۳۰ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: اسلام گل آفریدی
خیبر
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے رہائشی یاسین خان کے گاؤں میں آبپاشی اور آب نوشی کے لئے مشترکہ طورپر ٹیوب ویل کھودا گیا تھا لیکن پمپ کی تنصیب کے چند روز بعد ہی ٹیوب ویل میں پانی خشک ہوگیا۔اس وقت نہ صرف علاقے کی زمینیں بنجر پڑی ہیں بلکہ پینے کے پانی کے لئے بھی لوگوں کو کئی قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔یاسین خان نے بتایا کہ زرعی زمین بنجر ہوچکی جبکہ خواتین اور بچے دور دور سے گھر کی ضروریات کے لیے پانی لاتے ہیں۔
یاسین کے گاؤں کے قریب دوسرے گاؤں میں ایک مشترکہ ٹیوب ویل پر کام مکمل ہوگیا ہے اور فلٹر کی تنصیب کا کام ابھی جاری ہے۔ اس حوالے سے فضل ربی نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں نہ صرف ٹیوب ویل لگانے کے اخراجات بڑھ چکے ہیں بلکہ پانی سطح زمین سے پینتالیس فٹ نیچے چلا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہاکہ یہ ٹیوب صرف پینے کے پانی کے لئے ہے کیونکہ بور میں پانی کی مقدار اتنی نہیں ہے کہ زرعی زمینوں کو سیراب کرسکے۔اُن کے مطابق پہلے پورے علاقے میں ایک ہی ٹیوب ہوا کرتاتھا لیکن اب ہر ایک اس کوشش میں ہے کہ اُن کے گھر میں ٹیوب ویل موجود ہو۔پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شمار کیاجاتاہے جہاں پر زیر زمین پانی کے ذخائر تیزی کے ساتھ کم ہورہے ہیں۔اگست 2021 کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایاگیا کہ گزشتہ کچھ سالوں میں ملک بھر میں پانی کی سطح 25سے 74فٹ نیچے جا چکی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مقدار ضلع خیبر میں کم ہوئی ہے۔ زیر زمین پانی کی سطح نیچے جانے کی وجوہات کے بارے میں ریجنلڈائریکٹرپاکستان کونسل فار ریسرچ آن واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) ڈاکٹر منیب خٹک نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی، بارشوں کی مقدار اور پانیکا بے دریغ استعمال، بارش کے پانی کو ذخیرہ نہ کرنا اور زیر پانی کی مقدار بڑھانے کے لیے اقدامات کا نہ ہونا بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔
زیر زمین پانی کی سطح اوپر لانے کے لئے پی سی آر ڈبلیو آر نے کوہاٹ اور ہنگو میں بچوں کے عالمی ادارہ یونیسف کے مالی تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کیا جن کے بہتر نتائج سامنے آئے۔ اس وقت مانسہرہ میں ایک منصوبے پر کام جاری ہے تاہم ضم قبائلی اضلاع میں زیر زمین پانی کی سطح اوپر لانے کے لئے کافی مواقع موجود ہیں جن کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ماہر ارضیات انجنئیرسیلم خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور خصوصاً ضم قبائلی اضلاع میں زیر زمین پانی کی مقدار بڑھانے کے بہت سارے مواقعموجود ہیں جن پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ منصوبے ایسے بھی ہیں کہ گاؤں کی سطح پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پیسے جمع کرکے انتہائی کم خرچ پر اپنے کنویں میں پانی کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ برسات میں بارش کا پانی روکنے کے لئے چھوٹا بند اور مخصوص فاصلے پر کئی کنوؤں کو ایسے طریقے سے بنایا جائےکہ اوپر سے پھتروں کے فلٹر سے پانی گزر کر نیچے زمین میں جذب ہونے کے لئے چلا جائے جس سے زمین کے نیچے باآسانی پانی کی مقدار بڑھ سکتی ہے۔
پاکستان کونسل فار ریسرچ آن واٹر ریسورسز (پی سی آرڈبلیوآر) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو اپنے زیر زمین پانی کے ذخائر کی تیزی سے کمی کے بحران کا سامنا ہے، جس سے ملک بھر میں پانی کی سطح میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک کی زیر زمین پانی کی سطح میں گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران 5.66 فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے، جس سے مستقبل میں پانی کی کمی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ پی سی آرڈبلیوآر کے دستاویز میں مختلف صوبوں میں زیر زمین پانی کی کمی کی تفصیل دی گئی ہے جن میں سب سے بڑے صوبے پنجاب میں زیر زمین پانی کے ذخائر میں نمایاں کمی آئی ہے اورپورے صوبے کے 22.84 فیصد حصہ اب مکمل طور پر زیر زمین پانی سے محروم ہے۔
ادارے کی تحقیق کے مطابق مستقبل میں 36.1فیصد حصہ سے زیر زمین پانی مکمل طور پر ختم ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا (کے پی) کو بھی پانی کی نمایاں کمی کا سامنا ہے اور صوبے کا 32.96 فیصد حصہ پہلے ہی زیر زمین پانی کیفراہمی سے محروم ہو چکا ہے۔ ادارے کے مطابق تشویش ناک بات یہ ہے کہ خیبر پختونخواہ کے 41.94 فیصد حصہ زیر زمین پانی کے ذخائر ختم ہونے کے قریب ہے۔
ادارے کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں قدرے کم شدید کمی دیکھی گئی ہے۔ پی سی آر ڈبلیو آر کی رپورٹ میں تیزی سے زیر زمین پانی کے مقدار کو بڑھانے کے لئے اقدمات پر تفصیلی بات کی گئی ہے اور مختلف تجاویز کو سامنے لایا گیا ہے جن پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں کئی چھوٹے بڑے ڈیمز کے سروے ہوئے لیکن اُن پر تعمیراتی کام نہ ہونے کی وجہ سے زیر زمین پانی کی مقدار بتدریج کم ہورہی ہے جبکہ زرعی زمین بھی بنجر ہو رہی ہے۔