۱۶ اکتوبر ۲۰۲۴
تحریر : عصمت الله نیازی
چند روز پہلے انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی ) نے چھبیسویں آئینی ترامیم ک مجوزہ پیکیج پر بحث کے لئے سول سوسائٹی کا اجلاس بلایا، حالانکہ آج کے دن تک اس مجوزہ پیکج کا ڈرافٹ منظرعام پر نہیں آیا۔ سوشل میڈیا ہو یا میڈیا کے نمایندے ہوں انکے پاس انواع و اقسام کے ڈرافٹس زیر گردش ہیں پیپلز پارٹی نے اپنا ڈرافٹ اپنی ویب سائٹ پر مشاورتی اجلاس کے ایک دن بعد ذرور ڈالا جس میں آئینی عدالت کے قیام پر ذور ہے.
ایچ آر سی پی کے اجلاس میں بھی ایک ڈرافٹ تقسیم ہوا جس کے بارے میں وزیر اعظم کے قانون انصاف مشیر بیرسٹر عقیل ملک نے وضاحت کی یہ ڈرافٹ حکومت کے زیر غور نہیں۔ بلکہ انکے مطابق انہوں نے خود بھی اب تک کوئی حتمی ڈرافٹ نہیں دیکھا.
اجلاس میں سینئر سیاست دان افراسیاب خٹک جو نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس کے ایک راہنما ہیں انہوں نے اپنی تقریر میں ولی خان کے حوالے سے دلچسپ واقعہ بیان کیا. انکے مطابق نیشنل عوامی پارٹی کے بانی ولی خان سے کسی نے پوچھا کہ ملکی حالات کیسے ٹھیک ہوں گے، ولی خان نے جواب دیا کہ گندگی کے ڈھیر پر بیٹھ کر اچھائی کی توقع بھلا کیسے کی جاسکتی ہے ؟ بدقسمتی سے اس گندگی کے ڈھیر میں کمی تو کبھی نہ آسکی لیکن مسائل ہیں کہ مزید الجھتے چلے جا رہے ہیں۔
ضیاالحق کے بعد پاکستان کی مختصر تاریخ میں دوسرے بدترین ڈیکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کی وجہ سے دو بڑی پارٹیوں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی لیڈر شپ کئی سالوں تک دوبئی سعودی عرب اور لندن میں جلاوطنی کی زندگی سالہا سال تک گزاری۔ دونوں کی لیڈر شپ نے مئی 2006 میں چارٹر آف ڈیموکریسی یعنی میثاق جمہوریت کے معاہدے پر دستخط کئے۔ جس میں پرویز مشرف حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی آئینی ترامیم، جمہوریت میں فوج کی حیثیت، نیشنل سکیورٹی کونسل، احتساب اور عام انتخابات کے بارے میں دونوں جماعتوں کے مشترکہ نکتہ نظر کو بیان کیا گیا۔
میثاق جمہوریت کے 36 نکات پر مشتمل دستاویز میں شق نمبر بائیس انتہائی اہم ہے جس کے تحت طے ہوا کہ “ہم نہ کسی فوجی حکومت کا حصہ بنیں گے نہ فوج کی سرپرستی میں بننے والی کسی بھی حکومت کی حمایت کریں گے اور نہ فوج کے ساتھ سازباز کرکے حکومت بنائیں گے نہ کسی جمہوری حکومت کو گرائیں گے”۔ لیکن اسکا نتیجہ وہی نکلا جو ہمیشہ ہوتا آیا ہے۔ مبینہ طور پر میثاق جمہوریت جس پر دستخط ہوے چند ماہ ہی گزرے تھے اسے بھول کر بینظیر بھٹو اور اس دور کے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان خفیہ مذاکرات ہوے اور بینظیر بھٹو واپس پاکستان آگئیں اور 2007 میں طے شدہ انتخابات سے ایک دو روزپہلے خودکُش حملے میں قتل کر دی گئیں۔
بینظیر بھٹو کے پیچھے پیچھے نواز شریف جو سن 2000 میں تحریری یقین دہانی کرانے کے بعد سعودی عرب جلاوطن کر دے گئے، انہوں نے تحریری طور پر لکھ کر دیا تھا کہ وہ دس سال سے پہلے پاکستان نہیں آئیں گے نہ سیاست میں حصہ لیں گے۔ وہ بھی لندن سے پاکستان آگئے، لیکن اسلام آباد کے ہوائی اڈے سے ہی واپس سعودی عرب بھیج دیے گئے. تاہم اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کے از خود نوٹس پر عدالتی حکم کے بعد م واپس پاکستان آسکے .
دونوں پارٹیوں نے نہ صرف ڈیکٹیٹر پرویز مشرف جو صدر تھا اسکے تحت اتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا بلکہ 2007 جولائی میں نون لیگ کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی اور دوسری اپوزیشن پارٹیوں میں صدر(مشرف) کی وردی کے معاملے پر استعفے دینے کے حوالے سے اختلافات سامنے آئے۔ جس کے بعد پیپلز پارٹی کے بغیر نواز شریف نے آل پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ بنا لی جسے عام انتخابات میں عوام کی طرف خاطر خواہ پذیرائی نہ مل سکی.
فروری 2008 کے انتخات میں کسی بھی جماعت کو واضع اکثریت نہ مل سکنے کی وجہ سے پیپلزپارٹی اور نوں لیگ نے مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ کی۔ نہ صرف پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم یوسف گیلانی نے بد ترین آمر جنرل مشرف جس کی دونوں بڑی جماعتیں اور انکی لیڈرشپ آٹھ سال تک متاثر رہیں اس سے حلف لیا بلکہ دونوں جماعتوں پر مشتمل وفاقی کابینہ سے بھی پرویز مشرف نے ہی حلف لیا.
اب سوال یہ کہ اگر اپریل 2022 میں سینیٹ کا چیئرمین وزیر اعظم سے حلف لے سکتا ہے تو 2008 میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا تھا، کم از کم میثاق جمہوریت کی لاج تو رکھی جا سکتی تھی. 2022 میں اُس وقت کے صدر عارف علوی نے صحت کی خرابی کا کہہ کر وزیر اعظم سے حلف لینے سے معذوری ظاہر کی۔ لیکن عام تاثر یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سے عارف علوی نے حلف لینے سے انکار کیا۔
2008 میں پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے درمیان چند ماہ میں ہی اختلافات شروع ہوگئے جس کی وجہ سے مخلوط حکومت برقرار نہ رہی اور اگست 2008 میں نون لیگ حکومت سے نہ صرف الگ ہو گئی بلکہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے درمیان شدید مخالفت ابھر کر سامنے آئی. نواز شریف میمو گیٹ کیس میں کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ پیش ہو گئے تاکہ مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم نہ رہ سکے، جبکہ انکے بھائی شہباز شریف جو پنجاب میں وزیر اعلی تھے اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی خواہش جلسوں میں بیان کرتے نظر آئے. اس صورتحال کا عوام کو تو کوئی فائدہ نہ ہوا بلکہ منتخب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار کسی آرمی چیف کو تین سال کی ایکسٹینشن دی جس سے جنرل اشفاق پرویز کیانی چھ سال تک چیف آف آرمی سٹاف کی کرسی پر براجمان رہے۔
اٹھارہویں ترمیم جو میثاق جمہوریت کی کامیابی قرار دی جاسکتی ہے ، کیوں کہ اس کے تحت 1973 کے آئین اصل حالت میں بحال کرنے کی کوشش ہوئی بلکہ پارلیمانی جمہوریت اور صوبوں کو انتظامی اور مالی طور پر مضبوط کیا گیا اور بیشمار شعبوں کو وفاق سے صوبوں کو منتقل کیا گیا ، کنکرنٹ لسٹ ختم ہوئی۔ مثال کے طور صحت تعلیم، ماحولیات اور دوسرے بہت سے شعبے صرف اور صرف صوبوں کی ذمہ داری بنی. یہ الگ بات ہےکہ صوبوں نے این ایف سی ایوارڈ سے اضافی آمدنی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور الاؤنسز بڑھانے پر ذیادہ خرچ کیاعوامی فلاح پر کم۔
اٹھارہویں ترمیم سے اعلی عدالتوں کے ججوں کی تعیناتی کے لئے پالیمان کی شراکت کو یقنینی بنایا گیا. اس کے تحت جوڈیشل کمشن اور پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ ہوا . اُس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کو پارلیمان کی ججوں کی تعیناتی میں شراکت منظور نہ تھی اانہوں نے 19 ویں ترمیم کا حکم دیا کہ ترمیم منظور کی جائے، ورنہ اٹھارہویں ترمیم خطرے میں ہے۔
انیسویں ترمیم کی منظوری کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے ایڈھاک ججوں کی تقرری کا کلی اختیار حاصل کر لیا جنہیں بعد میں مستقل کر دیا گیا، یہاں تک کہ قاضی فائز عیسی کو بلوچستان ہائی کورٹ کا براہ راست چیف جسٹس مقرر کیا. ایچ آر سی پی کی مشاورت کے دوران پیپلز پارٹی کے نیر بخاری نے حاضرین کو بتایا کہ 19ویں ترمیم کے بعد افتخار چوہدری نے 104 ججوں کو فارغ کیا اور 103 ججوں کو خود بھرتی کیا اور ریکوڈیک اور کارکے (ترکی سے بجلی پیدا کرنے والے سمندری جہاز ) جو پیپلز پارٹی کے دوسرے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے دور میں بجلی کی کمی کو دور کرنے کے لئے لایا گیا ان کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلوں سے قومی خزانے کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا.
تاہم پیپلز پارٹی کی حکومت اور پارلیمنٹ نے سٹینڈ لینے کے بجائے نہ صرف انیسویں ترمیم منظور کی بلکہ اپنا وزیر اعظم (یوسف رضا گیلانی) بھی ایک جوڈیشل آرڈر کے ذریعے گھر بھجوا دیا. سبق سیکھنے کے بجائے نوں لیگ اور پیلز پارٹی آج بھی جس قسم کا ترمیمی پیکج لانے کے درپے ہیں وہ شاید سب سے زیادہ انہی دو جماعتوں کے لئے مستقبل میں نقصان دہ ثابت ہو۔ آئینی عدالت کے قیام ، ججوں کی تعیناتی، ان سے مقدمات واپس لینے اور ان کے تبادلوں کے اختیار پر پیپلز پارٹی کے شرکا متفق نظر آئے. جبکہ ویٹرن سیاستدان فرحت اللہ بابر اس بات پر زور دے دیتے رہے کہ انسانی حقوق کے آرٹیکل 8 پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور ترمیم لانے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا.لیکن آئینی عدالت کے قیام پر وہ متفق نظر آئے۔
ایچ آر سی پی کے مشاورتی اجلاس میں وکلا جن میں سلمان اکرم راجہ ، صلاح الدین اور مصطفیٰ نواز نے اس پر زور دیا کہ آج بھی عدلیہ میں دائرہ اختیار(jurisdiction )کے حوالے سے بہت مشکلات ہیں اور آئنی عدالت کے قیام کے بعد یہ لڑائی مزید گہری ہو جائے گی .انکا کہنا تھا کہ بھارت کی طرح آئنی بینچ بہت سے آئنی مقدمات کےمعاملات کو حل کر دیگا۔
معروف قانونی ماہر ریما عمر نے اپنے موقف کو دہرایا کہ یورپ میں مخصوص آئینی عدالتیں ہیں وہ پاکستان سے بہت مختلف ہیں۔ پاکستانی نظام کی بنیاد کامن لاء ہے۔ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ بااختیار “آئینی عدالتوں” کے طور پر موجود ہیں ہمارے تناظر میں عدالتی نظام میں اس ریڈیکل تبدیلی کا کیا مقصد ہے؟ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ہہت سے ممالک میں آمریت سے جمہوریت کے دوران آمریت کا مقابلہ کرنے کے لیے آئینی عدالتیں قائم کی گئیں کیونکہ عام عدالتیں کمزورتھیں پاکستان میں جہاں عدالتیں پہلے ہی بااختیار ہیں ہم سپریم کورٹ کو کمزور کرنے اور آمریت کی سہولتکاری کے لیے آئینی عدالت قائم کر رہے ہیں. منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ وکلا تحریک سے جو مقاصد ہم نے حاصل کئے، وہ اس ترمیم سے ضائع ہو جائیں گے، اور عابد ساقی نے آئینی عدالت کی مخالفت کرتے ہوئے ترمیمی پیکیج میں شفافیت لانے کا مطالبہ کیا ۔
پی ایف یو جے کی نمائندگی کرتے ہوے ناصر ذیدی کا مطالبہ تھا کہ اگر ترمیم کرنی ہی ہے تو آرٹیکل ۱۹ کی شق A میں کریں جو پریس فریڈم اور آذادی اظہار رائے پر چھ سے سات پابندیاں لگاتا ہے۔
سب سے اہم بات حنا جیلانی جو ایچ آر سی پی کی سابق چیئر پرسن رہی ہیں نے کی اور کہا کہ آپ یہ تو دیکھیں کہترمیم کن حالات میں لائی جا رہی ہے۔ حکومت اپنے پیروں پر خود کلہاڑی مار رہی ہے ، ہمیں کوئی بھی ترمیم شفافیت کے بغیر منظور نہیں. انہوں نے سول سوسائٹی کی طرف سے مطالبہ کیا کہ حکومت کا تیار کیا گیا ڈرافٹ فوری طور عوامی بحث کے لئے منظر عام پر لایا جائے تاکہ رائے عامہ ہموار ہو۔
حنا جیلانی نے حالات کے حوالے سے درست سوال اُٹھایا۔ حالات یہ ہیں کہ خیبر پختون خواہ میں پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے، بلوچستان میں تشدد کے واقعات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں مِسنگ پرسن کے تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، میڈیا پابندیوں کا شکار ہے، شخصی اذادی سلب ہو رہی ہے ایسے میں آٹیکل 199 کی شق 4 میں “قومی سلامتی” کا لفظ داخل کرنے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کو لامحدود اختیارات نہیں مل جائیں گے ؟ کیونکہ اعلی عدالتوں میں بھی اس سے انسانی حقوق کے مقدمات غیر موثر ہو جائیں۔
میں سمجھتا ہوں ترمیمی پیکیج کے حوالے سے جو نکات اور بیانات سامنے آئے ہیں وہ بدنیتی پر مبنی ہیں ، پہلا یہ کہ وزیر دفاع کا یہ کہنا کہ انہیں مستقبل میں الیکشن نتائج کے آڈٹ کا خدشہ ہے ، اور پھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی یہ منطق کہ منصور علی شاہ اگر چیف جسٹس بن گئے تو وہ دوسرے ججوں کو نہیں کنٹرول نہیں کر سکیں گے ، کیا یہ دو بیانات بدنیتی کو ظاہر نہیں کرتے ؟
ترمیمی پیکج کی جو تفصیلات اب تک سامنے آئی ہیں، اسکی منظوری انتہائی خطرناک عمل ہو گا جس سے شاید آج کے مقاصد کو تو حاصل کر لیا جائے گا لیکن کل یہی قوانین آج کی حکمران جماعتوں کے خلاف استعمال ہوں گے۔ بدترین سیاسی مخالف کو ووٹ کے ذریعے شکست دینا ہزار درجے بہتر ہے، نہ کہ اسے خراب قانون سازی سے ختم کیا جائے۔