تحریر: عصمت اللہ نیازی


 

اس سال مئی جون سے بجلی کے بلوں میں ہوش اڑا دینے والے اضافے کے بعد نہ صرف ملک بھر میں مہنگائی میں نہ رکنے والا طوفان شروع ہوا، بلکہ بجلی پیدا کرنے والے نجی شعبہ کے کارخانوں جنھیں عرف عام میں آئی پی پیز کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے اُنکے اور اُنکے مالکان کی لوٹ مار پر بھی بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

روزنامہ ڈان کی 20اگست کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ان آئی پی پیز کے لگنے کا آغاز 1990 کی دہائی سے شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔ یہ بجلی گھر پاکستان کے 40 انتہائی بااثر خاندانوں کی براہ راست ملکیت ہیں ، جنکے اقتدار کے ایوانوں میں براہ راست یا بلواسطہ رشتہ داری یا عزیز داری تعلق واسطے ہیں۔ ان بجلی گھروں کو نوے کی دہائی کے آغاز سے 2023-24 کے مالی سال تک 12 کھرب روپے سے زائد کے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی۔جو آئی پی پیز کے لیے ٹیکس استثنیٰ کیپیسٹی چارجز سے تجاوز کر گئے ہیں، اس کا حجم رواں مالی سال میں تقریباً 21 کھرب روپے ہونے کی توقع ہے۔

ٹیکسوں میں چھوٹ کا یہ سلسلہ ہر اُس دور میں جاری رہا جب جب یہ منترا یا بیانیہ سامنے آیا کہ” پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے” یا پھر یہ کہا گیا کہ ” پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لئے ہر ایک کو حصہ ڈالنا ہوگا ، قربانی دینی ہو گی۔‘‘

یہ بھی بار بار کہا گیا کہ بس مشکل دور جلد ختم ہوگا ، لیکن نہ مشکل دور ختم ہوا نہ پاکستان مشکل موڑ کو کراس کر سکا۔ملک کی آزادی سے شروع ہونے والا سیٹھ کے پاکستان میں لوٹ کھسوٹ کا یہ سلسلہ یہیں نہیں رکتا بلکہ چلتا ہی جاتا ہے۔دنیا کے معروف معیشت دان، ڈاکٹر محبوب الحق مرحوم نے 1968 میں پاکستان کے چیف اکانومسٹ کی حیثیت سے کراچی میں تقریر کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ملک کی معیشت پر بائیس خاندانوں کا قبضہ ہے.66فیصد صنعتیں, 70فیصد انشورنس کمپنیاں ، اور 80فیصد بنک ان بائیس خاندانوں کی ملکیت ہیں۔

معروف معیشت دان ڈاکٹر حفیظ پاشا گاہے بگاہے اپنی تحریروں ،تقریروں اور انٹرویوز کے ذریعہ گرتی معیشت اور اشرافیہ کی لوٹ مار کی داستانیں بیان کرتے رہتے ہیں. انکے مطابق موجودہ بحران کی زیادہ ذمہ داری ملکی اشرافیہ پر عائد ہوتی ہے۔ جو چار ہزار ارب روپے کی مراعات لیے ہوئے ہے وہ اگر دو ہزار ارب کی مراعات چھوڑ بھی دے تو اس سے بھی عام آدمی کو ریلیف مل سکتا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ پاشا کے بقول پاکستان کی بہترین 22 فیصد زرعی زمین اس وقت ایک فی صد اشرافیہ کے پاس ہے جو کہ اس سے 950 ارب روپے سالانہ کما کر صرف 3 ارب روپے کا ٹیکس ادا کرتی ہے۔ دوسری طرف گھی ، چائے اور مشروبات سمیت کھانے پینے کی چیزوں پر ٹیکس لگا کر غریب لوگوں سے 450 ارب روپے واپس لے لیے جاتے ہیں. انکے بقول موجودہ بحران بائیس تیئس سالوں کی کہانی ہے جس میں سول اور ملٹری دونوں طرح کی حکومتیں شامل ہیں۔

پاکستان کی معیشت میں ٹیکسٹائل کی صنعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، جس پر سیٹھ کی گرفت ہمیشہ سے مضبوط رہی ہے اور ہر حکومت چاہے وہ منتخب ہو یا پھر فوجی، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوایشن کی اپیلیں ملک کے تمام بڑے اخبارات، چاہے وہ انگریزی ہوں یہ اردو یا پھر علاقائی زبانوں کے اخبارات، ان میں اشتہارات کی شکل میں نمودار ہونا شروع ہو جاتی ہیں، کہ ملک کی سب سے بڑی صنعت خطرے میں ہے ، تباہی کے دھانے پر ہے ، نہ بچایا تو خدا نخواستہ ملک ڈوب جائے گا۔

اگر 2020-25 کی ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پالیسی کا جائزہ لیں تو اس میں 200۔ ارب روپے بجلی، 150 ارب گیس 400 ارب Drawback on Local Taxes and Levies (DLTL) کی مد میں اور 200ارب قرضوں کی مد میں کئی رعایتیں رکھی گئیں ۔گذشتہ نگران حکومت کے وزیر اور ماضی میں ایپٹما کے چیرمین ڈاکٹر گوہر اعجازخود بھی ٹیکسٹائل ملوں کے مالک ہیں اور ٹی وی چینل میں حصہ دار بھی ، نگران حکومت کی وزارت سے ہٹنے کے بعدانہوں نے ہی آئی پی پیز کی لوٹ مار کا پول کھولا، پوری ٹیکسٹائل انڈسٹری، یہ کہہ کر بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں کہ جب تک ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نوں سینٹ فی یونٹ بجلی نہیں ملتی ہم ٹیکسٹائل ملیں نہیں چلا سکتے۔

شوگر ملوں کی بھی یہی صورتحال ہے کیوں کہ ہر سیاسی پارٹی کی بڑی چھوٹی لیڈرشپ شوگر ملوں کی مالک ہے ، اور انہوں نے اپنے سیاسی اختلافات سے بلا تر اور متحد ہو کر ہر سال شوگر سبسڈی کا اعلان کرا کر یا تو شوگر برآمد کرنا ہوتی ہے یا قلت کا شور مچا کر اربوں کھربوں کا دھندہ کرنا ہوتا ہے۔

اس دھندے میں ریاست بھی ملک کی آزادی کے چند سال بعد سے ہی ہاتھ رنگ رہی ہے . گزشتہ ہفتے نیشنل پریس کلب میں ایک سیمینار کے دوران سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا کنٹریکٹر فرنٹیر ورکس آگنایزشن (FWO ) سب سے بڑا کارپوریٹ ادارہ فوجی فاونڈیشن، اور سب سے بڑے لینڈ ڈیولپرز ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی ( D H A ) ہے۔یہ وہ حقائق ہیں جو سیٹھ سیاست دانوں اور ریاست کا مضبوط اور گہرا گٹھ جوڑ ثابت کرتے ہیں۔ یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق صرف 2022 میں ‘نیا پاکستان’ بنانے والی جماعت تحریک انصاف کی حکومت نے ان تینوں گروپوں کو 17 ارب ڈالر کی سبسڈیز دی اور یہ سلسلہ سنگین ترین معاشی بحران کے باوجود نہ رکا اور نہ ہی رکنے والا ہے۔

صرف یہی نہیں سیٹھ مافیا پیداوار اخراجات اور منافع کے دو کھاتے بنا کر اور اضافی آمدنی ہنڈی حوالہ کے ذریعہ دبئی اور امارات منتقل کر کے ٹیکس چوری میں بھی ملوث ہے لیکن اُن سے پوچھنے والا نہیں۔

ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے صرف گذشتہ سال 8لاکھ 62 ہزار افراد جن میں سے اکثریت نوجوانوں کی ہے بیرون ملک روزگار کی تلاش میں منتقل ہو چکی ہے۔ یورپ جانے والے یہ نوجوان ہیومن اسمگلرز کے ہاتھوں چڑھ کر ڈنگی کشتیوں میں سوار ہو کر اپنی جان راستے میں کھو بیٹھتے ہیں ، لیکن سیٹھ کی اولاد غیرملکی شہریت لے کر بھی یہاں اپنی بڑی بڑی مہنگی ترین گاڑیوں کے نیچے چار چار پانچ افراد کو کچل دیں تو چند گھنٹوں میں با عزت گھر پہنچا دئیے جاتے ہیں کیوں کہ پولیس قانون اور عدالتیں انکے گھرکی لونڈیاں ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here