۱۲ اکتوبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اسلام گل آفریدی


خیبر

ضلع خیبر میں پشتون قومی جرگہ کا دوسرا روز بھی پُرجوش انداز میں جاری رہا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جرگہ کے شرکا میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، مقامی افراد، اور قبائلی عمائدین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جرگہ کے دوسرے روز کی کارروائی میں سب سے زیادہ توجہ منظور پشتین کے خطاب پر مرکوز رہی۔

منظور پشتین نے اپنے خطاب میں گزشتہ دو دہائیوں سے جاری خانہ جنگی کے دوران قبائلی ضم اضلاع میں ہونے والے مالی اور جانی نقصانات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ سن 2000 سے 2024 تک تقریباً 70,000 شہری ہلاک اور 7,500 سے زائد افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اعداد و شمار مختلف سرویز، انٹرویوز اور دیگر ذرائع سے اکٹھے کیے گئے ہیں، جو قبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشنز کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

اس موقع پر منظور پشتین نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ہونے والے مالی نقصانات کا بھی ازالہ کیا جانا چاہیے، اور متاثرین کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عوام نے خانہ جنگی کی بھاری قیمت چکائی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی آواز سنی جائے۔

جرگہ کے دوران ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں لاپتہ افراد کے خاندانوں کے انٹرویوز شامل تھے۔ اس ڈاکومنٹری نے ان خاندانوں کے دکھ اور مشکلات کو نمایاں کیا، جو کئی سالوں سے اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ لاپتہ افراد کے خاندانوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے پیاروں کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ان کی حالت زار کو مزید نظر انداز نہ کیا جائے۔

جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے وفود بھی شریک تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جمیعت علماء اسلام، اور جماعت اسلامی کے صوبائی صدور اور سینئر رہنماؤں نے بھی جرگہ سے خطاب کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین اور ایک صوبائی وزیر بھی شامل تھے۔ ان سیاسی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں قبائلی عوام کے مسائل پر بات کی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

جرگہ کے دوسرے روز کے اختتام پر مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی، جو جرگہ کے آئندہ لائحہ عمل کے لیے سفارشات مرتب کریں گی۔ ان کمیٹیوں کو قبائلی عوام کے مسائل اور مطالبات پر غور کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔اس کے علاوہ جرگہ کے شرکا کے لیے کھانے پینے کا مناسب انتظام بھی کیا گیا تھا، جس سے شرکا کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here