۱۰ اکتوبر ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) نے آج اسلام آباد میں ایک اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا جس کا مقصد مجوزہ آئینی ترمیم کے ممکنہ اثرات پر گفتگو کرنا تھا۔ اس پروگرام میں ملک کے نمایاں سیاستدانوں، وکلا، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنی آراء اور تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ تمام شرکاء نے آئین سازی کے اس عمل کو شفاف اور جامع بنانے پر زور دیا۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وکیل سلمان اکرم راجا، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنڑین کے جنرل سیکرٹری نئیر حسین بخاری، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سینئر سیاستدان افرسیاب خٹک، فرحت اللہ بابر، اور وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک شامل تھے۔ ان سب نے مجوزہ آئینی ترمیم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آئین سازی کے اس عمل میں شمولیت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے گفتگو کے دوران کہا کہ آئینی عدالتوں کا قیام کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں خصوصی عدالتیں بنائی جاتی ہیں تاکہ مخصوص قانونی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے کو تیار کرنے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی تاکہ ایک جامع اور متفقہ مسودہ سامنے آ سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نئیر حسین بخاری نے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ میں شامل تمام سیاسی جماعتیں اس بل پر مشاورت مکمل نہیں کرتیں، اس کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین سازی کا عمل صرف پارلیمانی مشاورت کے ذریعے ہی آگے بڑھنا چاہیے تاکہ تمام جماعتیں اس میں شامل ہوں۔
سینئر سیاستدان افرسیاب خٹک نے مجوزہ آئینی ترمیم پر کئی سوالات اٹھائے اور کہا کہ آئین میں ترمیم کرتے وقت یہ جاننا ضروری ہے کہ پہلا مسودہ کس نے تیار کیا اور اس کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے آئین سازی کے عمل میں مکمل شفافیت اور وسیع تر مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔
اس مشاورتی اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئینی ترمیم جیسا اہم اقدام تمام جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس عمل میں شفافیت اور مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ ملک میں آئین سازی کے عمل کو مضبوط اور مستحکم کیا جا سکے۔