینہ جاری ہے۔ اگر آٹھ مہینے میں گیارہ صحافی قتل ہوتے ہیں تو ہر مہینے ایک سے زیادہ صحافی اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے قتل ہو رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے ۔ اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ حکومت اس معاملہ کو لے کر اس طرح سنجیدہ نہیں جیسا اسے ہونا چاہیے۔‘‘

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بناکر قاتلوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here