۳ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : رانا مالہی


اسلام آباد

منگل کے روز سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتہ افراد کیس میں وزارت داخلہ، اٹارنی جنرل، اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر لی ہیں۔جسٹس مندوخیل نے دورانِ سماعت کہا کہ واپس آنے والے لاپتہ افراد کچھ بتانے کے بجائے یہ کہتے ہیں کہ وہ شمالی علاقہ جات میں آرام کے لیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے اور تجویز دی کہ عام یا مشترکہ اجلاس بلا کر معاملہ حل کیا جائے۔

ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملک ایک ڈیپ اسٹیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے اور لاپتہ افراد کے حوالے سے 26ویں آئینی ترمیم کی طرز پر حل تلاش کیا جائے۔ جس پر جسٹس مندوخیل نے انہیں سیاسی گفتگو سے منع کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں سیاست نہ کریں اور کہا کہ 26ویں ترمیم کا معاملہ وقت آنے پر دیکھا جائے گا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر بلوچستان ہے، اور لوگوں کے پیارے کئی سالوں سے لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کیسز ایسے ہیں جن میں بچوں کو بھی اٹھا لیا گیا ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کھوسہ سے کہا کہ آپ کی اپنی جماعت کے لوگ بھی لاپتہ ہوئے ہیں، جس پر انہوں نے اس بات کی تصدیق کی۔ جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ واپس آنے والے لاپتہ افراد کو عدالتی فورم پر پیش ہو کر بیان دینا چاہیے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ ریاستی اہلکار عدالتی احکامات کی نافرمانی کر رہے ہیں اور اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کے باوجود 350 افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا گزشتہ سماعت کا آرڈر بھی غائب ہو چکا ہے۔

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی اہم ہے اور اس کا حل پارلیمنٹ کو نکالنا ہوگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین کو مزید ہدایات کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل جاوید اقبال وینس نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ نے لاپتہ افراد کے معاملے پر ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی، اور حکومت اس مسئلے کا حتمی حل نکالنے کی خواہاں ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن رضوی نے لاپتہ افراد کمیشن سے سوال کیا کہ کیا ان کے پاس اس بات کا کوئی ریکارڈ ہے کہ کس ادارے نے لوگوں کو لاپتہ کیا، اور جو افراد بازیاب ہو چکے ہیں، کیا انہوں نے یہ بتایا کہ انہیں کون اٹھا کر لے گیا تھا۔عدالت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ایک مستقل اور مؤثر حل نکالا جا سکے۔عدالت نے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here