۲۱ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتے ہوئے نظر آرہا ہے، صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کے پانی کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے۔ یہ پانی راولپنڈی میں ایک خطرے کی علامت ہے، اس سے ضلع بھر میں پولیو وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
جبکہ پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں پولیو وائرس کے مزید تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان کے مطابق تین نئے کیسز بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، سندھ کے ضلع کیماڑی، کراچی، اور جبکہ تیسرا پولیو وائرس کا کیس خیبرپختونخوا کے علاقے مہمند سے ہے۔
پولیو کے خاتمے کے لئے وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری بنیں، نئے کیسز کا رپورٹ ہونا دل دہلا دینے والا ہے، زیادہ کیسز ان علاقوں سے رپورٹ ہو رہے ہیں جہاں وائرس خاموشی سے پھیلتا ہے، ہر نئے کیس میں ایک بچے کی زندگی المناک بیماری سے متاثر ہوتی ہے، اس سے بچنے کے لیئے صرف ویکسین ہی واحد حل ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے نیشنل اسمبلی میں پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان بھر میں پولیو کے 45 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 2021 میں پولیو وائرس کا صرف ایک کیسز رپورٹ ہوا تھا اور 2022 میں اس کی تعداد 20 تک پہنچ گئی تھی، 2023 میں پولیو کے 8 کیسز جبکہ 2024 میں 21 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پولیو وائرس کے خاتمے کے لیئے نیشنل پولیو اریڈیکیشن پروگرام نے 2022 کے بجٹ میں 180 ملین ڈالر مختص کئے، 2023 میں اس میں اضافہ کرکے 187 ملین ڈالر کردیا گیا، جبکہ رواں سال 2024 میں اس کا بجٹ 80 ملین ڈالر مختص کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممالک میں پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد ممالک ہیں جہاں پولیو ابھی تک ایک وبائی مرض ہے۔
پولیو وائرس سے ہونے والی بیماری زیادہ تر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، پولیو وائرس سے متاثرہ بچہ معذوری کا شکار ہوسکتا ہے یا پھر جان بھی جا سکتی ہے۔
پاکستان نے 1994 میں انسداد پولیو پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ویکسینیشن پروگرام شروع کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں تب سالانہ 20,000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوتے تھے۔
پولیو ڈراپ ویکسین کی سالانہ 300 ملین سے زیادہ خوراکیں دینے اور اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود، یہ بیماری اب بھی پورے پاکستان میں پھیلی ہوئی ہے۔
اس سال، 43 ملین سے زیادہ بچوں کو ہدف بنانے والی چار ویکسینیشن کیمپینز پہلے ہی شروع کی جا چکی ہیں کیونکہ حکام کا دعویٰ ہے کہ ملک میں پولیو کے خلاف یہ آخری لڑائی ہے