۲۸ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں ریٹارئرڈ ہونے والے چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کے اعزاز میں الوداعی فُل کورٹ ریفرنس ہوا۔فُل کورٹ ریفرنس میں نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت سپریم کورٹ کے 12 موجودہ ججز نے شرکت کی۔جبکہ سینئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ سمیت 5 ججز الوداعی ریفرنس میں شریک نہیں ہوئے۔ اس عدم شرک کے بعد عدلیہ میں تقسیم واضح طور پر سامنے آ گئی ہے۔
ریفرنس میں شرکت نہ کرنے والوں میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہرمن اللہ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہیں۔۔اس تقسیم کی وجہ بتاتے ہوئے پاکستان بار کونسل کے سینیئر ممبر امجد شاہ نے وائس پی کے کو بتایا کہ تقسیم کی وجہ صرف اقتدار کی جنگ ہے، جس کی وجہ سے یہ نظام کو نہیں چلنے دے رہے ہیں۔ رجیم چینج ہونے کے بعد ان لوگوں کی اس میں جگہ نہیں بن رہی جس کی وجہ سے وہ ایسا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں تقسیم بظاہر تب نظر آئی جب جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس آیا۔
خیبر پختونخواہ بار کونسل کے ممبر احمد فاروق خٹک کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ڈویژن کا سلسلہ سالوں سے سپریم کورٹ میں چلتا آرہا ہے، ماضی میں بھی ایسا نظر آیا ہے کہ چیف جسٹس کے ریفرنس میں کافی ججز شامل نہیں ہوتے تھے۔ جبکہ ڈویژن کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ جب سپریم کورٹ نے آئین اور قانون کو سائیڈلائن کرکے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں فیصلے دیے۔
سنیئر وکیل فیصل باجوہ کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کی تقسیم کی وجہ حکومت اور پارلیمنٹ کا عمل دخل بھی ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی شرکت نہ کرنا یہ بتاتا ہے کہ ان کی اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے بیچ میں اختلافات تھے۔ہفتہ کے روز جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے جس کے بعد سپریم کورٹ کے ججز میں تقسیم کم ہونے کی توقع بھی کی جارہی ہے۔