۲۴ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
نور مقدم ایک 27 سالہ نوجوان لڑکی تھی، جو سابق سفیر شوکت مقدم کی بیٹی تھی۔ اسے انتہائی بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ 20 جولائی 2021 کو اسلام آباد میں اس کے دوست ظاہر جعفر نے اسے اپنے گھر میں قتل کیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، ظاہر جعفر نے نور کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ساتھ بھی نہایت تشدد آمیز سلوک کیا۔ نور مقدم قتل کیس کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے دل دہلا دینے والے واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ظاہر جعفر نے نور مقدم کو پہلے قید کیا، پھر اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، اور بالآخر اس کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ظاہر جعفر کو موقع واردات سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق، نور نے اپنی جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے کی کوشش بھی کی تھی لیکن ناکام رہی۔ظاہر جعفر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور دوران تفتیش اس نے ذہنی بیماری کا دعویٰ کیا تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکے، لیکن عدالت نے اس کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
نور مقدم کیس نے پاکستانی معاشرے میں شدید ردعمل پیدا کیا۔ سوشل میڈیا پر بھرپور احتجاج کیا گیا اور خواتین کے تحفظ کے موضوع پر بحث چھڑ گئی۔ اس واقعے نے ملک میں خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے کو مزید نمایاں کر دیا۔2022 کے اوائل میں عدالت نے ظاہر جعفر کو نور مقدم کے قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے سزائے موت سنائی۔ ظاہر جعفر کے والدین اور گھر کے ملازمین کو بھی شامل تفتیش کیا گیا، جن پر الزام تھا کہ انہوں نے قتل کو روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔
مارچ 2023 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ظاہر جعفر کی سزائے موت کو برقرار رکھا۔ ہائی کورٹ نے نہ صرف سزائے موت کی توثیق کی، بلکہ اس کی 25 سال قید کی سزا کو بھی مزید ایک سزائے موت میں تبدیل کر دیا۔اپریل 2023 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، جو تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال میں نور مقدم کے والد شوکت مقدم اور سول سوسائٹی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ کیس کی جلد سماعت مقرر کی جائے۔
وائس پی کے سے خصوصی بات کرتے ہوئے شوکت مقدم نے کہا کہ ’’ہم نے سپریم کورٹ میں خصوصی اپیل دائر کی ہے، لیکن ابھی تک کیس کی سماعت مقرر نہیں ہو سکی۔ اس واقعے کے بعد معاشرے میں خواتین میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ میرے جیسے کسی شخص کو اگر ملک سے باہر جانا پڑے تو وہ اپنی بیٹیوں کو اکیلا چھوڑنے سے گھبراتا ہے۔ ہمیں مجبوراً اپنی بیٹیوں کی تعلیم کو ادھورا چھوڑنا پڑتا ہے۔‘‘
شوکت مقدم نے مزید کہا کہ ملزمان کے خاندان کی طرف سے صلح کی پیشکش بھی کی گئی، لیکن ہم کسی صورت میں صلح نہیں کریں گے۔ یہ مقدمہ صرف ہماری بیٹی کا نہیں بلکہ اس ملک کی تمام بیٹیوں کا ہے اور ہم ہر صورت اس کے لیے لڑیں گے۔ میری سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اس کیس کی جلد سماعت مقرر کی جائے کیونکہ اس کیس کی وجہ سے معاشرے میں بےچینی پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’26ویں آئینی ترمیم کے بعد حکومت نے کہا تھا کہ کیسز کی جلد سماعت ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ اب ہمیں امید ہے کہ ہمیں بھی وہ ریلیف ملے گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد یہ ایک ٹیسٹ کیس ہوگا۔ اگر اسے سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تو ملک کی 50 فیصد خواتین جو اس واقعے کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہیں، انہیں تحفظ کا احساس ہوگا۔‘‘