۱۱ ستمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

 اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے فوکل پرسن انتظار پنجوتہ کی مبینہ گمشدگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل فیصل فرید چوہدری جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت کے حکم پر ڈی آئی جی اسلام آباد، ایس پی سٹی خالد اعوان اور ڈی ایس پی ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ راولپنڈی پولیس سے رابطہ کرلیا گیا ہے اور شمس آباد تک پنجوتہ کی گاڑی کا سراغ ملا ہے، تاہم اس کے بعد گاڑی کہاں گئی، یہ معلوم کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم درخواست گزار کے وکلا اور راولپنڈی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ اس کیس کو کل دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں اس پر آرڈر جاری کروں گا۔گزشتہ سماعت میں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت دفاع سے انتظار پنجوتہ کی بازیابی کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی تھی۔ پنجوتہ کے وکیل نے کہا تھا کہ ’’ہمیں امید تھی کہ آئی جی اسلام آباد انتظار پنجوتہ کو اپنے ساتھ لائیں گے۔‘‘

چیف جسٹس عامر فاروق نے جواب دیا تھا کہ اگر آئی جی کے پاس کوئی ایسا اختیار ہوتا تو وہ انہیں ضرور لے آتے۔

پنجوتہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی آخری لوکیشن F-6 تھی، اس کے بعد سے ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔ آئی جی نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس کی قیادت ایس پی انویسٹیگیشن کریں گے۔ آئی جی نے بتایا کہ ہم نے ڈیجیٹل سرویلنس اور سیف سٹی کیمروں کی مدد لی ہے۔ انتظار پنجوتہ کی گاڑی کو ایوب چوک اور F-6 کے کیمروں میں دیکھا گیا ہے اور ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وہ وکیل مرزا آصف کے ساتھ فیض آباد تک گئے تھے۔ ایک موبائل فون نمبر کا سراغ ملا ہے اور ہم انٹیلیجنس بیورو سے واٹس ایپ لوکیشن حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے، اور ہم نے ان کی گاڑی اور موبائل نمبر دیگر آئی جیز کے ساتھ بھی شیئر کیا ہے۔

عدالت نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو خفیہ اداروں سے بھی رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ بدھ کے روزوکیل علی اعجاز کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ انتظار پنجوتہ سے آٹھ اکتوبر کی شام چار بجے سے رابطہ نہیں ہورہا۔ دائر درخواست میں وفاق کو سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری دفاع،چیف کمشنر اسلام آباد ، ایف آئی اے ، آئی جی اسلام آباد پولیس کو فریق بنایا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here