۲۴ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب کے ضلع پاکپتن میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر 17 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے کار سوار فیملی کیساتھ لوٹ مار کر کے لڑکی کو فصلوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بناتے رہے، لوٹ مار کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ ملزمان تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ صدر پاکپتن میں درج کی گئی جس میں ڈکیتی اور گینگ ریپ کی دفعات درج کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ واقع اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔جب بہاولنگر کا رہائشی اپنی اہلیہ، ایک بیٹے اور ایک نابالغ بیٹی، ایک بہن اور 17 سالہ بھانجی کے ساتھ پاکپتن میں فیملی دوستوں سے ملنے گیا۔
خاندان اتوار کو دوپہر کو اپنی گاڑی میں پاکپتن سے روانہ ہوا، اور پہلے ایک خاندانی دوست کے والد کی موت پر تعزیت کے لیے گاؤں مستقیم جھونکا گئے، بعد ازاں وہ پاکپتن کے محلہ عبداللہ شاہ میں ایک اور فیملی سے ملنے گئے۔
رات 11 بجے کے قریب کھانے کے بعد اہل خانہ اپنی گاڑی میں بہاولنگر روانہ ہوئے تو واپس جاتے ہوئے ملک رحمو گاؤں کے قریب ان کی کار کو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاؤں کی سڑک کے بیچ میں روک لیا۔
ملزمان نے پہلے ان سے موبائل فون اور کار کی چابیاں چھینیں، پھر انہوں نے خواتین کو گاڑی سے اتار کر ان سے نقدی اور طلائی زیورات چھین لیے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 2مسلح ملزمان اس شخص کی بھانجی کو سڑک کے کنارے مکئی کے کھیتوں میں لے گئے جہاں انہوں نے لڑکی کا گینگ ریپ کیا جبکہ ڈاکوؤں کے 2 ساتھیوں نے خاندان کو سڑک کے کنارے یرغمال بنائے رکھا۔ ملزمان نے اہل خانہ سے 67 ہزار روپے نقدی، 2 موبائل فون اور 70 ہزار روپے کے طلائی زیورات بھی چھین لیے۔ڈکیتی اور گینگ ریپ کے بعد ملزمان گاڑی کی چابیاں سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
ڈی پی او پاکپتن کے ترجمان محمد علی کا وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’علاقہ کی جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے مشتبہ اشخاص سے تفتیش جاری ہے ،جائے وقوعہ سے تمام شواہد آکھٹے کر لئے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جلد ہی ملزمان پولیس کی تحویل میں ہونگے۔‘‘
پاکپتن میں پیش آنے والے اس واقع نے 2020 میں پیش آنے والا موٹر وے رپپ کیس کے دلخراش واقع کی یاد تازہ کردی جب لاہور سے سیالکوٹ جانے والی موٹر وے پر ایک خاتون کو ان کے دو بچوں کی موجودگی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ خاتون نے گاڑی پیٹرول ختم ہونے کے باعث روکی تھی اور مدد کا انتظار کر رہی تھی۔