۱۶ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
اسلام آباد: پیر کے روز سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان نے دیگر بار کے ممبر اور وکلاء کے ساتھ مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی وقت ہے اور نہ ماحول ہے آئینی پیکج لانے کا، یہ فارم 47 کے ایم این ایز ہیں انہیں جب مرضی گھیر کر جو مرضی کروا لیں، آئینی ترامیم کے معاملے پر آئین کا جنازہ نکالا جا رہا ہے، وکلاء اس ترمیمی بل کو پیش ہونے سے پہلے ہی مسترد کرتے ہیں، جس طرح مشرف کے خلاف تحریک چلائی اسی طرح ان کے خلاف بھی چلائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ہوتے ہوئے کوئی کانسٹی ٹیوشن کورٹ نہیں بن سکتی، اگر فیڈرل کانسٹی ٹیوشن کورٹ بنانا ہے تو ہم وکلاء کی لاشوں پر سے گزرنا پڑے گا۔جبکہ وکلاء نے 19 ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ سے تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان بھی کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے حامد خان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی تبدیلی کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کو بھی نہیں مانتے، آج ہی منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس نوٹیفیکشن جاری کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم 26 اکتوبر کو منصور علی شاہ کے علاوہ کسی کو چیف جسٹس نہیں مانیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ کے سہولت کار اپنے آپکو پارلیمنٹیرینز کہہ رہے ہیں، لیکن اس ملک میں سب سے زیادہ طاقت اس کالے کوٹ کی ہے، ہم کچھ بھی ذاتی مفاد پر نہیں کریں گے، تمام وکلاء سے گزارش ہے کہ 19 ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ اکھٹے ہو کر تحریک کا آغاز کریں۔