۶ نومبر ۲۰۲۴

سٹاف رپورٹ


لاہور

حکومت پاکستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) میں ترمیم کی تجویز سامنے آنے پر وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق اس ترمیم سے جبری گمشدگیوں کے کیسز میں اضافہ ہوگا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

تجویز کردہ اس ترمیم کے تحت مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملکی سلامتی، دفاع، اور امن عامہ سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کو تین ماہ یعنی نوے دن تک حراست میں رکھنے کا اختیار مل جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس ترمیم سے ملک میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ، نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حراست میں رکھے جانے سے مسنگ پرسنز کا معاملہ جزوی طور پر حل ہوسکتا ہے۔ ان کے بقول سیکورٹی فورسز دہشت گردوں سے لڑ رہی ہیں، مگر ان کے پاس لوگوں کو گرفتار کرنے، حراست میں رکھنے اور تفتیش کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہے، جس کی وجہ سے مسنگ پرسنز کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسی حوالے سے مشیر وزارت قانون اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حراست میں لئے گئے افراد پر آئین کے آرٹیکل 10 کا اطلاق ہوگا اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

سینئر وکیل عابد ساقی کے مطابق یہ ترمیم آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس سے حراست میں رکھے گئے افراد کے حوالے سے نوے دن تک کوئی معلومات حاصل نہیں ہو سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے اور ملک میں جبری گمشدگیوں کی قانونی حیثیت دینے کے مترادف ہے۔

تحریک انصاف کے سینئر وکیل اور رہنما شعیب شاہین نے بھی اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کے بعد جبری گمشدگیوں کو قانونی شکل دے دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دو ہزار چودہ سے دو ہزار سولہ تک انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ایسی ہی ترمیم کی گئی تھی۔ اب حکومت ایک بار پھر سیکورٹی فورسز کو دو سال کے لئے نوے دن تک لوگوں کو حراست میں رکھنے کا اختیار دینا چاہتی ہے۔ حکومتی موقف کے مطابق، تحریک انصاف کی سابق حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی رہائی کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوچکی ہے، جس کے پیش نظر اس اقدام کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here