٢٢ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کی جانب سے وی پی این کے استعمال پر پابندی کے خلاف شہری مبشر قیوم کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل وزارت داخلہ کے اس فیصلے سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پابندی کے بعد وی پی این کا استعمال ضروری ہوگیا تھا۔ انہوں نے وزارت داخلہ کے 15 نومبر کے نوٹیفکیشن کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ حالیہ چند دنوں میں پاکستان میں متعدد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز میں دشواری کے ساتھ وی پی این تک محدود رسائی کی شکایات سامنے آئیں تھیں، جس پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے وی پی این کے استعمال میں تعطل آیا تھا۔

جبکہ بعد میں کہا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ پر دستیاب مفت ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورکس (وی پی این ) سروسزختم کرتے ہوئے صارفین کے لیے ’وی پی این ‘ کے استعمال کے لیے رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ وی پی این کے مثبت استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم حکومت غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق، کاروباری ادارے اور فری لانسرز رجسٹریشن کے ذریعے قانونی طور پر وی پی این استعمال کرسکتے ہیں، لیکن 30 نومبر کے بعد غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بلاک کر دیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شدت پسندوں اور دیگر مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جو اپنی شناخت چھپانے اور ریاست مخالف پروپیگنڈا یا غیر قانونی مواد پھیلانے کے لیے وی پی این استعمال کرتے ہیں۔

ڈیجیٹل حقوق کے کارکنان ان اقدامات کو حکومتی ڈیجیٹل قدغنوں کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فروری میں ایکس پر پابندی کے بعد ملک میں وی پی این کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا، اور یہ پابندی لوگوں کو آزادانہ انٹرنیٹ رسائی سے مزید محروم کرے گی۔

جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ سید نے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور وی پی این سروسز کی بندش پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات کے لیے وجودی خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف مالی نقصان بلکہ خدمات کی معطلی اور بین الاقوامی سطح پر ساکھ کے نقصان کا باعث بنیں گے۔ مالی سال 2024 میں آئی ٹی برآمدات 3.2 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو مستقبل میں $15 ارب تک بڑھ سکتی ہیں بشرطیکہ سازگار پالیسیاں جاری رہیں۔

سجاد مصطفیٰ کے مطابق وی پی این کی بندش سے پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں اور فری لانسرز عالمی معیار کے کلائنٹس، بشمول Fortune 500، سے محروم ہو جائیں گے، کیونکہ ڈیٹا پروٹیکشن اور سائبر سکیورٹی بین الاقوامی معیار کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ پابندیاں برآمدات، روزگار اور ہنر کی ترقی پر منفی اثر ڈالیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here