۱۸ ستمبر ۲۰۲۴

تحریر: فوزیہ کلثوم رانا


 

بلاشبہ تحریری طور پر آئین پاکستان تمام مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت برابری دیتا ہے جبکہ آرٹیکل 15 کے مطابق انہیں آزادانہ نقل و حرکت کا بھی حق حاصل ہے اور آرٹیکل 9 کے تحت ان کے جان و مال کا تحفظ اور آئین کے آرٹیکل 8 سے 28 تک کے 21 بنیادی انسانی حقوق دیے گئے ہیں، جو اقلیتی برادریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاؤہ تعلیم اور روزگار کے لیے مخصوص کوٹے، اور مذہبی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لیے فنڈز جیسی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔

اس کے باوجود، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی اقلیتی برادری کی خواتین کبھی بھی پاکستان کے ایوانِ زیریں (صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی یا سینیٹ) کا حصہ نہیں بن سکیں۔ نہ تو انہوں نے عام انتخابات میں حصہ لیا اور نہ ہی مخصوص نشستوں پر اسمبلیوں کا حصہ بن پائیں۔اگرچہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتی برادری کے لیے 2 نشستیں مخصوص ہوتی ہیں، لیکن ان پر کبھی بھی کوئی خاتون رکن اسمبلی نہیں بن سکی۔ ہر بار سکھ، ہندو یا مسیحی برادری کے مرد ہی ان نشستوں پر منتخب ہوتے ہیں۔

سیاسی جماعتوں کے اقلیتی ونگز جیسے عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ، پاکستان تحریکِ انصاف، اور جمعیت علمائے اسلام موجود ہیں، لیکن ان جماعتوں نے اپنے اقلیتی ونگز سے خواتین کو کبھی ترجیح نہیں دی اور نہ ہی انہیں اپنی پارٹیوں کے ذریعے اسمبلی تک پہنچنے کا موقع دیا گیا۔

جب الیکشن کمیشن آف پاکستان قومی یا صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے جماعتوں سے خواتین کے نام طلب کرتا ہے، تو یہ جماعتیں صرف مسلمان خواتین کی فہرستیں جمع کرواتی ہیں۔ اسی طرح، جب اقلیتی نمائندگی کے لیے نام مانگے جاتے ہیں، تو صرف مرد اقلیتی افراد کی فہرست پیش کی جاتی ہے۔

اس حوالے سے معاشرتی رویے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو مسیحی، ہندو، سکھ و دیگر کمیونٹی کی خواتین میں خود اعتمادی کی کمی کا سبب بنتے ہیں۔ چونکہ ان کمیونیٹیز میں تعلیمی و سیاسی مواقع کم ہوتے ہیں، اس لیے یہ خواتین اکثر اعلیٰ ملازمتوں میں جگہ نہیں بنا پاتیں اور اقلیتوں کے لیے مختص 5 فیصد کوٹے کے باوجود پیچھے رہ جاتی ہیں۔ نتیجتاً، وہ زیادہ تر کلاس فور، نرسز، یا دیگر نچلے درجے کی ملازمتوں پر کام کرنے پر مجبور ہوتی ہیں۔

اس وقت بھی قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 84 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے اور اسے اپنی کل نشستوں کے تناسب سے خواتین اور مذہبی اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں سے حصہ مل رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو 54 ارکان کے مطابق مخصوص نشستیں دی جا رہی ہیں، جبکہ ایم کیو ایم 17 ارکان کے تناسب سے مخصوص نشستوں میں سے حصہ لے رہی ہے۔

اگر پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں میں اقلیتی ممبران خواتین جنہوں نے مختلف اوقات میں متعدد اہم قانون سازی میں حصہ لیا ہے، خاص طور پر خواتین اور اقلیتی حقوق کے حوالے سے ان کی قانون سازی کے اہم موضوعات میں شامل ہیں جیسا کہ

خواتین کے حقوق اور تحفظ:

اقلیتی خواتین ارکان نے خواتین پر تشدد کے خلاف قوانین بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس میں گھریلو تشدد، تیزاب گردی، اور ہراسانی کے خلاف قانون سازی شامل ہے۔

اقلیتی حقوق کا تحفظ: اقلیتی ارکان خواتین نے اپنے کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائی اور اقلیتی حقوق کے حوالے سے قوانین کی حمایت کی۔ ان قوانین کا مقصد اقلیتوں کے ساتھ برابری کا سلوک اور ان کے آئینی حقوق کا تحفظ ہے۔

تعلیم اور صحت کی بہتری: اقلیتی خواتین نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتر خدمات اور سہولیات کے لیے قانون سازی میں تعاون کیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں اقلیتی آبادی رہتی ہے۔

زبردستی مذہب تبدیلی کے خلاف قوانین:

اقلیتی خواتین ارکان نے جبری مذہب کی تبدیلی کے خلاف سخت قوانین کے لیے بھی جدوجہد کی ہے، تاکہ ان کی برادری میں ایسے واقعات کا خاتمہ کیا جا سکے۔اسی حوالے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر کرشنا کماری جن کا تعلق تھرپارکر سے ہے انہوں نے اس حوالے وائس پی کے، کو بتایا کہ ایک تو اقلیتی خواتین کے پاس مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور سیاست میں شمولیت انکو کبھی سکھائی ہی نہیں جاتی ہے۔ اور وہ ایک روایتی معاشرے کا شہری ہونے کے ناطے گھر داری میں مصروف عمل رہتی ہیں تو دوسری جانب سیاسی جماعتیں بھی مردوں کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں ان کی لابنگ زیادہ ہوتی ہے۔

قانون سازی میں اقلیتی ممبران کے کردار پہ بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک تو ہر طرح کی قانون سازی میں بطور رکن پارلیمان ہمارا حصہ ہوتا ہے پھر ہم قائمہ کمیٹی کا حصہ بن کر بھی اپنی رائے کا استعمال کرتے ہیں مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایوان میں تو ہوں اگر ہم اقلیتی خواتین رکن پارلیمان ہوں گی تو ہی قانون سازی کے عمل میں شریک ہوسکیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کم عمری کی شادی اور اقلیتیوں کے تحفظ کا بل پارلیمنٹ سے پاس ہونا ان کا بہت بڑا خواب تھا مگر وہ انجانے دباؤ کے باعث واپس لے لیا گیا انہوں نے بتایا کہ میں نے اس دن احتجاجاً سینیٹ سے واک آوٹ بھی کیا مگر کیا ہونا تھا وہ اکیلی ہندو سینیٹر کرشنا کماری تھی وہ سو سے زیادہ سینیٹرز تھے۔ اور اس وقت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک اور معزز سینیٹر کامران مائیکل بھی ایوان بالا کا حصہ تھے مگر وہ اس دن غیر حاضر رہے تھے جیسے ان کی غیر حاضری ایوان میں اثر نہیں ڈال سکی تھی اسی طرح سے میری اس دن حاضری لگوائی گئی اور آواز دبائی گئی تھی میں اقلیتوں کے تحفظ کے بل کہ حامی ہونے کے باوجود بھی پاس نہیں کروا سکی تھی اور نہتی کوئی بااثر ممبر ثابت نہیں ہوسکی تھی کاش ہم بھی زیادہ ہوتیں تو شاید یہ اہم بل بھی پاس ہوجاتا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ تین ادوار میں پاکستان کی پارلیمان سیاسی جماعتوں کو خواتین کا پانچ فی صد کوٹا نافز کرنے اور خواتین کو عام نشستوں پہ الیکشن لڑوانے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو پائی ہیں اور یہ ناکامی الیکشن کمیشن اور پارلیمان دونوں کی ہے۔ سیاسی جماعتیں 5 فیصد کوٹہ پہ خواتین کو ٹکٹ نہیں دے رہی ہیں اور ہم آئیندہ انتخابات میں خواتین کا جنرل سیٹوں پہ کوٹہ 15 فی صد تک بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں یہ کہنا ہے پاکستان میں عورتوں کے حقوق کی داعی تنظیم عورت فاؤنڈیشن کے۔سربراہ نعیم مرزا کا، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پہ آئینی ترمیم کی جائے کہ اقلیتی خواتین کی شمولیت بڑھائی جائے جس میں دس اقلیتی خواتین ہر صورت رکن پارلیمان ہو جن میں ٹرانس کمیونٹی اور افراد باہم معذوری کا شکار خواتین کو بھی شامل کیا جائے، نعیم مرزا نے مزید کہا کہ ہم جرمنی اور یورپ کی دیگر پارلیمان سے سیکھ سکتے ہیں جنہوں نے عورتوں کی پارلیمان میں علامتی شمولیت کو بہت پہلے رد کر دیا تھا اب تو ترقی یافتہ ممالک ایک مرد، ایک عورت کے پھر ایک عورت ایک مرد رکن پارلیمان کے فارمولے پہ چلے گئے ہیں تاکہ عورتوں اور مردوں کو مساوی بنیادوں پہ سیاست میں شمولیت کا عملی حق دے کر شمولیتی قانون سازی اور پارلیمنٹ بنائی جا سکے۔

نعیم مرزا نے وائس پی کے ، کو بتایا کہ چالیس سال سے خواتین کے حقوق اور با اختیاری کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں تھی پھر خواتین کے پاکستان کی پارلیمنٹ میں آنے سے قانون پاس ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پھر بھی یہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے کہ عورت ہمارے معاشرے میں سرے سے ہی غائب ہے اور ان کی اب سیاسی عمل میں شمولیت زیادہ ہونی چاہیے اب یہ خواہش بڑھ بھی رہی ہے جو کہ خوش آئیند ہے اور ہم اس حوالے سے جلد الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے بھی خواہاں ہیں۔

سابق ممبر قومی اسمبلی شنیلا روتھ نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین کم ہیں اور زیادہ تر مسیحی برادری کی خواتین سیاست میں ہیں سکھ اور پارسی خواتین تو اس میں آتی ہی نہیں ہیں اور ہندو خواتین بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اقلیتی خواتین کا سیاست میں مقام بنانا ایک مشکل عمل ہوتا ہے کیونکہ سیاستدان مرد کبھی بھی یہ پسند نہیں کرتے کہ خواتین قیادت کریں ، کوئی بے حد جہدوجہد کرنے والی خاتون ہی ہوگی تو وہ ہی اپنی جگہ سیاست میں بنا پاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی سیٹوں پہ 2013 میں تین غیر مسلم خواتین کو پاکستان مسلم نواز نے جن میں شازیہ طارق، جوائس اور میری گل بھی شامل تھیں جنہیں خواتین کی مخصوص نشستوں پہ رکن پارلیمنٹ بنوایا گیا ۔

شنیلا روتھ نے قانون سازی میں بطور اقلیتی ممبر کے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں تین بل پیش کئے تھے ان میں سے ایک بل طلاق ، اور اقلیتوں کے حقوق اور ایک بل نصاب میں اسلامیات کو بطور مضمون پڑھانے پہ پیش کیا تھا کہ اقلیتوں کو اختیار دیا جائے کہ اپنے عقیدے کے مطابق مضامین پڑھائے جائیں ، بد قسمتی سے یہ تینوں بل پاس نہیں ہو سکے تھے، شنیلا روتھ نے قومی اسمبلی میں بطور پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور بھی فرائض انجام دئیے ہیں اور کرسچین طلاق اور شادی سے متعلق بل تھا وہ لیڈ کیا ، دوسرا انہوں نے اقلیتی کمیشن بنوانے میں بھی فعال کردار ادا کیا تھا جو ایگزیکٹو آڈر سے بنا تھا اور اسکو ایکٹ بنانے کے لیے بل پیش کیا تھا ، پھر جبری مذہب تبدیلی اور جبری شادی کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ رہی اور پھر شنیلا کہتی ہیں کہ سیاسی کشمکش کی وجہ سے یہ بل بھی پاس نہیں ہو سکا تھا۔

شنیلا نے وائس پی کے کو بتایا کہ سینیٹ میں اقلیتی خواتین کی بھی کوئی سیٹ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ خاص متمول خاندان ہیں جو باآسانی پارلیمان کا حصہ بن جاتے ہیں اور مسیحی برادری اور پڑھا لکھا طبقہ سیاست میں مشکلات کی وجہ سے آنا بھی نہیں چاہتا، ہمارے ہاں پیسے کی بناء پہ پارلیمنٹ میں آتو جاتے ہیں مگر المیہ ہے کہ کام نہیں کرتے صرف تصنع کے لیے پارلمینٹ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں پتن اور فافن کی جانب سے بطور متحرک ترین اور بہترین ممبر صوبائی اسمبلی کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔ جو کارکردگی کی بناء پہ انہیں دیا گیا اور اس میں تمام خواتین جو مخصوص نشستوں پر تھیں ان سب میں زیادہ ان کی کارکردگی بہترین رہی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ قانونی سازی ان کی تھی ، سب سے زیادہ سوالات انہوں نے ایوان میں اٹھائے تھے، پوائنٹ آف آڈر پہ سب سے زیادہ میں پنجاب اسمبلی وہ متحرک رہی۔ باقی قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی حکومت تھی اور وقت کم ملتا تھا پھر بھی بجٹ تقریر کی حالانکہ حکومتی بنچوں پہ وقت ملنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں بھی کام کیا، اور چاہتی ہیں کہ اقلیتوں کی سیٹیں بڑھائی جائیں اس کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کمیٹی میں کام کیا پھر انسانی حقوق کمیشن سربراہ کی تعیناتی کمیٹی جو بنی اسکی کی چیئرپرسن رہی ہوں ، حالانکہ خواتین کو با اثر قائمہ کمیٹی میں جگہ ملنا مشکل ہوتا ہے۔ جبری مزہب تبدیلی کی خصوصی کمیٹی بنی تھی شنیلا کہتی ہیں کہ وہ اس کا بھی حصہ رہی ہوں ،شنیلا روتھ نے مزید بتایا کہ سیاست کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہے ، نو مئی کی ایف آئی آر سمیت , تھری ایم پی او کے تحت مقدمات کا سامنا کیا ہے اور ابھی بھی پیشیاں بھگت رہی ہیں۔

شنیلا مانتی ہیں کہ اگر پارلیمان میں قابل اور تعلیم یافتہ لوگ آئیں گے تو پاکستان اور سیاسی جماعتوں کا بھی وقار مزید بڑھے گا۔شنیلا روتھ کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلی اقلیتی ممبر پارلیمنٹ ہیں جو خواتین کی نشست کی بجائے بطور اقلیتی ممبر پارلیمان منتخب ہوئی تھی اور قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور بھی انہوں نے بنوائی اور اسی سے پہلا سکھ میرج ایکٹ پاکستان میں متعارف کروایا گیا تھا۔

مسیحی برادی کی شان رومانہ بشیر جو کہایگزیکٹو ڈائریکٹر پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ہیں اور 2013 میں پہلی خاتون ممبر کیتھولک چرچ فار انٹر ریلیجئیس ڈائیلاگ کونسل میں پانچ سال خدمات انجام دے چکی ہیں، جو اب نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن برائے اقلیتی امور کی سئینر ممبر کے طور پہ اقلیتوں کے سیاست اور دیگر امور میں تعمیری کردار کی خواہاں بھی ہیں انہوں نے وائس پی کے کو اقلیتی خواتین کی پارلیمنٹ میں شمولیت اور محض برائے حاضری رکن پارلیمان میں شامل ہونے والی خواتین کے کردار پہ اپنے تاثرات میں کہا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں پہ کم از کم دس اقلیتی خواتین کو شامل کیا جائے کیونکہ ابھی تھوڑی بہتری آئی تو ہے، خواتین پارلیمنٹ میں آئی ہیں مگر ہمیں گونگے بہرے روبورٹ ہی پارلیمنٹ میں کیوں چاہئیں ؟ ہم رد کرتے ہیں اس سیاست کو ، ہمیں صرف نمبر گیم نہیں چاہیے، ہمیں خواتین کی با مقصد اور بامعنی ترجمانی چاہیے ہم یہ نہیں چاہتے کہ اقلیت صرف خانہ پری اور حاضری کے لیے ہو کیونکہ اگر نمائندگی باشعور اور پڑھی لکھی نہیں ہوگی تو ہمارے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے جو بہت گھمبیر ہیں۔

رومانہ بشیر نے کہا کہ ہندو کمیونٹی جو کاروباری طبقے سے تعلق رکھتی ہے وہ پاکستانی سیاست میں نمایاں رہی ہے مگر شیڈولڈ کاسٹ ہندو غائب ہیں ان کی کوئی ترجمانی نہیں ہے اور اقلیتی خواتین صرف برائے نام شامل کر لی جاتی ہیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے دوسری جانب سکھ خواتین کی نمائندگی ہی نہیں ہے.

رومانہ بشیر سمجھتی ہیں کہ اقلیتی خواتین جب برائے حاضری ہی رکن پارلیمان شامل ہوں گی تو پھر شمولیتی قانون سازی ممکن نہیں ہےاور یہی وجہ ہے کہ قانون سازی اس متمعہ نظر کے ساتھ نہیں ہورہی ہے اور بعض اوقات امتیازی قوانین بھی سامنے آجاتے ہیں ، رومانہ نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم میں بھی کوئی اقلیتی ممبر اس میں حصہ دار نہیں تھا ہمیں چاہیے کہ سمجھ دار اقلیتی نمائندگی پارلیمان میں یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نوازنے کہ روش ترک کریں ، ربورٹ نہ لیں ایسی خواتین لیں جو پارلیمنٹ میں تعمیری کردار ادا کریں، اور آدمیوں کی بھیڑ چال ختم کریں پڑھی لکھی اقلیتی خواتین کو بھی مواقع دیں۔ گزشتہ دس سال سے اقلیتی نشستوں پہ صرف مرد ہی مرد براجمان ہیں، عورتیں کب آئیں گی۔

آسیہ ناصر جو 2002 کے عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی امیدوار کے طور پر اقلیتوں کے لیے مخصوص نشست پر قومی اسمبلی کی پہلی بار رکن منتخب ہوئیں۔ پھر2008 کے عام انتخابات میں بھی وہ بلوچستان سے خواتین کی مخصوص نشست پر متحدہ مجلس عمل کی نمائندگی کرتے ہوئے دوبارہ قومی اسمبلی کی رکن بنیں۔اور اسی طرح2013 کے عام انتخابات میں انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر دوبارہ قومی اسمبلی کی نشست حاصل کی۔ اور جون 2014 میں، انہوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ غیر مسلموں کو ملک کا وزیر اعظم یا صدر کیوں نہیں بنایا جا سکتا؟۔انہوں نے وائس پی کے ، کو اقلیتی خواتین کی نمائندگی غیر حوصلہ بخش ہونے پہ کہا کہ اقلیتی خواتین کروڑوں روپے خرچ کر کے پارلیمنٹ کا حصہ بننے سے قاصر ہیں اور مرد تو خواتین کو سیاست میں حصہ دینا ہی نہیں چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت جمعیت علمائے اسلام کی شکر گزار ہوں انہوں نے مجھے یہ سیٹ دی تھی اور ہماری پارٹی پالیسی ایسی تھی تو مجھے یہ موقع ملا اور کام کیا لیکن دوسری جانب یہ غیر مسلم خواتین کے لیے ایک آزمائش ہے راستہ کٹھن ہے اور اقلیتی خواتین ان راہداریوں میں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

جو ایک مسلمہ حقیقت بھی ہے کیونکہ پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں اقلیتی خواتین کا کردار پراسرار خاموشی کی مانند ہے اور انہیں اپنے معاشرتی اور آئینی حقوق کی تحفظ کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کے لیے پارلمینٹ تک لانا ہوگا کیونکہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں اقلیتی خواتین کی بتی جہاں گل ہے وہاں صرف حاضری لگوانے اور آواز دبانے کا راج ہے کیونکہ ہم ایک ایسے سیاسی دنگل کی بات کر رہے ہیں جو اسمبلی کے ہالوں میں ہوتا ہے، مگر لڑائی صرف خاموشی کے ساتھ ہوتی ہے۔ لڑائی کیسی؟ جناب، لڑائی یہ ہے کہ مردوں کی گرجدار آوازیں سنو، لیکن اگر اقلیت کی کوئی عورت بولنے کی کوشش کرے، تو بس کہو، “بہن جی، آپ خاموش رہیں۔” کیونکہ ایک دہائی کے کھیل میں تیس مرد اور صرف 6 عورتیں ہی اس پارلیمنٹ کے دروازے تک دستک دے پائی ہیں۔

پچھلے دس سالوں میں پاکستان کے ایوان بالا میں ایک نہتی تھرپارکر کی کرشنا کماری اقلیتوں کے تحفظ کا بل پاس کروانے کے لیے بلکتی رہی مگر ایک سو چار کے ہال میں اس ایک اقلیتی خاتون کی آواز کہاں کسی کو سنائی دینی تھی دس سال میں تین تو پانچ سالہ دور میں یک زبان یک جنس ہی نظر آئیں پارلیمنٹ میں اتنی کم اقلیتی عورتیں صرف 6 عورتیں۔ بھئی، یہ کیا بات ہوئی؟ کیا اقلیتی عورتیں ایوان کے دروازے پر کھڑی ہو کر کہتی ہیں، “بھائی، ہمیں اندر مت بلاؤ، ہم بس باہر کھڑے رہ کر آپ کا دیدار کر لیں گے؟”

ذرا سو چیں ، کتنی ہی آسیہ، ربیکا اور پروین کور اپنی بستیوں میں چولہا پھونکتے ہوئے سوچتی ہیں، “ہائے، اگر ہمارے لیے بھی کبھی کوئی اسمبلی میں ہوتا ہماری آواز بنتا؟ ” مگر جی نہیں، یہاں تو ایوان میں اکثریت کے بڑے بڑے ستون کھڑے ہیں، جو کہہ رہے ہیں، عورت کی آواز تو باہر ہی چھوڑ کر آنا، ورنہ ہماری طاقت کے کواڑ ہل جائیں گے۔

بلاشبہ سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کایہ قول پاکستانی پارلیمانی نظام پہ یوں صادق آتا ہے کہ ہمارا یہ پارلیمانی نظام مرد کا، مرد کے زریعے اور مرد کے لیے ہے۔ تو اب سوچیں، جب اقلیتی عورت کو بولنے کا حق نہ ملے، نمائندگی ہی نہ ہونے کے برابر ہو تو کیا کرے گی وہ؟ بیچاری خاموشی کے ساتھ روٹی پکائے گی، بچوں کو سنبھالے گی، اور سوچے گی، “ہائے، میں کہاں جاؤں؟” کیونکہ اسمبلی میں وہ مرد بیٹھے ہیں جن کو لگتا ہے کہ عورت کو کیا بولنا؟ بس گھر میں بیٹھے، چپ چاپ۔

تو اب پوچھنا یہ ہے کہ یہ اقلیتی عورت کب بولے گی؟ کب اسمبلی کے اُس منبر پہ اُس کی آواز گونجے گی؟ کب یہ دیواریں جو مردوں کے ہتھوڑوں سے بنی ہیں، ہلیں گی؟ کب یہ بتی جلائی جائے گی، کہ “ہاں، ہمارا بھی حق ہے!” کیونکہ جہاں عورت کی آواز گونجتی ہے، وہاں صرف جمہوریت نہیں، وہاں انصاف بھی بولتا ہے۔

آئیں اس اندھیرے میں ایک دیا جلائیں، تاکہ ہماری جمہوریت کی روشنی پوری ہو، اور ہر اقلیتی عورت کو بھی اُس کا حق ملے۔ کیونکہ جب تک یہ حق نہیں ملتا، سمجھو جمہوریت لنگڑی ہے، انصاف اندھا ہے، اور ہمارے دل سنسان ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان معاشرتی اندھیروں میں روشنی کا کوئی ذریعہ نکلے۔ کیونکہ جب تک اقلیتی عورت کی آواز ایوان میں نہیں پہنچتی، تب تک ہماری جمہوریت کی بتی بجھی رہے گی، اقلیتی عورت ایوان میں لائیں ، شمولیتی قوانین بنوائیں، شمع جلائیں حوصلہ بڑھائیں ورنہ سایوں کہ اسمبلی میں اقلیتی خواتین کہ خاموشی گونجے گی اور ہمارے قانون آدھے ادھورے،گونگے بہرے ہی ہوں گے پھر کہاں کا انصاف تو کہاں کی پارلیمنٹ روکھی سوکھی کیسی آدھی ادھوری پارلیمنٹ آئیے ہم سب ملکر اسکو پورا بنائیں مکمل کریںکسی بشانہ مسیح، گلنار کور، راعنا کو بھی وزیر مشیر بنتا دیکھیں اور ایوان میں صرف حاضری لگاتے سایے ہی نہ منڈلائیں با اثر آوازیں بھی گونجیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here