۲۲ اکتوبر ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے نو طلبا، جن کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہے، 16 اکتوبر 2024 سے مبینہ طور پر لاپتہ ہیں۔ ان طلبا کے اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جبری طور پر حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔ پولیس نے ان کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔بلوچ طلبا کی بازیابی کیلئے آج کراچی یونیورسٹی میں احتجاجی مارچ نکلا گیا جس میں ان طلباء کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا ۔
کراچی پریس کلب میں 17 اکتوبر کو منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ڈپٹی آرگنائزر لالا وہاب بلوچ اور لاپتہ طلبا کے اہلِ خانہ نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سی ٹی ڈی فورس (کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ) نے 16 اکتوبر کی شام تقریباً ساڑھے پانچ سے چھ بجے کے درمیان ان طلبا کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا اور جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ ان طلبا کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بشیر ویلیج کے ایک اپارٹمنٹ سے حراست میں لیا گیا۔انکا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق اس کارروائی میں سی ٹی ڈی پولیس کے دس سے بارہ گاڑیاں شامل تھیں، جن میں سے کچھ پولیس اہلکار وردی میں تھے، جبکہ اکثر سول کپڑوں میں موجود تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران لاپتہ طلبا کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کی گئیں، جن میں مذکورہ طلبا شامل ہیں
شعیب علی ولد بختیار، سکنہ پسنی، کراچی یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کے طالب علم
حنیف ولد بدل، وفاقی اردو یونیورسٹی کے طالب علم
اشفاق ولد خالق داد، سکنہ گریشہ خضدار، دینی مدرسے کے طالب علم
شہزاد ولد خالد، سکنہ گریشہ خضدار، دینی مدرسے کے طالب علم
بیبگر امیر ولد امیر بکش، سکنہ پنجگور، کراچی یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کے طالب علم
زبیر ولد کریم بکش، سکنہ مند ضلع کیچ، انٹرمیڈیٹ کے طالب علم
قمبر علی ولد مسکان، سکنہ گریشہ ضلع خضدار، انٹرمیڈیٹ کے طالب علم
سعید اللہ ولد در محمد، سکنہ گڑانی، کراچی یونیورسٹی میں شعبہ قانون کے طالب علم
محمد جاوید ولد لال بکش، کراچی یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے طالب علم
اہلِ خانہ نے مزید بتایا کہ یہ طلبا اس اپارٹمنٹ میں اپنے تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف تھے اور ان کا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے بچے اس ملک میں کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ بے گناہ اور نہتے طلبا کو بلاجواز اور غیر قانونی حراست میں لیا گیا اور پھر انہیں لاپتہ کر دیا گیا۔‘‘
اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اگلے دن سی ٹی ڈی اہلکار دوبارہ ان طلبا کے کمروں میں آئے اور ان کے ذاتی سامان، جیسے کہ لیپ ٹاپ اور دیگر اہم دستاویزات، کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ جب اہل خانہ نے پولیس سے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی، تو پولیس نے ان کی درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ وہ اپنے اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی ایف آئی آر درج نہیں کریں گے۔ اہل خانہ نے سوال اٹھایا کہ ’’ہم اپنے گمشدہ پیاروں کی خیریت کے بارے میں کس سے پوچھیں؟ کیا ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم بلوچ ہیں؟ ‘‘
کراچی یونیورسٹی میں آج ان طلبا کی جبری گمشدگی کے خلاف ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان لاپتہ طلبا کو فوری طور پر بازیاب کریں اور ان کے ساتھ انصاف کریں۔ مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی جبری گمشدگیاں بلوچ طلبا کے ساتھ امتیازی سلوک کی ایک اور مثال ہیں، جو ان کے تعلیمی سفر میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ نے اس واقعے پر سوشل میڈیا سائٹ “ایکس” پر اس واقعے کے دن اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’جب پاکستان ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے، وہیں بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں کراچی، لاہور اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجنوں بلوچ طلبا کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ‘‘
While Pakistan hosts an international conference, it is simultaneously committing severe human rights violations in Balochistan. In recent days, dozens of Baloch students have been subjected to enforced disappearances in cities like Karachi and Lahore, as well as in various… pic.twitter.com/MNH9khtsGe
— Mahrang Baloch (@MahrangBaloch_) October 17, 2024
انہوں نے اپنی پوسٹ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس واقعے کا نوٹس لینے اور بلوچ طلبا کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے خلاف آواز اٹھانے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ طلبا کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بغیر کسی وارنٹ یا ثبوت کے حراست میں لے لیا جاتا ہے۔