١١ نومبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک اور المناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص نے اپنے گھریلو مسائل سے تنگ آ کر اپنی بیوی اور ساس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ اتوار کے روز تھانہ ناصر آباد کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سلمان نامی شخص اور اس کی بیوی اقراء لطیف کے درمیان گھریلو مسائل چل رہے تھے، جس کے نتیجے میں اقراء اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی۔
سلمان نے اتوار کے روز اپنی بیوی کو واپس لانے کے لیے سسرال کا رخ کیا، تاہم بات چیت کے دوران معاملات بگڑ گئے اور سلمان نے طیش میں آ کر پستول نکال لیا اور دونوں کو گولی مار دی۔ اقراء موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ اس کی ساس اسپتال میں دم توڑ گئی۔
اس واقعے نے ایک بار پھر گھریلو تشدد کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے، جو ملک بھر میں خواتین کے لیے ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہوتی ہیں، جن میں جسمانی، نفسیاتی، جنسی اور جذباتی تشدد شامل ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں اس مسئلے میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اور حالیہ رپورٹوں کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں گھریلو تشدد کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی 2021 کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کی ہر تیسری خاتون نے اپنی زندگی میں کسی نہ کسی نوعیت کا تشدد برداشت کیا ہے، اور اس مسئلے کے حل کے لیے قانونی اور سماجی اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف وفاقی اور صوبائی قوانین بنائے گئے ہیں، جن کا مقصد خواتین کو مختلف قسم کے تشدد، ہراسانی، کم عمری کی شادی، جائیداد کے حقوق کی خلاف ورزی، اور دیگر امتیازی سلوک سے بچانا ہے۔
ان قوانین میں انسداد ریپ ایکٹ 2021 شامل ہے، جس کے ذریعے جنسی زیادتی کے کیسز میں تفتیش اور مقدمے کی کارروائی کو تیز تر کرنے کے لیے ایک مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح جرائم کے قانون میں ترمیمی ایکٹ 2021 خواتین کے خلاف مختلف جرائم کو روکنے کے لیے کئی ترامیم لائی گئی ہیں۔
جبکہ زینب الرٹ، ریکوری اور رسپانس ایکٹ 2020 بچوں کے اغواء اور جنسی زیادتی کے واقعات میں فوری ردعمل کے لیے بنایا گیا ہے۔دیگر قوانین میں خواتین کی جائیداد کے حقوق کا نفاذ ایکٹ 2020 اور خواتین کو ہراسانی سے تحفظ ایکٹ 2010 شامل ہیں، جن کے ذریعے خواتین کو جائیداد میں ان کے قانونی حقوق دلانے اور کام کی جگہوں پر ہراسانی سے بچانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اسی طرح، پنجاب خواتین کے تحفظ ایکٹ 2016 کے ذریعے گھریلو تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو قانونی مدد فراہم کی گئی ہے۔ اگر بات کی جائے دیگر صوبوں کی تو سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی ایسے قوانین موجود ہیں جو خواتین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں، جیسے سندھ گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ، 2013 اور خیبرپختونخوا خواتین کے خلاف گھریلو تشدد ایکٹ، 2021 جس میں گھریلو تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ فراہم کو یقینی بنانا شامل ہے۔ جبکہ بلوچستان گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ، 2014 اور بلوچستان خواتین کو ہراسانی سے تحفظ ایکٹ، 2014: خواتین کے قانون موجود ہیں۔
اگرچہ پاکستان میں گھریلو تشدد کے خلاف قانون موجود ہے، جیسے کہ 2020 میں منظور ہونے والا گھریلو تشدد (تحفظ اور معاونت) ایکٹ، لیکن اس کے نفاذ میں کامیابی نہیں آئی ہے۔ حکومت اور سول سوسائٹی کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے باوجود، ابھی تک اس مسئلے کا حل نہیں نکل سکا۔
28 اگست 2024 کو سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس کے دوران پنجاب میں 2023 میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کے ہزاروں کیسز کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور وزارت انسانی حقوق کے تحت خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے لیے ایک قومی اپ ڈیٹڈ ڈیٹا بیس بنانے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔
کمیٹی نے پنجاب پولیس کی فراہم کردہ دستاویزات کی بنیاد پر بتایا تھا کہ 2023 میں پنجاب میں خواتین کے خلاف 10,201 کیسز درج ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی سزا کی شرح صرف 2 سے 5 فیصد رہی۔
راولپنڈی میں پیش آنے والے دلخراش واقعے نے ایک بار پھر اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ حکومت کو گھریلو تشدد کے شکار افراد کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے اور متاثرین کو انصاف اور معاونت فراہم کی جا سکے۔