٥ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
وفاقی حکومت نے جعلی خبروں اور دیگر غیر قانونی مواد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون پیکا میں ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے مجوزہ مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس میں غیر قانونی مواد کی 16 اقسام شامل ہیں۔ ان میں جعلی خبریں، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی پر مبنی مواد، اور خوف و ہراس پھیلانے والا مواد شامل ہیں۔
مجوزہ قانون “الیکٹرانک جرائم (ترمیمی) بل 2024” کے نام سے متعارف کیا جائے گا۔ نئے قوانین کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو 5 سال قید یا ایک ملین روپے تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جبکہ اس مسودے میں ڈیجیٹل حقوق تحفظ اتھارٹی کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔ اتھارٹی ایک چیئرمین اور چھ اراکین پر مشتمل ہوگی، جن میں تین اراکین کو وفاقی حکومت تین سال کی مدت کے لیے مقرر کرے گی۔ وزارت اطلاعات، وزارت آئی ٹی، اور پی ٹی اے کے چیئرمین بھی اس کے اراکین ہوں گے۔
ڈی آر پی اے کو غیر قانونی مواد ہٹانے، سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے، اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار ہوگا۔ یہ اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی رجسٹریشن اور ان کے لیے شرائط و ضوابط طے کرے گی۔
اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ایڈوائزر بیریسٹر عقیل ملک کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کا پیکا ایکٹ میں مزید ترمیم کا فیصلہ اہم قدم ہے، جس کا مقصد سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ ہے۔ یہ اقدام ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرے گا۔ تاہم، اس قانون میں شفافیت، عوامی مشاورت اور آزادی اظہارِ رائے کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور اس کا استعمال صرف سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ہوگا۔
صحافی اسد طور کا کہنا ہے کہPECA، پاکستان مسلم لیگ نون نے اپنے دور حکومت میں متعارف کروایا تھا۔ اس وقت بھی صحافیوں نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا اور اس کی مخالفت کی تھی، اور یہ انہی کے خلاف استعمال ہوا۔ اس کے باوجود بھی یہ لوگ باز نہ آئے اور اب اس میں تھوڑی بہت ترامیم کر کے اسے دوبارہ لایا جا رہا ہے تاکہ سیاسی مخالفین کو مزید دبایا جا سکے اور ان پر مزید ظلم و جبر کیا جا سکے۔
سینئر صحافی حامد میر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھتے ہیں کہ “فیک نیوز کے خلاف حکومت کی طرف سے نئی قانون سازی کا اصل مقصد صرف سیاسی مخالفین اور گستاخ صحافیوں کی آواز دبانا ہے تاکہ حکمران جماعت کے ٹائیگرز کسی روک ٹوک کے بغیر سوشل میڈیا پر اپنی گندگی پھیلاتے رہیں۔ یہ کام ٹائیگرز کا نہیں گیدڑوں کا ہے”۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کا اس حوالے سے میڈیا پر کہنا ہے کہ “پیکا ایکٹ میں ترمیمی بل کو عوامی نیشنل پارٹی بالکل بھی سپورٹ نہیں کرے گی۔ ہم نے میڈیا کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ میڈیا پر پابندی اور قابو میں کرنے کے کسی بھی ایکٹ کو ہم سپورٹ نہیں کریں گے”۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ “پیکا ایکٹ میں ترامیم کا مقصد آن لائن جرنلزم کو نشانہ بنانا ہے کیونکہ وہاں پر جو بات ہورہی ہے وہ روایتی میڈیا پر نہیں ہورہی ہے۔ صحافیوں پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیئے جاتے ہیں، یہ جس کو جب چاہتے ہیں اٹھا لیتے ہیں”۔
یاد رہے کہ 2016 میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون پیکا کو ہراسانی اور نفرت انگیز مواد کے خلاف ایک ڈھال کے طور پر پیش کیا تھا۔ تاہم، 2017 کے بعد سے اس قانون کا استعمال سیاسی کارکنوں، صحافیوں، اور دیگر افراد کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔
یہ مسودہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور مزید غور و خوض کے لیے پیش کیا جائے گا۔ جہاں حکومت اسے ایک ضروری اقدام قرار دے رہی ہے، وہیں مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر شدید تحفظات اور مخالفت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔