۲٨ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ : رانا ملہی


اسلام آباد

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے صحافی مطیع اللہ جان کو دو دن کی جسمانی تحویل پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں انہیں تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کے تحت پیش کیا گیا۔ سرکاری مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق، مطیع اللہ جان پر الزام ہے کہ انہوں نے تیز رفتار گاڑی کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ مزید برآں، ان کی گاڑی سے نشہ آور مواد ’آئس‘ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گزشتہ رات مطیع اللہ جان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پربتایا کہ ان کے والد کو پمز اسپتال کی کار پارکنگ سے “نامعلوم افراد” نے “اغوا” کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ صحافی ثاقب بشیر کو بھی اغوا کیا گیا تھا لیکن انکو بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ خاندان والوں کو معلوم ہوا کہ انہیں مقدمہ میں گرفتار کرکے مارگلہ تھانے میں رکھا گیا ہے۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی، جس میں استغاثہ اور صفائی کے وکلا کے درمیان گرما گرم دلائل دیے گئے۔ پراسیکیوٹر راجا نوید نے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے۔ جج نے سوال کیا کہ “مطیع اللہ جان سے کیا برآمد کرنا ہے؟” جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔ پراسیکیوٹر نے دعویٰ کیا کہ تفتیش کے لیے مزید وقت درکار ہے، تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ نشہ آور مواد ان کے پاس کیسے آیا۔

صفائی کے وکیل فیصل چوہدری، ایمان مزاری، اور ہادی علی نے ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ “مطیع اللہ جان کو سگریٹ پیتے بھی کبھی نہیں دیکھا گیا، وہ ایک نڈر اور حق گو صحافی ہیں۔” ایمان مزاری نے دعویٰ کیا کہ استغاثہ نے کہانی گڑھ لی ہے، جبکہ ہادی علی نے مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا، “کیا کسی صحافی کے نڈر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ جرم نہیں کر سکتا؟” انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ ذاتی تعلقات یا معلومات کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے مطیع اللہ جان کے دو دن کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی اور انہیں اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔

ایف آئی آر کے مطابق، مطیع اللہ جان کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو وہ نشے کی حالت میں تھے اور ان کی گاڑی کی سیٹ کے نیچے سے آئس برآمد ہوئی۔ مقدمے میں دہشتگردی اور سنگین نتائج کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

عدالت میں موجود صحافی ثاقب بشیر نے عدالت میں بیان دیا کہ “مطیع اللہ جان جیسے نڈر صحافیوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔” انہوں نے انسدادِ دہشتگردی عدالت کو صحافیوں کے بجائے دہشتگردوں کے لیے مخصوص قرار دیا۔انسدادِ دہشتگردی عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے مطیع اللہ جان کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

صحافیوں اور وکلا نے اس اقدام کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے مطیع اللہ جان کے “اغوا کی رپورٹس” پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکی گرفتاری سابق وزیر اعظم عمران خان کے حامیوں کے احتجاج کی کوریج کے سبب ہوئی ہے۔سی پی جے نے مطیع اللہ جان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی مطیع اللہ جان کی “فوری اور غیر مشروط رہائی” کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیشن کا کہنا تھا اسلام آباد میں حالیہ پی ٹی آئی مظاہروں کی کوریج کے بعد انہیں مبینہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here