١٣ نومبر ٢٠٢٤
تحریر : عصمت الله نیازی
چھبیسویں ترمیم کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ مطلوبہ مقاصد جو اس ترمیم سے حاصل نہ ہو سکے وہ 27ویں ترمیم لا کر حاصل کر لئے جائیں گے لیکن نئی ترمیم لانے کے بجائے اور دوتہائی اکثریت کے لئے جوڑ توڑ اور بھاگ دوڑ کے بجائے اور میڈیا اور سول سوسائیٹی کے بر وقت شور شرابے اور تنقید کی وجہ سے حکومت وقت نے ایک ہی دن میں بلکہ صرف 30 منٹ سے بھی کم وقت میں چار قوانین کو منظور کرا لیا۔ ان میں آرمی نیوی اور فضائیہ کے سربراہان کی مدت ملازمت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی اور ساتھ ہی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2024 میں مزید ترمیم کر کے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد اکثریتی ووٹ کے زریعہ 17 سے بڑھا کر 34 کر دی گئی ۔ جو کہ تقریباً 1رب چالیس کروڑ آبادی والے ملک انڈیا کے برابر ہو گئے ہیں۔
ابھی ان ترامیم پر بحث تنقید اور تعریف جاری تھی کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 میں ترمیم کا بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا جو متعلقہ کمیٹی کے حوالے ہے۔ لگتا یہ ہے کہ اس کی منظوری میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی کیوں کہ جس طرح 26ویں ترمیم یا سروسز چیف کی مدت ملازمت تین سے پانچ سال کرنے میں یا ججوں کی تعداد بڑھانے میں پی ٹی آئی اور دوسری اپوزیشن پارٹیوں نے سہولت کاری کی وہ اس بل کی منظوری میں بھی نہ صرف ہوگی بلکہ سیاسی پارٹیاں اسی تنخواہ پر کام کرتے رہیں گی۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ میں مجوزہ ترمیم میں جو اہم ترین، بلکہ خطرناک ترین شقیں ڈالی گئی ہیں ان میں یہ کہ فوج یا سول سیکورٹی ادارے کسی بھی شخص کو تین ماہ تک بغیر کسی مقدمے کے اپنی تحویل میں لے سکیں گی، نہ صرف یہ کہ قانون کے تحت اس شخص کا قصور ہو یا نہ ہو مزید تین ماہ تک تحویل میں رکھا جا سکے گا یعنی چھ ماہ تک کوئی بھی شخص صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں رہ سکے گا۔ اسی طرح مجوزہ بل کے تحت ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر شکایات کی انکوائری کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی جائے گی، جے آئی ٹی میں پولیس کے سپرٹنڈنٹ رینک، انٹیلیجنس ایجنسیز، سول آرمڈ فورسز، آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے افسران شامل ہوں گے، یہ قانون 2 سال تک نافذ العمل رہے گا۔
بل کے بیان کردہ اغراض و مقاصد کے مطابق حکومت اور مجاز مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کو دہشت گردی سے متعلقہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبے میں افراد کی “احتیاطی گرفتاری” کا اختیار ہو گا ۔اس شق کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے مرتب کیا گیا تھا تاکہ وہ مشتبہ افراد کو تین ماہ کے لیے حراست میں لیا جا سکے اور مکمل پوچھ گچھ کی جا سکے تاکہ دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کی روک تھام ہو سکے۔ تاہم یہ ترمیم سن سیٹ (Sunset) یعنی مخصوص مدت کی شق کے ساتھ مشروط تھی جو 2014 سے شروع ہو کر 2016 میں ختم ہو گئی تھی اسے دوبار لایا جا رہا ہے جو معلومات یا معقول شبے کی بنیاد پر مشتبہ افراد کو زیر حراست رکھنے کی اجازت دے گی، اس طرح دہشت گردی کی کارروائیوں پر عمل کرنے سے پہلے روکا جا سکے گا۔واضح رہے کہ اس دور میں بھی نون لیگ کی ہی حکومت تھی.
اب سوال یہ ہے کہ کای ماضی میں کئی مرتبہ آرمی سمیت سیکورٹی فورسز کو خصوصی قوانین بنا کر بے پناہ اختیارات دئیے گئے تاکہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے ، خاص کر 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سزا دی جا سکے۔تو کیا وہ دہشت گرد گرفتار ہوئے اور اگر گرفتار ہوئے بھی تو انہیں سزا ملی ؟
جواب یقینا نہ میں ملتا ہے ، کیوں کہ اے پی ایس پشاور میں 147 طلبہ کے بیہمانہ قتل میں ملوث تحریک طالبان کا ترجمان احسان الله احسان جو نہ صرف گرفتار ہوا بلکہ ایجنسیوں کی تحویل میں تین سال تک رہا، اور انکی ہی تحویل سے خاموشی سے 2020 میں فرار ہو کر مبینہ طور پر ترکی منتقل ہو گیا جہاں سے اس نے آڈیو بیان جاری کیا کہ وہ کس طرح پشاور سے فرار ہوا. احسان الله احسان جس نے آئی ایس پی آر کے جاری کئے گئے ویڈیو بیان میں نہ صرف اے پی ایس پشاور پر حملے میں ملوث ہونے کی اعتراف کیا، بلکہ ملاله یوسفزئی پر بھی حملے میں ملوث ہونے اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لئے بھی کام کرنے کا اعتراف کیا.
انسداد دہشت گردی ایکٹ عسکریت پسندی اور انتہا پسندی پر قابو پانے کے لیے 1997 میں نافذ کیا گیا تھا، جس کے تحت ’دہشت گردی‘ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات چلائے جاتے ہیں۔ اس وقت (ن) لیگ ہی کی حکومت تھی اور آج جب دوبارہ ایسا ہی قانون لایا جا رہا ہے (ن) لیگ ہی حکومت میں ہے۔
اسلام آباد میں سینٹر فار گورننس ریسرچ (سی جی آر) نامی تھینک ٹینک کے تحقیقی مقالے کے مطابق اس قانون کو عسکریت پسندی اور انتہا پسندی پر قابو پانے کے علاوہ سیاسی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔ سندھ میں بطور انسپکٹر جنرل پولیس خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر سید کلیم امام کے اس مقالے میں انکا دعوی ہے کہ قانون کے تحت انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے اور اس کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ مقالے میں یہ بھی کہا گیا کہ انسداد دہشت گردی کے قوانین کو معمولی جرائم اور سیاسی بنیادوں پر بنے مقدمات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جن میں انسانی حقوق کے خلاف ورزیاں بھی سرزد ہوتی ہیں۔
اینڈیپنڈنٹ اردو میں شائع ہو نے والے اعداد شمار کے مطابق اے ٹی اے کے تحت 1997 سے 2019 کے دوران 38 ہزار 800 مقدمات درج کیے گئے اور ایک لاکھ 87 سے زیادہ گرفتاریاں کی گئیں۔ تاہم اس دوران صرف نو ہزار 550 افراد کو سزائیں ہو سکیں (اس میں بھی زیادہ بعد میں ختم کر دی گئیں)، جب کہ 28 ہزار سے زیادہ ملزمان باعزت بری ہوئے۔
اب سوال ہے کہ ایسے قوانین کے ہوتے ہوئے نہ دہشت گردی کم ہوئی اور نہ اسکا سیاسی استعمال بند ہوا تو کیا اب نئی مجوزہ ترمیم کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لئے تو استعمال نہ ہو گا؟ کیونکہ یہ تاثر عام ہے کہ اس قانون کے تحت نو مئی کے واقعات میں گرفتار پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سمیت دوسرے پی ٹی آئی رہنما اور کارکن بھی فوجی عدالتوں میں پیش کے جائیں گے کیوں کہ اب تک عام عدالتوں سے سزا کی بجائے اُنکی یا تو ضمانتیں منظور ہو رہی ہیں یا پھر مقدمات التوا کا شکار ہیں-
اسکے علاوہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک کی مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پشتونوں اور بلوچوں کے بچے بھی اس نئے قانون کا شکار ہو سکتے ہیں۔
یہاں پھر سوال پیدا ہوتا ہے جب ماضی میں قوانین سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکے تو کیا اب اے ٹی ایس جسے متنازعہ قوانین کا موثر استعمال ہوگا اور ملزموں کو قرار واقعی سزا مل پائےگی؟
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مجوزہ ترمیم پر تبصرہ کرتے ہوے کہا ہے آئین کے آرٹیکل 8 کو ہم نے ایجنڈے سے نکلوا دیا تھا تو پھر سے یہ قانون کیوں لایا جا رہا ہے جس کے مطابق فوج کو اختیار ہوگا کہ وہ شک کی بنیاد پر کسی کو بھی 3 ماہ کے لیے حراست میں لے سکتی ہے۔ آرٹیکل 8 جو بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے اس پر ہی پارلیمان سمجھوتہ کر لے تو بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کا کیا حشر ہونے والا ہے۔
پاکستان کے عدالتی نظام اور کرمنل لا میں ایسی کیا خرابی یا کمی ہے کہ بغیر عوامی تشہیر اور بحث مباحثوں کے جلد بازی میں نت نئے قوانین منظور کرا کر دنیا میں ہم اپنا مذاق خود بن رہے ہیں. اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اانسداد دہشت گردی ایکٹ میں نئی ترامیم اور سیکورٹی فورسز کو بے لگام بے انتہا اختیارات دینے سے نہ صرف جبری گمشدگیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ یہ قوانین ماضی کی طرح مخالفین کو دبانے کے لئے بھی استعمال ہونگے.
انٹر نیشنل کمیشن آف جیورسٹس (آئی سی جے) نے نہ صرف حالیہ 26ویں ترمیم کو عدلیہ کی آزادی کے لئے بدترین جھٹکا قرار دیا بلکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کی طرف سے پاکستان میں میں جبری گمشدہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا بھی خیر مقدم کیا۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سمیت مختلف عالمی اور قومی ادارے جبری گمشدہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور انکی بازیابی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جبری گمشدگی کے 100078 کیس پیش ہوئے جن میں سے 3,485 کا تعلق خیبر پختون خواہ اور 2752 کا تعلق بلوچستان سے ہے یعنی یہ دونوں صوبے جبری گمشدگی کے واقعات سے بری طرح متاثر ہیں۔
جس ملک کا عدالتی نظام اس قدر کمزور ہو کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزم دندناتے پھریں اور معصوم جیلوں میں سالہا سال بغیر انصاف کے سڑتے رہیں تو ایسے میں عجلت میں بنے کمزور قوانین لانا انصاف کے نظام کو مکمل تباہ کرنے کے مترادف ہے-