۳۱ اکتوبر ۲۰۲۴
تحریر : :عصمت اللہ نیازی
گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں فیملی میں شادی کی ایک تقریب کے سلسلے اسلام آباد سے لاہور جانا ہوا. جانے سے پہلے لاہور اور راستے بھر میں ہر طرف شدید اسموگ اور موٹروے پر آمد رفت متاثر ہونے کی خبریں تھیں اور موٹر وے پولیس کی طرف سے وارننگ بھی تھی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ جب کہ لاہور میں زندگی معطل رہنے کی خبریں عام تھیں.اسلام آباد سے لاہور کے لئے جب سفر کا آغاز کیا تو انتہائی خوشگوار موسم کا سامنا ہوا کیوں کہ سردی کے موسم میں سورج نکلا ہو اور موٹر وے کے دونوں جانب لہلہاتے کھیت ہوں اور تا حد نظر نیلا آسمان جبکہ کسی قسم کی روکاوٹ نہ ہو تو سفر حسین اور خوشگوار ہوجاتا ہے. تاہم جوں ہی سالٹ رینج کی پہاڑیاں کراس کیں اور نیچے اتر کر للہ انٹر چینج سے آگے بڑھے تو آہستہ آہستہ اسموگ کے گہری تہہ نے گھیرنا شروع کر دیا ، اور جوں جوں ہم لاہور کی طرف بڑھتے گئے اسموگ کا سایہ گہرا ہوتا چلا گیا. یہاں تک کہ قریبا شام چار بجے کے قریب لاہور پہنچے تو سورج غائب ہو چکا تھا اور ہوا میں کڑواہٹ اور عجیب سی بُو اس قدر تھی کہ گلے میں سوزش محسوس ہونا شروع ہو گئی۔
شادی کی تقریبات جو اسموگ کی وجہ سے ہی دن میں رکھی گئی تھیں، بمشکل مکمل ہو پائیں کیوں کہ دن بارہ بجے تک تو سورج کا نام نشان نہیں ہوتا تھا اور پھر چار بجے کے بعد اسموگ سڑکوں شاہراہوں اور خاص کہ رنگ روڈ کو گھیر لیتی تھی جس وجہ سے گاڑی چلانا اور سفر کرنا ناممکن رہتا تھا.
میرے لئے لاہور شہر کوئی نیا نہیں کیوں کہ 1995 سے لیکر 2003 تک میں لاہور میں اپنے سابق ادارے سرکاری ٹی وی میں 7 سال تک لاہور میں تعینات رہا اور لاہور میں اپنی اہلیہ کے خاندان کی وجہ سے سالوں سے لاہور کا سفر معمول ہے۔ میری اہلیہ کا خاندان مناواں اور باٹا پور لاہور کے درمیان گاؤں میں آباد ہے. مجھے یاد ہے جب ہم جی ٹی روڈ سے دروغہ والا یا نہر کی طرف سے گاؤں جاتے ہوئے مغل پورہ یا شالیمار گارڈن کا علاقہ کراس کرتے تھے تو ہر طرف دور دور ہرے بھرے کھیت ہی کھیت ، اکا دوکا لیکن دور دور آبادیاں ہوا کرتی تھیں اور ہوا انتہائی تازہ اور آلودگی سے پاک ہوا کرتی تھی، گرد کے سوا فضا میں کسی قسم کی آمیزش نہیں ہوتی تھی تاہم اگر بارشیں ہو جائیں تو گرد بھی ختم ہو جاتی تھی. ہاں موسم سرما میں دھند اکثر لاہور پر چھا جایا کرتی تھی لیکن اسموگ کا نام نشان نہیں تھا۔
سوال یہ کہ آخر لاہور کو ہوا کیا۔کیا وجہ بنی اسموگ کی ،جس کی وجہ سے اب لاہور میں زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے.سانس اور سینے کی بیماریاں عام ہوچکی ہیں عوام کے لئے اسموگ کی وجہ سے اپنے معمولات زندگی مشکل ہو گیا ہے ۔
موسمیات کے ماہر اور معروف میٹریالوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے لاہور کے بارے میں دلچسپ انکشافات کئے ہیں . اُنکا کہنا ہے کہ لاہور موسمیاتی تبدیلیوں کا بدترین شکار ہے کیوں کہ یہاں نہ صرف گرمیوں میں زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سردیوں میں بھی سانس لینا دو بھر ہو چکا ہے. انکے مطابق لاہور میں 365 دنوں میں سے 150 دن موسمیاتی شدت کا شکار رہتا ہے ۔ ان میں 70 دن مئی سے ستمبر تک شدید گرمی پڑتی ہے ، پھر 30 سے 55 دن اسموگ لاہور پر چھائی رہتی ہے جب کہ 35سے40 دن تک دھند ہوتی ہے جبکہ دس دن لاہور اربن فلڈنگ کا شکار رہتا ہے۔ یعنی سال کا 40 فیصد حصہ لاہور موسم کی شدت کا شکار رہتا ہے ہوا کی کوالٹی کا یہ حال ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس 300 کی بدترین سطح سے لیکر کئی علاقوں جن میں کوٹ لکھپت کا علاقہ بدترین سطح کوچھوتا نظر آتا ہے یعنی پانچ سے آٹھ سو اے کیو آئی تک پہنچ جاتا ہے .
گزشتہ دو سال سے لاہور اور اسکے ملحقہ علاقوں میں انتظامیہ کو اسموگ کی وجہ سے لاک ڈاؤن لگانا پڑ رہا ہے تاکہ لوگوں کو بیماریوں اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے جبکہ اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کرنا پڑتے ہیں۔ پنجاب کے محکمہ ماحولیات نے لاہور میں “گرین لاک ڈاؤن” کا اعلان کیا ہے جس کے تحت لاہور کے 4 علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن لگایا گیا جس کے تحت چنگ چی چلانے پر پابندی۔ کمرشل جنریٹر پر بند رہیںگے۔ تعمیرات روک دی گئی ہیں، اوپن کھانے پینے کے ٹھیلے جہاں پکائی ہوتی ہے پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ رات 10 بجے کے بعدکسی قسم کی کمرشل سرگرمیاں نہیں ہوسکیں گی۔ یہ سب وہ سرگرمیاں ہیں جو “لہور لہور” ہے کا بیانیہ دیا کرتی تھیں کیونکہ لاہور کی نائٹ لائف لاہور کے کھابے بازار اور کلچرل سرگرمیاں ہی اُسے دوسرے شہروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ اسموگ کی ایک وجہ موسم سرما میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں آگ لگا کر منجی تلف کرنا بتائی جاتی ہے جو پاکستان اور بھارت کے پنجاب دونوں میں کی جاتی ہے، تاہم لاہور میں کھیتوں اور درختوں کو ختم کر کے بڑی بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیوں، بغیر پلاننگ کے صنعتیں لگانے کا عمل، چھوٹی بڑی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ڈیزل اور پیٹرول کا بےدریغ استمعال بھی اسکی وجاہوت میں شامل ہے
ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے آلودگی اور اسموگ میں ہر سال 10 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے، سردیوں کا بیشتر حصہ اسموگ اور دھند رہنے کی وجہ سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اگر فوری اور دیرپا اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو لاہور میں زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جائے گی۔
پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز شریف نے اسموگ اور دھند سے نمٹنے کے لئے بھارت کے ساتھ اسموگ ڈپلومیسی کا اشارہ دیا ہے جو کہ خوش آیند بات ہے لیکن اگر معاملہ صرف سوچنے تک ہی محدود رہا تو کہیں وقت ہاتھ سے نہ نکل جائے.
اُدھر بھارت نے تو دہلی میں اسموگ کا مقابلہ کرنے کے لئے اقدامات اُٹھانا شروع کر دئیے ہیں اور اب تک ایک عدد اسموگ ٹاور شہر کے مصروف ترین علاقے میں لگا چکا ہے جو ایک کلومیٹر کے دائرے میں ہوا کو زہریلے مادوں سے پاک کر دیتا ہے . جب کہ دوسرا بھی جلد کام شروع کردیگا. اسی طرح چین میں بیجنگ اور کئی دوسرے شہروں میں بھی اسموگ کے خاتمے کے لئے اسموگ ٹاور لگا دئیے گئے ہیں اگرچہ یہ مہنگے پراجیکٹس ضرور ہیں لیکن انسانی زندگی سے قیمتی کوئی چیز نہیں۔


پاکستان جہاں آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے سموگ ٹاورز کی تنصیب جیسے اقدامات کے ساتھ ساتھ آبادی کے کنٹرول، نئ ہاوسنگ سوسائٹیوں خاص کر نہری علاقوں کی زرخیز زمین کو سوسائٹیوں میں بدلنے سے روکنا ہوگا، عمودی رہائشی سہولتوں یعنی گھروں کے بجائے فلیٹس کی زندگی کو فروغ دینا ہوگا, جبکہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں میں بتدریج کمی لاکر پبلک ٹرانسپورٹ کو ترقی دینا ہو گی تاکہ لوگ انفرادی طور پر کارروں کے بجائے بسوں ویگنوں ٹرام جیسے سہولتوں کو ترجیح دیں۔ صنعتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا بصورت دیگر حالات کی ابتری لاہور تک محدود نہیں رہے گی اور اسموگ ہو یا دھند یا پھر صنعتی آلودگی تمام بڑے شہروں اس کی لپیٹ میں ہونگے۔