۲۸ اکتوبر ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے کارکنوں نے اتوار کے روز سردار اختر مینگل اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ کے اندراج اور مرکزی رہنما اختر حسین لانگو کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بی این پی مینگل کے کارکنان اور رہنما جمع ہوئے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے کوئٹہ کی مختلف سڑکوں پر مارچ کیا اور پھر پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے، جہاں پارٹی رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ بی این پی-مینگل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے پارٹی رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کیے ہیں اور سابق ایم پی اے اختر حسین لانگو، شفیع محمد مینگل اور دیگر کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی این پی ہمیشہ سے عوامی حقوق اور جمہوریت کی جنگ لڑتی آئی ہے اور حکومتی مظالم کے باوجود کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ملک نصیر احمد شاہوانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹی شہداء کی وارث ہے اور اپنے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف پابندیاں لگا سکتی ہے مگر پارٹی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کا ضمیر خریدنے میں ناکام رہی ہے۔ بی این پی کے رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ پارٹی حکومتی اقدامات کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے والوں میں بی این پی کی خواتین ونگ کی سیکرٹری اور سابق ایم پی اے شکیلہ نوید دہوار، احمد نواز بلوچ، موسیٰ بلوچ، غلام نبی مری، میر مقبول لہری اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ان رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے دباؤ اور “دھمکی” کے ذریعے منظور کروائی گئی جس کی مذمت کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سردار اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت جعلی مقدمہ درج کیا گیا ہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر دبایا جا سکے۔
https://twitter.com/Sarawaan1/status/1850485647821111723
بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرح کے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ گوادر، خضدار، نوشکی، قلات، مستونگ، سوراب، وڈھ، خاران، تربت، پنجگور، ڈیرہ مراد جمالی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بی این پی کے کارکنان نے احتجاج کیا۔ گوادر میں بھی ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں شریک مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بی این پی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور گرفتار کیے گئے رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 23 اکتوبر کو اسلام آباد پولیس نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ سینٹ کے جوائنٹ سیکریٹری ایڈمن جمیل احمد کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا، جس میں سردار اختر مینگل سمیت چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، ان افراد نے مبینہ طور پر مسلح ہو کر سینٹ ہال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور سینیٹ کے معاملات میں مداخلت کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران سردار اختر مینگل نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی پارٹی کے دو سینیٹرز کو اغوا کرکے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی کو اصولوں پر کھڑا رہنے کی سزا دی جا رہی ہے، مگر بی این پی ایسے حربوں سے دبنے والی نہیں۔