۲۲ نومبر ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور 

لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں بدھ 20 نومبر کو شادی کے تنازع پر حسن شجاعت نامی شخص نے خاتون کو مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دو دن زیر علاج رہنے کے بعد آج دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون ش نے بیان میں بتایا تھا کہ ملزم حسن شجاعت، پہلے سے شادی شدہ تھا اور ملزم نے متاثرہ لڑکی کو کہا کہ وہ اپنے خاوند کو طلاق دے وہ اس سے نکاح کر لے گا۔ نکاح کا جھانسہ دے کر ملزم نے اسے اپنے گھر میں چھ دن تک رکھا۔ اس دوران ملزم نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی ۔ جب خاتون نے ملزم سے وعدے کے مطابق نکاح کرنے کا کہا تو اس نے انکار کر دیا۔ ملزم نے غصے میں آکر خاتون پر تشدد کیا اور پھر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون اور ملزم ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے، اور دونوں کے درمیان نکاح کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کی گئی ۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون ش کو ملزم حسن شجاعت نے اپنے گھر پرچھ دن یہ کہہ کر رکھا ہوا تھا کہ وہ اپنے خاوند سے طلاق لے وہ اس سے شادی کر لے گا ۔ لیکن بدھ ۲۰ نومبر کو خاتون نے جب ملزم کو شادی کا کہا تو اس نے انکار کر دیا اور یہ کہہ کر تشدد شروع کر دیا کہ تمہاری وجہ سے میری بیوی سے روز لڑائی جھگڑا ہوتا ہے اور طیش میں آکر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ۔

پولیس نے واقعے کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں ملزم پر جنسی زیادتی کی دفعہ 376، شدید جسمانی نقصان کی دفعہ 336-B، اور قتل کی کوشش کی دفعہ 324 لگائی گئی۔ متاثرہ خاتون کے انتقال کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم خود بھی اس واقعے میں 20 فیصد جھلس گیا ہے اور اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ علاج مکمل ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا اور مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور تمام شواہد کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here