۸ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ: احمد سیعد


لاہور

پارلیمنٹ کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر ویڈیو بنانےپر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو آمرانہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اس غیر جمہوری فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو سخت احتجاج کیا جاے گا۔

جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کو لکھے گئے خط کے ذریعے کہا کہ اسمبلی کے دس ویں اجلاس کے دوران کچھ صحافیوں نے ارکان کو پارلیمنٹ کی راہداریوں میں روکا اور ان کی مرضی کے بغیر ان کے انٹرویوز/تبصرے ریکارڈ کیے اور بعد میں ان کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ نے اس طرز عمل پر شدید تحفظات اور ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے یہ معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کے نوٹس میں بھی لایا تھا جس کے بعد سیکٹریت نے صحافیوں کے پارلیمنٹ ہاؤس میں ویڈیوز بنانے اور انٹرویو ریکارڈ کرنے پر پابندی لگا دی۔

اس حوالے سے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے یہ فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا ہے اور اس حوالے سے ایسوسی ایشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا.انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے سوموار کےدن ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی سے اس حوالے سے بات کریں گے اور اگر یہ پابندی واپس نہ لی گی تو پھر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جاے گا

’’یہ باہر سے پارلیمنٹ ہے لیکن اندر سے آمریت ہے‘‘

پارلیمنٹ کی راہداریوں میں اراکین پارلیمان سے سخت سوالات کرنے والے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کا کہنا تھا کہ صرف ایوان کے اندر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ منع کیا جا سکتا ہے لیکن پارلیمنٹ کی راہداریوں کو پرائیویٹ پلیس قرار نہیں دیا جا سکتا.

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بڑے ہی غیر معمولی حالات ہیں۔ جس قسم کی آئین سازی پارلیمنٹ کر رہی ہے ویسے تو اس طرح کی آئین اور قانون سازی پہ پابندی لگنی چاہیے اور اگر آپ ایسی قانون سازی پر سوال اٹھانے والوں پر پابندی لگائیں گے تو آپ میں اور جنرل ضیاء اللہ میں اور جنرل مشرف میں کیا فرق رہ جائے گا اور اگر صحافی پارلیمنٹ کے اندر سوال نہیں کریں گے تو کیا پھر وہ جی ایچ کیو جا کر سوال کریں گے.

مطیع اللہ جان نے ماضی میں پارلیمنٹ کے اندر پولیس کے چھاپوں کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے خلاف تو کوئی کاروائی نہیں کرتا

’’یہ وہی پارلیمنٹ ہے جس میں اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹیرینز کو گھسیٹ کر باہر نکالا اور گرفتار کیا تھا۔ یہ وہی پارلیمنٹ ہے جس کے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں خفیہ کیمرے لگا کر انہیں سیاسی طور پر بے نقاب کیا گیا تھا۔ اور یہ وہی پارلیمنٹ ہے جس کا مینڈیٹ چھین کر یہاں غیر نمائندہ حکومتیں بنتی رہی ہیں اور سیاسی انجینئرنگ ہوتی رہی ہے۔وہاں تو ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی صاحب کے پر جلتے ہیں، وہاں کسی قسم کی نہ انکوائری ہوتی ہے نہ کچھ اور۔ اور یہاں اگر صحافی سوال کر لیں تو ان پر پابندی لگائی جاتی ہے۔ آپ اگر پابندی لگانی ہے تو کرنل لیاقت پر لگائیں جو پارلیمنٹ کو چلاتے رہے ہیں۔‘‘

پارلیمنٹ کی رپورٹنگ کرنے والے سینئر صحافی اعزاز سید نے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ اپنے اقدامات سے ان سوالات کو تقویت دے رہی ہے جو اس کی قانونی حیثیت پر اٹھائے گئے ہیں۔ کہ واقعی یہ جائز پارلیمنٹ نہیں ہے، کیونکہ یہ پارلیمنٹ آزادیٔ اظہار پر یقین ہی نہیں رکھتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پابندی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، کیونکہ پارلیمنٹ اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ’’پارلیمنٹ میں میڈیا کے لوگ ویڈیو بھی بنائیں گے، فلم بھی بنائیں گے، آڈیو بھی ریکارڈ کریں گے۔ اس پابندی کا مقصد بنیادی طور پر یہ بتانا ہے کہ یہ باہر سے تو پارلیمنٹ ہے، لیکن اندر سے آمریت ہے۔‘‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here