۲ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: اعتزاز ابرہیم
لاہور
لاہور میں نابینا افراد کا احتجاجی دھرنا مسلسل دس دنوں سے جاری ہے، جس میں حکومت سے ملازمتوں میں کوٹے کے اضافے، کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، اور روزگار کی فراہمی کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ یہ دھرنا پہلے چیئرنگ کراس پر آٹھ روز تک جاری رہا، مگر حکومت کی جانب سے کوئی مثبت جواب یا مذاکرات نہ ہونے کی وجہ سے مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کے لیے پر امن طور پر احتجاج کر رہے ہیں اور ان کے مطالبات بہت بنیادی ہیں، جنہیں حکومت آسانی سے پورا کر سکتی ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو چیئرنگ کراس سے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے سے روکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کئی نابینا افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کے مطابق پولیس کی جانب سے استعمال کی جانے والی طاقت غیر ضروری تھی اور ان کے پرامن احتجاج کو دبانے کی کوشش کی گئی۔
ولید، جو وزیرآباد سے اس دھرنے میں شریک ہیں، نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم سب پڑھے لکھے ہیں اور ہر طرح کا کام کرنے کے اہل ہیں۔ ہم میں سے کئی افراد نے مختلف کورسز اور تربیت حاصل کر رکھی ہے، لیکن حکومت کی جانب سے ہمیں مناسب ملازمتیں فراہم نہیں کی جاتیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بے روزگار نابینا افراد کو مستقل روزگار دیا جائے اور جو ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں انہیں کنٹریکٹ دیا جائے۔‘‘
دھرنے میں میانوالی سے آئے محمد داؤد نے پولیس کی طرف سے کیے گئے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ’’کل پولیس نے ہمارے ساتھیوں پر تشدد کیا۔ ہم وزیر اعلیٰ کو نہیں دیکھ سکتے، لیکن وہ ہمیں دیکھ سکتی ہیں۔ ہم پہلے بھی اپریل میں یہاں آئے تھے اور ہمیں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں گے، لیکن وہ وعدے پورے نہیں ہوئے۔ ہم اس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔‘‘
سرگودھا سے آئے شاہد، جو پولیس کے ہاتھوں زخمی ہوئے، نے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم اپنے آئینی حقوق کے لیے یہاں آئے ہیں، لیکن ریاست ہماری بات سننے کے بجائے ہم پر تشدد کر رہی ہے۔ ہمارے مطالبات بہت بڑے نہیں ہیں۔ ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ ہمیں باقاعدہ تنخواہیں دی جائیں اور ہماری ملازمتوں کو محفوظ بنایا جائے۔ ابھی تک کسی قسم کے مذاکرات کا آغاز نہیں ہوا اور حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔‘‘
نابینا افراد کے مطابق، انہیں چھ چھ ماہ بعد تنخواہیں دی جاتی ہیں اور اس تاخیر سے ان کی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے۔ وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت ان کے حقوق کا احترام کرے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نابینا افراد پر پولیس کے تشدد کا نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مظاہرین کے ساتھ نرمی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو حکم دیا ہے کہ وہ نابینا افراد کے ساتھ مذاکرات کریں اور ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔تاحال، دھرنے کے دوران حکومت کی طرف سے کوئی باقاعدہ مذاکرات نہیں کیے گئے اور نابینا افراد اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے جب تک ان کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔