۳ ستمبر ۲۰۲۴
تحریر : اعتزاز ابراہیم
لاہور
گزشتہ روز سینٹ اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں بغیراجازت جلسے پر تین سال اور دوسری بارغیرقانونی جلسے پر 10سال قید کی سزا کا بل پیش کیا گیا ۔’’پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر بل 2024‘‘ سینیٹ میں حکومتی جماعت کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پیش کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی ، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی نے بل کی حمایت۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔
بل کے مسودے کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ اجازت دینے سے پہلے امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس رپورٹس حاصل کرے گا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی(جلسے، ریلی ،اجتماع) کا کوآرڈی نیٹر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو سات روز قبل اسمبلی کی تحریری درخواست دے گا، اسمبلی کی جائز وجوہات نہ دینے پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جلسے کی اجازت نہیں دے گا اور جلسے کی اجازت نہ دینے کی تحریری وجوہات دے گا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ کے پاس جلسے پر پابندی کا اختیار ہو گا۔ میجسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے انچارج افیسر(ایس ایچ او) کو اسمبلی کو منتشر کرنے کی ہدایت دے سکتا ہے ۔ اگر جلسہ منتشر نہیں کیا جاتا تو پولیس افسر اسے طاقت کے زریعے منتشر کر سکتا ہے۔ اور پولیس کے پاس غیر قانونی جلسے کے ارکان کو گرفتار اور حراست میں لینے کا اختیار بھی ہوگا۔
بل کے متن کے مطابق جلسے کی مختص جگہ حکومت کا مختص کردہ علاقہ ہو گا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جلسے کی اجازت دینے سے قبل امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس لے گا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مختص علاقے کے علاوہ کہیں اور جلسے کی اجازت نہیں دے گا۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اپنے اجازت نامے کی قومی سکیورٹی رسک، تشد کے خدشے، پبلک ڈس آرڈر پر ترمیم کرسکتا ہے، حکومت اسلام آباد کے کسی مخصوص علاقے کو ریڈ زون یا ہائی سکیورٹی زون قرار دے سکتی ہے جہاں اسمبلی کی ممانعت ہو گی۔
بل کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے پاس اسمبلی پر پابندی کا اختیار ہو گا اگر وہ پبلک سیفٹی یا قومی سکیورٹی کیلئے رسک ہو، امن و امان کی خرابی کے رسک کی مصدقہ رپورٹ ہو یا روز مرہ کی سرگرمیاں متاثر کرے، اسمبلی پر پابندی کی وجوہات تحریری طور پر دی جائیں گی جبکہ متاثرہ شخص پندرہ روز کے اندر اپیل کر سکتا ہے۔
بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ غیر قانونی اسمبلی کے رکن کو تین سال تک سزا اور جرمانہ ہو گا، اس قانون کے تحت عدالت سے تین سال سزا پانے والے شخص کو دوبارہ دہرانے پر دس سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
سینٹ کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلسے جلوسوں سے آدمی کی زندگی متاثر نہیں ہونی چاہیے، اسلام آباد میں جس کا دل کرے آکر جلسے جلوس کہیں بھی کر دیتا ہے، اس بل کے تحت جلسے کی جگہ مختص ہو گی، بل بہت مناسب ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بل بدنیتی پر مبنی ہے، پی ٹی آئی کے جلسوں کو روکا جا رہا ہے، بل کی مخالفت کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون پی ٹی آئی سے متعلقہ ہے، ایسے قانون نہ لائے جائیں، یہ بل پارلیمنٹ کی بدنیتی سمجھی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھجوا کر دو دن میں رپورٹ طلب کر لی۔

ہیومن رائٹس کیمشن آف پاکستان نے بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’’ یہ بل آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت پرامن اسمبلی کی آزادی کے لوگوں کے حق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو اس طرح کا قانون نہ صرف سیاسی مخالفت کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے بلکہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے کارکنان پر بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ہم قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ بل کو مسترد کیا جائے۔‘‘