۳۱ اکتوبر ۲۰۲۴

رپورٹ: عدنان حیدر


پاراچنار

ضلع کرم کی واحد شاہراہ کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے پاراچنار کے آر پی چوک میں دھرنا دے دیا ہے۔ پاراچنار-ٹل روڈ گزشتہ تین ہفتوں سے ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند ہے جس کے باعث پاراچنار شہر کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ شہر میں اشیائے خوردونوش ،پیٹرول ، گیس، ادویات سمیت دیگر چیزوں کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔اپر کرم کی 5 لاکھ کی آبادی علاقے میں محصور ہوکر رہ گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اس طویل بندش کی وجہ سے مناسب علاج نہ ہونے سے 9 بچوں سمیت 13 مریض اسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔ ڈی ایچ کیواسپتال پاراچنار کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کے مطابق شدید بیمار مریضوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے کیونکہ روڈ بندش کی وجہ سے انہیں پشاور کے استپالوں منتقلی نہیں ہو پائی۔بلدیاتی نمائندگان کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں ایک انسانی المیہ سے دو چار ہے۔
ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی عدم دستیابی کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید تین روز بند رہیں گے۔ طلباء تنظیموں کا کہنا ہے کہ آمد ورفت کی بندش کی وجہ سے پاراچنارکے طلباء یونیورسٹیوں میں داخلے نہ لے پائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے 3 نومبر کو HEC ٹیسٹ کیلئے پاراچنار میں مرکز قائم کیا جائے یا اس ٹیسٹ کی تاریخ کو موخر کیا جائے۔
اس صورتحال سے کسان اور تاجر بھی بہت پریشان ہیں اور انہیں بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ بارڈر حکام کے مطابق پاک افغان خرلاچی بارڈر پر تجارت بھی رک گئی۔ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کا کہنا ہے کہ روڈ کو سکیورٹی خدشات کے بنیاد پر بند کیا گیا ہے۔ گرینڈ جرگہ اور قبائلی عمائدین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور فریقین کے درمیان فیصلہ ہو جا نے پر شاہراہ کھل جائیگی۔
دوسری جانب، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک شاہراہ کو کھولا نہیں جاتا ان کا دھرنا جاری رہیگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here