۳۱ آگست ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پاکستان میں کئی ہفتوں سے مختلف مراحل میں انٹرنیٹ کی سپیڈ میں کمی دیکھی گئی جب کہ موبائل ڈیٹا استعمال کرنے والے صارفین کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ واٹس ایپ پر وائس نوٹ، تصاویر اور ویڈیوز ڈائونلوڈ کرنے میں بھی دشواری پیش آئی، جبکہ فیس فک سمیت دیگر اپلیکیشنز پر بھی رسائی بغیر ورچول پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) نہیں ہو پائی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس یعنی ٹویٹر کئی ماہ سے بند ہے، جس پر رسائی صرف وی پی این کے ذریعے ہی کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں ایکس استعمال کرنے والے صارفین میں کمی بھی دیکھی گئی۔
انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور سوشل میڈیا اپلیکیشنز پر رسائی نہ ہونے پر پچھلے کئی دنوں سے نے دیکھا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سے جڑے لوگ ، جن کا کاروبار اور روزگار انٹرنیٹ سے وابستہ ہے، ان کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ انٹرنیٹ پر سوفٹ وئیر انجنئیرز اپنا کام جن فریلانس ویبسائیٹس سے لیتے تھے انہیں بھی پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے کے باعث کام دینے سے انکار کردیا تھا، اور پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملین ڈالرز کا نقصان ہوا۔
اس مسئلے پر حکومت پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مختلف موقف سامنے آئے، کبھی انہوں نے فائروال لگانے کا اعتراف کیا تو کبھی کہا گیا کہ انٹرنیٹ کی سپیڈ میں کمی وی پی این کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہوئی۔
اس پر ڈیجیٹل رائٹس ایکٹیویسٹ سمیت انٹرنیٹ سے جڑی کمپنیوں نے تحفظ کا اظہار کیا، جبکہ کافی سیاسی جماعتوں نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہا گیا کہ حکومت عوامی اور جمہوری آواز کو دبانا چاہتی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کافی کمی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی اور مانیٹرنگ اور سرویلنس ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق شفافیت کو یقینی بنائے۔
انٹرنیٹ کے اس مسئلے پر جمعے کے روز قومی اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں انتظامیہ نے سوال جواب کے سیشن میں قومی اسمبلی کو مطلع کیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ مواد کے انتظام کے لیے ویب مانیٹرنگ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) تعینات کیا ہے جو کہ قانون کے مطابق نہ ہونے والی ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس پر وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ڈیجیٹل رائٹس ایکٹیوسٹ فریحہ عزیز کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایم ایس سسٹم 2019 میں بھی لگایا گیا تھا، اس کو بھی چھپایا گیا تھا، پھر رواں سال جنوری کے مہینے میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہوئی تو اس وقت کی نگران حکومت نے یہ بتایا کہ سسٹم اپگریڈ ہورہا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی محسوس کی جارہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اب تسلیم کرلیا ہے کہ ڈبلیو ایم ایس سسٹم اپڈیٹ کیا گیا ہے اور اس سے اب ویبسائٹس کی بلاکنگ ہورہی ہے۔
حکومت نے ڈبلیو ایم ایس سسٹم اپڈیٹ کرنے کے حوالے سےتو تسلیم کرلیا ہے لیکن ابھی تک یہ انہیں بتایا کہ یہ سسٹم کس کمپنی کا ہے اور اس کی کیا کیپیسٹی ہوگی،اور یہ کس طرح کام کرےگا۔