رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد:
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے اسلام آباد سے لاپتہ نوجوان فیضان عثمان کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری، ہادی علی چٹھہ، جبکہ وفاق سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دُگل و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ جبکہ سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی عدالتی حکم پر عدالت میں پیش ہوئے۔
آئی جی اسلام آباد نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میں نے لاپتہ فیضان کے والد کے ساتھ آدھا گھنٹہ گزارا یے، فیضان کی لوکیشن پہلے اسلام آباد اور 17 اگست کو لاہور کی لوکیشن آئی ہے، ہم نے فوٹیجز دیکھی ہیں، ایک فوٹیج میں کچھ لوگوں کے چہروں پر ماسک ہیں، دوسری فوٹیج میں نظر آنے والے لوگوں کے چہرے واضح نہیں ہیں، تاہم گاڑیاں واضح نظر آ رہی ہیں، ہم نے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کو گاڑیوں سے متعلق معلومات کیلئے لکھا ہے، سیف سٹی کا ریکارڈ ایک ماہ کا ہوتا ہے، اس واقعے کو دو ماہ ہو چکے، ہمیں جائے وقوعہ کے پاس فیکٹریوں کو چیک کرنا پڑے گا اگر وہاں کہیں سے فوٹیج مل جائے۔
آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو مزید بتایا کہ گھر والوں نے کہا کہ فیضان 3 جولائی سے لاہور سے لاپتہ ہیں مگر وہاں کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، واٹس ایپ ٹریکنگ کےلئے ہم نے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور سی ٹی ڈی لاہور کو لکھا ہے۔
اس پر جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ الزام حساس ادارے پر ہے، تو کیا آپ نے وہاں سے کچھ پوچھا؟
آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا کہ ہم نے وزارتِ دفاع سے رابطہ کیا ہے۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے حساس ادارے سے رابطہ کریں، وہ وزارتِ دفاع کے نہیں بلکہ براہ راست وزیراعظم کے ماتحت ہیں، ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ بغیر کسی خوف کے جاری ہے، شہریوں کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، اگر آپ ناکام ہونگے تو شہری عدالتوں کے پاس آئیں گے، گھر میں ویگو ڈالے آ گئے، بندہ اٹھا لیا، ایس ایچ او سمیت کسی کو پتہ ہی نہیں، ہم سب کو پتہ ہے کہ یہ سب کس طرح سے ہوتا ہے، میں آپ کو پیر تک کا وقت دیتا ہوں، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کے ساتھ پیش ہوں۔
اس پر آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو کہا استدعا ہے کہ پیر کے بجائے منگل تک کا وقت دیدیا جائے۔
جس پر عدالت نے کہا ٹھیک ہے، اگر پولیس کو کسی سے بھی معاونت کی ضرورت ہو تو لے سکتی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔