لاہور: سندر پولیس کی زیر حراست 55 سالہ ملزم جاں بحق، ورثا کا پولیس تشدد کا الزام

0
414

۱۶ ستمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے سندر میں پولیس کی زیر حراست 55 سالہ یعقوب نامی شخص اتوار کے روز دوران حراست جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یعقوب نامی ملزم کو حراست میں اچانک خون کی الٹیاں آنے لگیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر سول ہسپتال مانگا منڈی منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ جبکہ ورثا نے الزام عائد کیا کہ یعقوب کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

سندر پولیس کے مطابق یعقوب کے خلاف چار روز قبل ایک شہری پر تشدد کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور اسے اس مقدمہ میں ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا۔ یعقوب کو سندر پولیس کے زیر حراست رکھا گیا تھا جہاں اس کی حالت اچانک بگڑ گئی اور خون کی الٹیاں ہونے لگیں۔ مانگا منڈی سول ہسپتال منتقل کرنے کے باوجود اس کی جان نہیں بچائی جا سکی۔

یعقوب کے اہل خانہ اور ورثا کی جانب سے واقعہ کے خلاف پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا گیا اور پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ۔ ورثا کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے یعقوب کو مخالف پارٹی کے ساتھ مل کر نشہ آور چیز کھلائی، جس کے نتیجے میں اس کی حالت خراب ہوئی اور بعد میں اس کی موت واقع ہو گئی۔ یعقوب کے خاندان نے الزام لگایا ہے کہ سب انسپکٹر محمد اقبال نے یعقوب کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی اور اسے بلاوجہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے وہ جان کی بازی ہار گیا۔

 

انچارج انوسٹیگیشن تھانہ سندر سلیم سندھو نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ورثا کہ الزام کی تردید کرتے ہوئےکہا کہ ’’ملزم ہیپاٹائٹس کا مریض تھا ،ملزم کو ایک مقدمے میں ہفتے کی رات کو گرفتار کیا گیا، رات گئے ملزم کی طبعیت خراب ہوئی اور اسے خون کی الٹیاں آنا شروع ہوگئیں۔ اسے ہسپتال لے کر جایا گیا لیکن خون زیادہ نکلنے پر موت ہوگئی۔ ڈاکٹر نے ہمیں ابتدائی طور پر بتایا کہ ملزم کا بلڈ پریشر اچانک زیادہ ہوا اور خون کی شریان پھٹ گئی جس سے موت واقع ہوئی۔ مزید چیزیں تین سے چار دن بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوجائیں گی‘‘۔

دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد اقبال کو معطل کر کے ایس پی انویسٹی گیشن صدر کو تین دن میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here