تحریر: عصمت اللہ نیازی


لاہور

مطیع اللہ جان ایک بار پھر اغوا کر کے جیل کی. سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا، اسے ایک بار پھر صحافت کا پیشہ اصولوں کے مطابق اختیار کرنے کی سزا میں پابند سلاسل کر دیا گیا۔ 2020 میں اسے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر سوال اُٹھانے اور ثاقب نثار کے ماتحت اعلی عدلیہ پر سوال کرنے پر لاپتہ کیا گیا اور آج اس کھوج میں لگنے پر کہ تحریک انصاف کے 26 نومبر کے دھرنے پر رات کے اندھیرے میں فائرنگ میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ دو دن حوالات میں رکھنے اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالتوں میں پیش کرکے آخر اسلام آباد ہائی کورٹ نے مطیع اللہ کو کو ضمانت پر رہا کر تو دیا لیکن کیا حکومت وہ سیاہ داغ مٹا سکے گی جو اس گرفتاری سے لگے؟

پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کی طرف سے ڈی چوک پر ورکروں کی طرف سے ہلاکتوں کے متضاد دعوے ہیں جن میں 275 سے لیکر 8 تک کی تعداد شامل ہے . جبکہ حکومت نے ان تمام دعووں کی سختی سے تردید کرتی ہے کہ کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا . عموما ایسے واقعات کی صورت میں اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا ترجمان میڈیا بریفنگ میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد اور اصل صورتحال سے اگاہ کرتا رہتا ہے ، لیکن 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے نہ تو حکومت نے کوئی واضع صورتحال سے میڈیا کو اگاہ کیا اور نہ ہی ہسپتال کے ذرائع نے۔

میڈیا کو اصل صورتحال سے دور رکھنے کی وجہ سے ملک نہ صرف بدترین قیاس آرائیوں کی زد میں رہا بلکہ فیک نیوز کے پھیلاؤ کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ جسکا معاشرے کو تو نقصان ہے ہی لیکن حکومت اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچا ہے . عوام تک اصل صورتحال پہنچانا کسی بھی جمہوری ملک میں میڈیا کی اہم ترین ذمہ داری ہے ، تاہم پاکستان جیسے ملکوں میں میڈیا آج بھی اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کی جدوجہد میں ہے۔ پیکا 2016 ، پیمرا آرڈیننس 2002اور دوسرے کالے قوانین تو تھے ہی، لیکن اب تو آزاد صحافیوں پر منشیات رکھنے اور انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی لگا کر انہیں جھوٹے الزامات میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیے جاتا ہے۔

مطیع اللہ جان اور چند دوسرے صحافی وہ نام ہیں جو سچ کی کھوج میں کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ کیوں کہ یہ ابھی تک صحافت کے اُن اصولوں کو اپنائے ہوے ہیں جو بڑی حد تک متروک ہو چکے ہیں . مطیع اللہ جان نہ صرف ایک نجی ٹی چینل پر اینکر ہیں اور حالات حاضرہ پر پرگرام کی میزبانی کرتے ہیں بلکہ ایک معروف یو ٹیوب چینل ایم جے ٹی وی بھی چلاتے ہیں جو ایک مخصوص حلقے میں مقبول چینل ہے، جمعرات کو اپنے ایک دوسرے ساتھ صحافی ثاقب بشیر کے ہمراہ اس کھوج میں پمز ہسپتال کی طرف نکل پڑے کہ ہسپتال کا ریکارڈ دیکھ اور ہسپتال کے ذرائع سے تفتیش کر کے پتا لگایا جا سکے کہ ڈی چوک پر فائرنگ کی نتیجے میں پی ٹی آئی کے ورکروں کی کُل کتنی ہلاکتیں ہوئیں۔ یہ ابھی تک نہیں معلوم ہوسکا کہ ان دونوں صحافیوں کو اپنے مقصد میں کتنی کامیابی ہوئی لیکن ہسپتال کی عمارت سے باہر نکلتے ہی بقول ثاقب بشیر کے کالی وردی والی فورس کے اہلکار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں اغوا کر لیا تاہم ساقب بشیر کو تو چند گھنٹوں بعد ہی رہا کر دیا گیا لیکن مطیع اللہ جان کو کئی گھنٹوں تک حبس بیجا میں رکھنے کے بعد مارگلہ تھانے میں ایک مضحکہ خیز ایف ائی آر کے ذریعہ گرفتا کر لیا گیا، جس میں آئس نامی منشیات اور بھاری اسلحہ رکھنے اور نشے کی حالت میں پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا کر زخمی کرنے کا الزام لگا . انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جھوٹے مقدمے میں مطیع اللہ کو تین دن کے لئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا لیکن اسی دن اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمانڈ معطل کرکے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا .

مطیع اللہ جان کے ساتھ میرا واسطہ اور تعلق 1999 سے ہے, جب اس نے رپورٹر کی حیثیت سے پاکستان ٹیلی ویژن جوائن کیا اور ہم کئی سال تک ایک ساتھ رپورٹنگ کرتے رہے۔ کئی ٹریننگز میں ساتھ رہے۔ میں حلفیہ کہہ سکتا ہوں ، اسکے طرز صحافت سے مجھے بھی اختلاف رہا ہے، لیکن کسی بھی ناپسندیدہ شوق جس میں کسی بھی قسم کا نشہ ہو یا کوئی قابل اعتراض دوسرا مشغلہ وہ کبھی اس میں نہیں دیکھا، یہاں تک کہ کبھی سگریٹ نوشی جو صحافت کے پیشے سے وابستہ صحافیوں میں عام ہے، اسکا بھی اسے کبھی استعمال کرتے نہیں دیکھا.

نہ صرف مطع اللہ گرفتار ہے بلکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک اور صحافی شاکر محمود اعوان بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کے شرکاء پر ڈی چوک پر ہلاکتوں کے حوالے سے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر کرنے کے بعد سے تاحال لاپتہ ہیں، جنھیں لاہور ہائی کورٹ نے پیر تک عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے . سوال کرنا صحافی کا حق ہے سچ تلاش کرنا صحافی کا فرض ہے لیکن اپنی مرضی کا جواب لینے کے لئے اڑ جانا فرض سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے جو مطیع اللہ جان کے طرز صحافت میں حاوی نظر آتا ہے۔

مطیع اللہ جان کے لاپتہ ہوتے ہی انکی رہائی کے لئے ملکی اور غیر ملکی صحافتی تنظیموں اور یورپی یونین نے نہ صرف مذمت کی بلکہ حکومت سے انکی فوری بازیابی اور رہائی کا مطالبہ کیا .

یورپی یونین کی پاکستان کی سفیر رینا کیونکا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر ) پر اپنی پوسٹ میں شہری اور سیاسی حقوق کے بارے میں بین القوامی معاہدے کے آرٹیکل 19 کا حوالہ دیتے ہوے لکھا کہ ” کسی بھی ذریعہ ابلاغ کے سے معلومات اور خیالات کی تلاش، وصول اور اشتراک کرنے کا حق” بتایا جائے کہ مطیع اللہ جان کہاں ہے ؟

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں ہوں یا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، یا پھر وکلا کی تنظیمیں، سب نے صحافیوں کی گمشدگی اور مضحکہ خیز الزامات کی ایف آئی آر کے ذریعہ گرفتاریاں سب نے فوری طور پر مذمت کی اور حکومت سے انکی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پاکستان میں میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار رائے کے حوالے سے مطیع اللہ جان اور شاکر محمود اعوان کے ساتھ ریاستی سلوک سے کئی سوال پیدا ہوے کہ اگر 26 نومبر کو ڈی چوک ہر ہلاکتیں نہیں ہوئیں تو صحافیوں کو ہسپتالوں کے ریکارڈ تک رسائی کیوں نہیں دی جا رہے ؟ اور پھر ان صحافیوں کی گمشدگیاں اور ان کی ایسے الزامات پر گرفتاریاں جن پر خود حکومتی پارٹی کے سینیر لیڈر شپ شرمندگی کے ساتھ نالاں ہیں اور مطیع اللہ جان کے ساتھ کیوں کھڑے نظر آتے ہیں ؟ ہسپتالوں کے سینیر اہلکاروں اور ترجمان کو میڈیا سے بات کرنے پر کیوں پابندی ہے ؟ اور کیا اس صورتحال کی وجہ سے عوام میں قیاس آرائیاں جنم نہیں لے رہیں اور فیک نیوز پروان نہیں چڑھ رہی؟ وہ کونسا خوف ہے جسکی وجہ سے حکومت اور ادارے میڈیا پر بد ترین پابندیاں لگا رہے ہیں؟ اگر حکومت خود اصل صورتحال سے میڈیا کو آگاہ رکھتی تو قیاس آرائیوں اور فیک نیوز کو اس قدر جگہ نہ ملتی جو آج ملی۔ گزشتہ پانچ سال سے عمران خان کی حکومت کے دور سے میڈیا کی آذادی کی جو صورتحال ہے وہ شاید اس سے پہلی کبھی نہیں دیکھی گئی بلکہ میں تو یہاں تک کہوں گا کہ گزشتہ دو سال میں بہتری کے بجائے میڈیا کی آزادی اور آذادی اظہار رائے پر پابندیوں میں بد ترین اضافہ ہوا ہے۔

مئی 2024 کی آر ایس ایف (رپورٹرز بیانڈ بارڈرز) کے جاری کردہ میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کو مزید دو پوائنٹس نیچے کر دیا گیا اور 150 سے 152 پر آگیا کیوں کہ چاہے اخبارات ہوں یا ٹی وی چینلز یہاں تک ڈیجیٹل نیوز پورٹل اور سو شل میڈیا بھی بدترین پابندیوں اور قدغنوں کا شکار ہیں، صحافی دھمکیوں حملوں اور پریس ایڈوائس کی وجہ سے آذادی کے ساتھ کام کرنے سے قاصر ہیں اور مالکان اپنے مالی مفادات کو اولیت دیتے ہیں. سو شل میڈیا پر تنقید کو روکنے کے لئے اربوں روہے خرچ کر کے فائر وال لگائی گئی جس کی وجہ سے ملک میں انٹرنیٹ کی سپیڈ خطرناک حد تک کم کر دی جاتی ہے بلکہ کئی موقعوں پر تو انٹرنیٹ کی فراہمی کو معطل کر دیا جاتا ہے، جس سے آن لائن کام کرنے والوں، فری لانسرز اور تاجروں کو کاروباری معاملات میں اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ آر ایس ایف کی رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت ہی نہیں بلکہ بقول عائشہ صدیقہ ہائبرڈ مارشل لاء ہے۔ بس یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہم بھارت سے بہتر پوزیشن پر ہیں کیوں کہ وہ میڈیا اور آذادی اظہار رائے کے عالمی انڈیکس پر 159ویں نمبر پر ہے. ورنہ صومالیہ بھی ہم سے اس حوالے سے بہت بہتر پوزیشن پر ہے.

صحافت کے لئے پاکستان پہلے ہی انتہائی خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔ ماضی میں کئی صحافیوں کو لاپتہ کیا گیا بلکہ بہت سوں کی تو لاش بھی نہ ملی اور اگر ملی تو مسخ شدہ ملی .

مدثر نارو جو 2018 سے لاپتہ ہیں، جنکے بارے میں اعلی عدلیہ کے احکامات بھی کارگر ثابت نہ ہوے اور عمران خان سے لیکر شہباز شریف تک اپنی وزارت اعظمیٰ کے دوران یہ پتا نہ لگوا سکے کہ مدثر نارو زندہ بھی ہے یا مار دیا گیا. اس دوران یعنی گزشتہ 6 سال سے مدثر نارو کا کم سن بیٹا باپ کے انتظار میں ماں بھی کھو بیٹھا۔ وہ باپ کی تلاش میں اپنی ضعیف دادی کی گود میں عدالتوں میں مارا مارا پھرتا نظر اتا ہے .

صحافیوں کے تحفظ کے لئے 2021 میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل منظور ہوا ، جس کے تحت صحافیوں کو اپنی معلومات کے ذرائع ظاہر نہ کرنے سے متعلق استثنیٰ حاصل ہے اور آئین کے تحت صحافیوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔

بل کے مطابق حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ دہشتگردی یا قومی سلامتی سے متعلق موجودہ یا مستقبل کا کوئی بھی قانون صحافیوں کے کام میں دشواری پیدا کرنے کے لیے اور ان کو خاموش کروانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ لیکن کیا پاکستان میں ان قوانین پر عمل ہو رہا ہے ؟ مطیع اللہ جان کی گرفتاری، شاکر محمود اعوان اور مدثر نارو کی مسلسل گمشدگی اس بات کی گواہ ہے کہ یہاں قوانین صرف کاغذ کا ٹکرا ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here