سٹاف رپورٹ
:گلگت
عوامی تحریک گلگت بلتستان کے صدر و رہنما عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان وزیر حسنین کی گرفتاری کے خلاف عوامی تحریک جی بی کی طرف سے سکردو میں آغا علی رضوی کی قیادت میں احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ وزیر حسنین کو فی الفور رہا کیا جائے بصورت دیگر وزیر حسنین کہ رہائی تک دھرنا جاری رہے گا۔ اس دوران سکردو سے مختلف اضلاع کھرمنگ ، شگر کو جانے والے راستے مظاہرین نے مکمل طور پر بند کردئے تھے۔
عوامی تحریک گلگت بلتستان کے صدر وزیر حسنین کو شیڈول فور کی خلاف ورزی کرنے کے خلاف گرفتار کیا گیا ہے۔ 23 ستمبر 2024 کو ایس ایچ او سٹی تھانہ سکردو کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق “وزیر حسنین جو کہ شیڈول فورتھ کے پابند تھے، نے بغیر حصول اجازت سکردو سے ضلع شگر میں داخل ہو کر شیًول فور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شگر کے عوام کو ریاست مخالف سرگرمیاں ترغیب دینے کی کوشش کی ہے”۔
وزیر حسنین کےانسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے بدھ کے روز انسدادِ دہشتگردی کی عدالت گلگت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے عدالت کے حکم پر دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔
وزیر حسنین کی گرفتاری کے خلاف ردِ عمل دیتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ نے ان کی گرفتاری کو حکومت کا بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر حسنین رہنما عوامی ایکشن کمیٹی کی بلاجواز گرفتاری موجودہ عوام دشمن حکومت کی بزدلانہ حرکت ھے اس کے خلاف جھوٹے ایف آئی آئی کو ختم کرکے اسے فوری رہا کر دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آمرانہ اقدام جی بی عوام پہ مسلط کردہ نام نہاد نااہل مخلوط حکومت کی عوام دشمن آمرانہ پالیسیوں کا نتیجہ ھے
وزیر حسنین کا واحد جرم یہ ھے کہ اس نے ضلع شگر میں عوامی اراضیات و جائیدادوں پہ سرکار کی زبردستی قبضوں کے خلاف جاری پرامن عوامی احتجاج کا ساتھ دیا تھا آئین پاکستان اور جی بی آرڈر 2018ء جس کے تحت یہ ہائبرڈ نظام حکومت قائم ھے اس کے تحت عوام کی جان و مال و جائیداد کی تحفظ ریاست کی اولین آئینی زمہ داری ھے اور اپنی جائیدادوں اور اراضیات کی تحفظ کیلئے احتجاج کرنا عوام کا آئینی و جمہوری حق ھے مگر یہ نام نہاد حکومت افسرشاہی اور سرمایہ دار کمپنیوں کے مفادات کو عوامی مفادات پہ ترجیح دے رہی ھے اور اسی وجہ سے شگر سمیت پورے گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کیلئے احتجاج کرنا موجودہ حکمرانوں کی نظر میں سنگین جرم بن گیا ھے یہی وجہ ھے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے سرگرم رہنما وزیر حسنین کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا ھے
عوامی ایکشن کمیٹی جلد اس عوام دشمن حکومت کے خلاف تحریک شروع کرے گی۔
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر کامریڈ بابا جان نے وزیر حسنین کی گرفتاری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے پرامن عوام کو بنیادی حقوق دینے کے بجائے پرامن آوازوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے جوکہ قابل مزمت ہے۔ عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان عوامی و بنیادی حقوق کے لئے آواز بلدن کرنے والے ہر سیاسی کارکن کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے سیاسی رہنماوں پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات بنانے بند کیا جائے۔
عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے چیئرمین نجف علی اور گلگت بلتستان یونائیٹڈ مومنٹ کے آرگنائزر شبیر مایار نے بھی وزیر حسنین کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر گلگت میں گلگت بلتستان یوتھ مومنٹ کے رہنماوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر حسنین کی گرفتاری کے خلاف آج جمعہ کو پریس کلب گلگت کے باہر احتجاجی مظاہرے کا بھی اعلان کردیا ہے