۸ نومبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور ہائی کورٹ میں فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسئلے پر 3 سالہ بچی، امل سکھیرا، نے درخواست دائر کی، جس میں ان کی وکیل بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے استدعا کی گئی کہ فضائی آلودگی کے خطرناک حد تک بڑھنے کی وجہ سے شہریوں، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسموگ کی صورتحال کی خرابی کی وجہ سے نہ صرف شہریوں کی صحت خطرے میں ہے بلکہ اس کے باعث زندگی کی اوسط مدت میں بھی کمی آ رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی سے ہونے والے مضر اثرات بچوں کے لیے خاص طور پر خطرناک ہیں کیونکہ وہ زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں کہا کہ اسموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے حکومت نے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے، جبکہ آئین کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس جواد حسن نے کیس کی سماعت کی اور دوران سماعت اس بات کا جائزہ لیا کہ ایک 3 سالہ بچی کیسے عدالت میں درخواست دائر کر سکتی ہے۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی شہری جو کسی حکومتی اقدام یا اس کی عدم موجودگی سے متاثر ہوتا ہو، وہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ اس کے بعد جسٹس جواد حسن نے سیکریٹری ماحولیات اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیا اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالتی احکامات: بازار رات 8 بجے بند، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
لاہور ہائیکورٹ میں آج بھی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی۔
اسموگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے متعدد احکامات جاری کیے۔ ان احکامات کے تحت لاہور شہر میں ٹرک اور ٹرالروں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے کیونکہ عدالت کے مطابق یہ بھاری گاڑیاں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ ہیں۔ عدالت نے ہدایت دی کہ ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکاروں کو ہیوی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو سڑک پر نہیں چلنے دیا جائے گا۔
جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ دھواں چھوڑنے والی بسوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے تاکہ یہ گاڑیاں اپنی حالت بہتر بنائیں۔ عدالت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو حکم دیا کہ وہ اسموگ کے مسئلے پر فوری اقدامات کریں۔ لاہور شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے موٹر وے اور رنگ روڈ پر داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
عدالت نے لاہور شہر سمیت صوبے بھر میں بازاروں کو رات 8 بجے بند کرنے اور اتوار کو مکمل طور پر بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ اسی طرح شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی کے ساتھ لوگوں کے رش کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پنجاب میں تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند، شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت
پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع میں 17 نومبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں کو گھروں میں رہنے اور باہر نکلتے وقت ماسک پہننے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اسموگ سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور گزشتہ کئی دنوں سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جا رہا ہے، اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈکس ایک ہزار کی خطرناک حد کو بھی کئی مرتبہ عبور کر چکا ہے، جس کے باعث شہریوں میں مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے